Inquilab Logo

جلگائوں ضلع دودھ یونین کے الیکشن میں کھڑسے کو شکست ،گریش مہاجن کے پینل نے۲۰؍ میں سے۱۶؍ سیٹیں جیتیں

Updated: December 12, 2022, 10:08 AM IST | Qureshi Sarjil | jalgaon

ضلع کے کوآپریٹیو سیکٹر میں سبھی کی توجہ کا مرکز بنی ضلع دودھ یونین کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی ۲۰؍ نشستوں کیلئے بروز سنیچر ۱۰؍ دسمبر کو ہوئے الیکشن کے نتائج کا اعلان ا توار کو کیاگیا

Candidates of Girish Mahajan`s panel showing the victory sign.
گریش مہاجن کے پینل کے امیدوار جیت کا نشان دکھاتے ہوئے ۔(تصویر،انقلاب )

 ضلع کے کوآپریٹیو سیکٹر میں سبھی کی توجہ کا مرکز بنی ضلع دودھ یونین کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی ۲۰؍ نشستوں کیلئے بروز سنیچر ۱۰؍ دسمبر کو ہوئے الیکشن کے نتائج کا اعلان ا توار کو کیاگیا۔ نتائج  ریاستی وزیر گریش مہاجن کے پینل کے حق میںرہے جس نے ۲۰؍ میں سے ۱۶؍ نشستیں جیت لیں ۔بروز سنیچر۱۰؍ دسمبر کو ۱۹ ؍ نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے کیونکہ پاچورہ حلقہ کی نشت پر سہکار پینل کے امیدوار اور سابق ایم ایل اے دلیپ واگھ بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں ۔اس الیکشن کی دوسری خاص بات یہ بھی ہے کہ ایکناتھ کھڈسے کو ہرانے کے لیے دو وزراء اور پانچ ایم ایل اے متحد ہو گئے ہیں۔یونین کے الیکشن میں مقابلہ براہ راست مہاوکاس اگھاڑی کا حمایت کردہ سہیکار پینل اور بی جے پی اور بالا صاحب کی شیوسینا( ایکناتھ شندے گروپ )کی جانب سے شیتکری وکاس پینل میں تھا ۔اسی لئے بھی جلگاؤں ضلع میں دودھ سنگھ کا انتخاب مہاراشٹر کی توجہ کا مرکز تھا۔
 کوآپریٹیو سیکٹرمیں ترقی کے حوالے سے اہم سمجھے جانے والے ضلعی دودھ یونین کے۲۰ ؍ بورڈ آف ڈائریکٹر کے انتخاب کیلئے بروز سنیچر ۱۰؍دسمبر کوووٹنگ ہوئی تھی،ضلع کے۷؍ پولنگ اسٹیشنوںقائم کئے گئے تھے ۔بروز اتوار ۱۱؍دسمبر کونتائج کا اعلان کیا گیا۔نتائج سامنے آتے ہی ریاست کے دیہی ترقی کے وزیر گریش مہاجن کے خیمہ میں جشن کا ماحول رہا جونتائج آنے کےآخری مرحلہ تک برقرار رہا۔بی جے پی کی  زیر قیادت شیتکری وکاس پینل نے انتخابی نتائج میں شروع سے برتری حاصل کی۔گریش مہاجن  ا ور ایکناتھ کھڑسے سیا سی میدان میںایک دوسرے کے کٹر حریف سمجھے جاتے ہیں، دونوں کی ساکھ اس الیکشن میں داؤ پر لگی تھی۔مہاجن کےشیتکری وکاس پینل کے امیدواروں نے۲۰؍ میں سے۱۶؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔اس طرح کھڑسے کےسہکار پینل کو صرف۴؍ سیٹیں ملی ہیں۔ ایکناتھ کھڑسے نے بی جے پی چھوڑ کر این سی پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اس کے بعد کھڑسے اور مہاجن پہلی بار براہ راست الیکشن کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے بھی یہ الیکشن خاص ا ہمیت کا حامل ہے۔
 ضلعی دودھ یونین کے انتخابات کے نتائج صبح۸؍بجے سے آنا شروع ہو گئےتھے۔خاص بات یہ ہے کہ اس الیکشن میں کھڑسے خاندان کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ایکناتھ کھڑسے کی بیوی منداکنی کھڑسے کو شکست ہوئی ۔وزیر گریش مہاجن، وزیر گلاب راؤ پاٹل، بی جے پی ایم ایل اے منگیش چوان، شندے گروپ کے ایم ایل اے چمن راؤ پاٹل، سبھی تجربہ کار لیڈر جیت گئے ۔جبکہ ایکناتھ کھڑسے کی بیوی منداکنی کھڑسے، این سی پی کے سابق وزیر ستیش پاٹل کو بری طرح شکست ہوئی ۔
 نتائج کے  اعلان کےد وران گریش مہاجن کے پینل کے پہلے امیدوار  کے طورپرمہاجن کے پی اے اروند دیشمکھ نے کامیابی حاصل کرکے شیتکری پینل کا کھاتہ کھولا،انہوں نےا ن کے حریف سابق ڈسٹرکٹ بینک ڈائریکٹر وجے پاٹل کو شکست دی۔جبکہ ا یکناتھ کھڑسے کے سہکار پینل نے او بی سی ریزرو حلقہ سے اپنا کھاتہ کھولا ، پراگ مور جوکہ سابق ایم پی وسنت راؤ مور کے صاحبزادےہیں، انہوںنے گوپال بھنگلےکوشکست دی ۔سی پی کے ایم ایل اے انیل پاٹل نے امل نیر تعلقہ حلقہ سے جیت حاصل کی۔ ان کے مخالف بی جے پی کی سابق ایم ایل اے سمیتا واگھ تھیں جنھیں شکست ہوئی ۔شندے گروپ کے ایم ایل اے چمن راؤ پاٹل پارولہ تعلقہ حلقہ سے جیت گئے، ان کے مخالف این سی پی کے سابق وزیر ڈاکٹرستیش پاٹل ہار گئے۔
 ایکناتھ کھڑسے کی اہلیہ منداکنی کھڑسے کو کراری شکست ہوئی۔ ان کے مد مقابل بی جے پی کے ایم ایل اے منگیش چوان نے۲۵۵؍ ووٹ حاصل کئے جبکہ منداکنی کو ۱۷۹؍ ووٹ ملے ۔اس الیکشن میں سبھی کی توجہ مکتائی نگر حلقہ  پرمرکوز تھی۔ اس مقابلے میںدلچسپ نظارہ دیکھنے کو ملا کہ بہونے ساس کے خلاف تشہیر ی مہم میں حصہ لیا۔منداکنی کھڑسے کی بہواور راویر حلقہ کی رکن پارلیمنٹ رکھشا کھڑسے نے منگیش چوان کیلئے تشہیر کی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK