Inquilab Logo

جے ڈی ایس لیڈرکمارا سوامی کرناٹک میں پھر کنگ میکر بننے کیلئے کوشاں

Updated: March 20, 2023, 11:19 AM IST | Bengaluru

موجودہ حالات میں جے ڈی ایس لیڈروں کو ۲۵؍سے ۳۰؍سیٹیں جیتنے کی امید،ان کے مطابق ایساہونے سےدونوں قومی پارٹیاں اتحاد کیلئے ان کے پاس آئیں گی

In Karnataka, JDS leader HD Kumaraswamy again wants to play an important role in the politics of the state
کرناٹک میں جے ڈی ایس لیڈرایچ ڈی کماراسوامی پھر ریاستی کی سیاست میں اہم رول اداکرنا چاہتے ہیں

:اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی کرناٹک کا سیاسی منظرنامہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں بی جے پی ایک طویل عرصے سے اپنی جدوجہد میں مصروف ہےاور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی وہاں پہنچ کر اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے والے ہیں۔ وہیں تیسری جانب جےڈی ایس لیڈرایچ ڈی کمارا سوامی ایک بار پھر ریاست میں کنگ میکر کے طور پر ابھرنے کی کوشش  میں مصروف ہیں۔جے ڈی ایس لیڈروں کو امید ہے کہ موجودہ حالات کے مد نظروہ اسمبلی کی ۲۵؍سے ۳۵؍سیٹیں جیت لیںگےاور اس سے دونوں قومی جماعتیں اتحاد کیلئےان کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہو جائیں گی۔
 جےڈی ایس اس سے قبل کانگریس اور بی جے پی دونوں کےساتھ مخلوط حکومت بنا چکی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا ہے کہ دونوں قومی پارٹیوں کےلیڈر انتخابات کے بعد ان کے  پاس آئیں گے۔ کماراسوامی نے اپنے ریاست گیر دورہ (پنچ رتن یاترا) کا آغاز کیا اور ریاست بھر میں عوامی ریلیوں سے خطاب کیا۔ وہ شمالی کرناٹک سمیت پوری ریاست میںکافی تعداد میں لوگوں کو راغب کرنے میںکامیاب رہے۔ جےڈی ایس نےاپنی طاقت ووکلیگا بیلٹ یعنی جنوبی کرناٹک کےعلاقے سے حاصل کی ہے۔ حکمراں بی جے پی اکثریت حاصل کرنے کے لیے ریاست کے جنوبی علاقےمیں قدم جمانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ تاہم اب تک ان کی کوششیں ناکام  رہی ہیں۔اگرچہ پارٹی نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپاکے دور میں منڈیا، ہاسن اور رام نگر اضلاع میں سیٹیں جیت کر کامیابی حاصل کی تھی، لیکن زیادہ ترلوگ جے ڈی ایس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑےتھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کرناٹک کے لوگوں سے جے ڈی ایس کو ووٹ نہ دینے کو کہہ رہے ہیں۔
 وہیں،سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نےعہد کیا ہے کہ وہ دیکھیں گے کہ آئندہ انتخابات میں جے ڈی ایس دوبارہ اقتدار میں آئے۔ تاہم جے ڈی ایس میں بھی سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ دیوے گوڑاکی بہو بھوانی ریونا کے الیکشن لڑنے کے اعلان سےخاندانی جھگڑا کھل کر سامنے آگیا ہے۔ بھوانی ریوانا ہاسن سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں، جو فی الحال بی جے پی کے پاس ہے۔ کماراسوامی مختلف وجوہات کی وجہ سےبھوانی ریونا کو ٹکٹ دینے کےخواہشمند نہیں ہیں۔ جے ڈی ایس ایم ایل اے سورج ریونا ان سے بالواسطہ سوال کر رہے ہیں۔ بھوانی،سابق وزیر ایچ ڈی دیوے گوڑا کے بڑے بیٹے ایچ ڈی ریونا کی بیوی ہیں۔ ریونا کے بڑے بیٹےپرجول ریونا رکن پارلیمنٹ ہیں۔
 دوسری طرف کماراسوامی، اپنے بیٹے نکھل کمارا سوامی کو رام نگر سیٹ سے میدان میں اتارنے کے لیے تیار ہیں، جو فی الحال ان کی اہلیہ انیتا کماراسوامی کے پاس ہے۔ خاندانی سیاست کے بارے میں بات کرتے ہوئے کماراسوامی نے قومی پارٹیوں پر حملہ کرتےہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے کنبہ کے افراد کی ایک لمبی فہرست جاری کریں گے۔ کماراسوامی نے کہا کہ ان کے خاندان کے افراد کو عوام نے منتخب کیا ہے، وہ پچھلے دروازے سے داخل نہیں ہو رہے ہیں۔
 خیال رہے کہ کئی سینئرلیڈروں کے پارٹی چھوڑ کر کانگریس یابی جے پی میں شامل ہونے کے بعد جے ڈی (ایس) کے وجود کا سوال اٹھ کھڑا ہوا۔ اپنی قیادت کا ایک بڑا حصہ کھونے کے بعد بھی پارٹی قومی جماعتوں کو سخت مقابلہ دےرہی ہے۔ یہ بھی دیکھنا باقی ہےکہ کیا ووکلیگا برادری، جو کہ سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہے، شیوکمار کو بھی موقع دے گی،جو ووکلیگا بھی ہیں، جنہیں کانگریس نےوزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔

bengaluru Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK