Inquilab Logo

تیس اپریل تک ۱۵؍ فیصد پانی کٹوتی ختم ہونا دشوار

Updated: April 14, 2023, 11:09 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جس پائپ لائن کے پھٹنے سے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں پانی کٹوتی کی جارہی ہے، اس کی مرمت رواں ماہ تک مکمل ہوگئی تب بھی پانی کے دبائو کو بڑھانے کیلئے مزید ایک ہفتہ اور معمول کی سپلائی کی بحالی میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے

After the pipeline burst, the employees have started the repair work. (file photo)
پائپ لائن پھٹنے کے بعدملازمین نے اس کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ (فائل فوٹو)

تھانے میں جس پائپ لائن کے پھٹنے سے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں پانی کٹوتی کی جارہی ہے ، اس کی مرمت کیلئے بی ایم سی نے ایک ماہ کا وقت طے کیا تھا لیکن ذرائع کے مطابق اس کی مرمت وقت پر مکمل ہو بھی گئی تب بھی پانی کا دبائو بڑھانے اور معمول کی پانی سپلائی بحال کرنے میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔ اس دوران ممبئی کی جھیلوں میں ۳۲؍ فیصد پانی بچا ہوا ہے جبکہ گزشتہ برس اسی وقت جھیلوں میں ۳۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔
 یاد رہے کہ مارچ کے اخیر میں بی ایم سی کو تھانےمیں زیر زمین پانی سپلائی گزرنے والی ایک پائپ لائن پھٹنے کی اطلاع ملی تھی۔ بی ایم سی کو بعد میں پتہ چلا کہ مذکورہ پائپ لائن انتہائی اہم ہے جو شہر و مضافات میں تقریباً ۷۵؍ فیصد پانی سپلائی کرتی ہے۔ اس پائپ لائن کا قطر ۵؍ہزار ۵۰۰؍ ملی میٹر ہے جبکہ اس کی طوالت ۱۵؍ کلو میٹر ہے اور اس کے ذریعہ بھانڈوپ میں واقع ’واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ‘ تک پانی لے جایا جاتا ہے جہاں پانی صاف ہونے کے بعد شہریوں کو سپلائی کیا جاتا ہے۔
 بی ایم سی کو یہ بھی پتہ چلا کہ تھانے کا ایک بلڈر یہاں ’بورویل‘ بنوانا چاہتا تھا اور اس کی کھدائی کے دوران اس کام پر مامور کاریگروں نے سطح زمین سے تقریباً ۷۰؍ میٹر نیچے سے گزرنے والی اس پائپ لائن میں چھید کردیا ہے۔اس نقصان کی وجہ سے بی ایم سی نے ’مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ (ایم آئی ڈی سی) کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ مذکورہ بلڈر سے ۷۵؍کروڑ روپے بطور ہرجانہ وصول کیا جائے۔
 اس پائپ لائن کی مرمت بی ایم سی نے اپریل کی ابتداء میں شروع کی اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کی مرمت ایک ماہ میں مکمل کرلی جائے گی لیکن اس کام کی وجہ سے ممبئی و مضافات میں ۱۵؍ فیصد پانی کٹوتی کی جائے گی۔اگرچہ اعلان ۱۵؍ فیصد کٹوتی کا ہوا تھا لیکن اونچائی پر واقع کئی علاقوں میں پانی پہنچنے کا فیصد مزید کم ہے۔
 اس دوران بی ایم سی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس پائپ لائن کی مرمت اگر ۳۰؍ اپریل تک مکمل ہو بھی گئی تب بھی اس کے بعد اس پائپ لائن میں پانی کے دبائو کو بڑھانے میں تقریباً مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے اور اس کے بعد مزید ایک ماہ کا وقفہ معمول کے مطابق پانی سپلائی جاری کرنے میں لگ سکتا ہے۔
 اس دوران ایک بی ایم سی افسر نے دعویٰ کہ یکم مئی سے پانی سپلائی بحال ہوجائے گی۔ مرمت کیلئے اس پائپ لائن کو بند کرکے بند پڑی ایک دیگر پائپ لائن کے ذریعہ پانی سپلائی کی جارہی ہے۔
 اس دوران جن جھیلوں سے ممبئی کو پانی پہنچایا جاتا ہے ان میں ۳۲؍ فیصد پانی بچا ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے ۲؍ فیصد کم ہے۔ تاہم بی ایم سی افسران کو یقین ہے کہ ممبئی میں مانسون تک یہ پانی کم نہیں پڑے گا اور بارش ہونے سے جھیلوں کی سطح آب میں دوبارہ اضافہ ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ اس سال کے شروع سے ہر مہینے پانی کی پائپ لائن پھٹنے کے واقعات ہورہے ہیں اور بی ایم سی ان کی مرمت کیلئے پانی کٹوتی کرتی آرہی ہے۔ اب تک پائپ لائن پھٹنے کے تقریباً ۷؍ واقعات ہوچکے ہیں اور ان کی مرمت کے دوران بی ایم سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کٹوتی کی تھی۔

water Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK