کرن جوہر کی پیدائش ۲۵؍مئی ۱۹۷۲ءکو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد یش جوہر فلمی دنیاکے ایک معزز پروڈیوسر تھے، جنہوں نے دھرما پروڈکشن کی بنیاد رکھی تھی۔
EPAPER
Updated: May 26, 2026, 11:50 AM IST | Mumbai
کرن جوہر کی پیدائش ۲۵؍مئی ۱۹۷۲ءکو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد یش جوہر فلمی دنیاکے ایک معزز پروڈیوسر تھے، جنہوں نے دھرما پروڈکشن کی بنیاد رکھی تھی۔
ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو محض فلم ساز نہیں رہتےبلکہ پورے ایک عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔ کرن جوہر بھی انہی شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے صرف فلمیں نہیں بنائیں بلکہ بالی ووڈ کے رومانی انداز، خاندانی ڈرامے، جذباتی رشتوں اور شاندار طرزِ زندگی کو ایک نئی بصری زبان عطا کی۔ ان کی فلموں میں رنگ، موسیقی، جذبات، محبت، دوستی اور خاندان سب کچھ ایک خاص فلمی حسن کے ساتھ جلوہ گر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرن جوہر گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ہندوستانی فلمی دنیا کے سب سے بااثر فلم سازوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
کرن جوہر کی پیدائش ۲۵؍مئی ۱۹۷۲ءکو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد یش جوہر فلمی دنیاکے ایک معزز پروڈیوسر تھے، جنہوں نے دھرما پروڈکشن کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کی والدہ ہیرو جوہر کا تعلق بھی ایک تعلیم یافتہ اور مہذب گھرانےسےتھا۔ کرن جوہر کی پرورش ایسے ماحول میں ہوئی جہاں فلم، موسیقی، کہانیاں اور ستاروں کی دنیا روزمرہ زندگی کا حصہ تھیں۔ بچپن ہی سے کرن جوہر کو فلموں، لباس، موسیقی اور اسٹیج سے غیر معمولی دلچسپی تھی۔ وہ اسکول کے زمانے میں بھی ڈراموں اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے ممبئی کے مشہور ایچ آر کالج سےتعلیم حاصل کی۔ اگرچہ ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ کاروبار سنبھالیں، لیکن کرن کا دل تخلیقی دنیا میں بستا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: زی فائیو کی ویب سیریز ’’براؤن‘‘ میں کرشمہ کپور کا زبردست اوتار، ٹیزر ریلیز
کرن جوہرنے فلمی دنیا میں باقاعدہ قدم بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر رکھا۔ انہوں نے آدتیہ چوپڑا کی شہرۂ آفاق فلم دلوالے دلہنیا لےجائیں گےمیں معاون ہدایت کارکے طور پر کام کیا۔ یہی وہ فلم تھی جس نے نہ صرف بالی ووڈ کی رومانوی فلموں کا رخ بدل دیا بلکہ کرن جوہر کو بھی فلم سازی کے رموز سکھائے۔ اسی فلم میں انہوں نے ایک مختصر کردار بھی ادا کیاتھا۔ اگرچہ وہ اداکار کے طور پر زیادہ کامیاب نہ ہوئے، لیکن کیمرے کے پیچھے ان کی تخلیقی صلاحیتیں جلد نمایاں ہونے لگیں۔ ۱۹۹۸ءمیں کرن جوہر نے بطور ہدایت کار اپنی پہلی فلم کچھ کچھ ہوتاہےبنائی۔ اس فلم میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی مرکزی کرداروں میں تھے۔ بعد میں انہوں نے کبھی الوداع نہ کہنا، مائی نیم از خان، اسٹوڈنٹ آف دی ایئر اور اے دل ہے مشکل جیسی فلمیں بھی بنائیں، جنہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھئے: موہن لال جو بھی کردار ادا کرتے ہیں اس میں پوری طرح سما جاتے ہیں
کرن صرف فلموں تک محدود نہیں رہے۔ ۲۰۰۴ءمیں انہوں نے’کافی ود کرن‘ شروع کیاجو ایک ایسا چیٹ شو ہےجہاں بالی ووڈ کے اسٹارز اپنی ذاتی زندگی کے راز کھولتے ہیں۔ شو اتنا مقبول ہوا کہ یہ بالی ووڈ کا’گوسپ سینٹر‘بن گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے جھلک دکھلاجا، انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ، انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز جیسے شوز کو جج کیا۔ ’کالنگ کرن‘ نامی ریڈیو شو اور’واٹ دی لو!‘نامی ڈیٹنگ شو بھی ہوسٹ کیے۔ ۲۰۱۷ءمیں انہوں نے اپنی خود نوشت’این اَن سوٹیبل بوائے‘لکھی، جس میں انہوں نے بچپن، فلم انڈسٹری میں جدوجہد، دوستی اور دیگر باتوں پر کھل کر بات کی۔ انہیں ۲۰۲۰ء میں پدم شری کے علاوہ۴؍ مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈز اور۸؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ وقت کے ساتھ کرن جوہر نے خود کو بھی تبدیل کیا ہے۔ اب وہ صرف بڑی رومانوی فلموں تک محدود نہیں رہے بلکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، ویب سیریز، نوجوان ہدایت کاروں اور نئے موضوعات پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ان کی پروڈکشن کمپنی اب ایک نئے دور کے ہندوستانی ناظرین کی پسند کوسمجھنے کی کوشش کر رہی ہے، جہاں صرف چمک دمک کافی نہیں بلکہ مضبوط کہانی بھی ضروری سمجھی جاتی ہے۔