Inquilab Logo

انفلوئنزا کے بارے میں حکومت کی جانب سے ہدایتیں جاری

Updated: March 18, 2023, 9:40 AM IST | saadat khan | Mumbai

علاقائی کمشنر کی سربراہی میں ہرہفتہ میٹنگ منعقد کرنے، انفلوئنزا کی روک تھا م کیلئے ضروری اقدامات سے متعلق فیصلے اور ان پر عمل کرنے اورعوام میں بیداری لانے کیلئے مہم چلانے کی ہدایت دی

Influenza
انفلوئنزا

 انفلوئنزا کی شکایت میں اضافہ کے پیش نظرریاستی حکومت مستعد ہوگئی ہے۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وزارت صحت ،  میونسپل کمشنراور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران کے ہمراہ اسے پھیلنے سے روکنےکیلئے اہم فیصلے کئے  جس کے تحت ممبئی سمیت ریاست کے سبھی اضلاع کے شعبۂ صحت کے ذمہ داران کو ضروری ہدایتیں دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے انفلوئنزا سے متاثرہونےوالوں کا ترجیحی  طورپر علاج کرنےکے ساتھ اس کیلئے درکار دوائوں کامعقول ذخیرہ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ اس بیمار ی سےمتعلق عوا م میں بیداری لانےکی بھی تلقین کی ہے۔ کووڈ۱۹؍ کی طرح انفلوئنزا سے متاثرہونےوالوںکا سروے کرنے کیلئے کہاہے ۔ ان ہدایتوں کے علاوہ حکومت نے انفلوئنز ا کیلئے رہنما اُصو ل بھی جاری کئے ہیں  جن پر پابندی سےعمل کرنے کو کہاگیا  ہے۔
 ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر تانا جی ساونت کی ہدایت پر جاری کردہ گائیڈلائن میں کہاگیاہےکہ کورونا بحران میں حکومت ، ریاستی محکمہ صحت  اور میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے عوام کی جو خدمت کی تھی، وہ قابل ستائش ہے۔ اب انفلوئنزا ایچ ۳؍ این ۲؍ اور کووڈ کے مریضوںمیں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہاہے جس پر قابوپانےکیلئے ایک مرتبہ پھر وزارت صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو حکومت سے تعاون کرنےکی ضرورت ہے۔ ایسی صورت میں انفلوئنزا پر قابوپانے کیلئے ضروری گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقائی کمشنر کی سربراہی میں ہرہفتہ  میٹنگ منعقد کی جائے جس میں انفلوئنزا کے روک تھا م کیلئے ضروری اقدامات سے متعلق فیصلے کئے جائیں اور ان  پر عمل کیاجائے ۔سبھی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر ذمہ داروںکو ہدایت دی گئی ہےکہ جن لوگوںمیں انفلوئنزاکی علامتیں (گلے میں جلن، سردی، کھانسی  ،بدن درد اور زکام) ظاہر ہوں ، ان سے ان کےگھر جاکر ملاقات کی جائے ۔ ان کے مرض  کے بارےمیں پوری تفصیل حاصل کی جائے اور فوراً ان کاعلاج شروع کیاجائے۔ انفلوئنزا کے مریضوں کے علاج کیلئے اسپتال میں مطلوبہ دوائوں اور آکسیجن کا ذخیرہ موجود  ہو۔ ایچ ۳؍این ۲؍ سے متعلق عوامی بیداری مہم چلائی جائے۔ عوام کو انفلوئنزا کی علامتیں بتائی جائیں ۔ ان علامتوں کے ظاہر ہونے پر فورا ً علاج شروع کرنےکا مشورہ دیں۔ حاملہ خواتین ، چھوٹے بچے اور عمررسیدہ افراد کےانفلوئنزا سے متاثر ہونے پر ان کے علاج پر خاص توجہ دی جائے۔ ایچ ۳؍این ۲؍ کے جراثیم کی علامتیں   ظاہر ہونے کے۷۲؍ گھنٹوں میں اگر ڈاکٹر سے مشورہ کرکے علاج شرو ع کردیاجائے تو اس مرض پر جلد قابوپایا جاسکتاہے۔ یہ بات عوا م کوبتائی جائے۔ 
 دریں اثنا ء بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے سبھی میونسپل ڈسپنسریوں،۱۷؍اسپتالوں، ۵؍ میڈیکل کالجوں اور کستوربا اسپتال کو ہدایت دی  ہے کہ۲۴؍گھنٹے میں بخار کم نہ ہوتو انفلوئنزا کے تمام مشتبہ مریضوں کاعلاج دوا OSELTAMIVIR سے کیاجائے ۔اسی طرح تمام نجی ڈاکٹروںسے کہاگیاہےکہ اگر ۲۴؍گھنٹےمیں بخار نہ اُتر ے تو طبی تشخیص کے بغیر مذکورہ دوا سے مریض کا علاج شروع کیاجاسکتاہے۔ یہ دوا سبھی میونسپل اسپتال، ڈسپنسری اور میڈیکل کالجوںمیں آسانی سے دستیاب ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہاگیاہےکہ گھر گھر جاکر بخار میں مبتلا مریضوںکو تلاش کیاجائے اور  مشتبہ مریض ہیں توا ن کا بھی علاج کیا جائے۔

influenza Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK