Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج کویت جائیںگی

Updated: June 13, 2024, 11:28 PM IST | Tarunantpuram

ریاستی حکومت نے کویت حادثہ میںجان گنوانے والوں کے لواحقین کیلئے ۵؍ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک لاکھ روپےکی امداد کا اعلان کیا ،وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے ریاستی کابینہ کے سا تھ میٹنگ بھی کی ،دہلی میں کیرالاکے نمائندےوی کے تھامس وزارت خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں

Kerala Health Minister Veena George will review the post-accident situation in Kuwait
کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج کویت میں حادثہ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیں گی

 کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج فوری طور پر کویت کا دورہ کریں گی تاکہ کویت آتشزدگی سانحہ میں جان گنوانے   والوں ا ور زخمیوں کے خاندان کو امداد فراہم کرنے کی کوششوں کو مربوط کیاجاسکے ۔ حکومت کے ذرائع نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔جمعرات کی صبح ہونے والی ریاستی کابینہ کی خصوصی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کی زیرقیادت حکومت نے  متوفیوں کےاہل خانہ کیلئے ۵؍لاکھ روپے اورزخمی ہونے والوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ واضح رہےکہ کویت کے شہر منغاف کی ایک ۶؍ منزلہ عمارت میںآتشزدگی  میں ۴۹؍ ہندوستانی شہریوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے زیادہ ترکا تعلق کیرالا اور تمل ناڈو سے  ہے۔
 کیرالا حکومت کے مطابق وینا جارج کے ساتھ ریاستی مشن ڈائریکٹر(این ایچ ایم) جیون بابو بھی ہیں۔ ان کی ٹیم  وہاںزخمیوں کے علاج ا ور متوفیوںکے جسد خاکی کو وطن واپس لانے کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ریاستی کابینہ نے بتایا کہ  آتشزدگی  میں جان گنوانے  والے کیرالا کے شہریوں کی تعداد۲۴؍ ہوگئی ہے۔
 کابینہ نے اعلان کیا کہ کیرالا کی دو ممتاز کاروباری شخصیات یوسف علی اور روی پلئی نے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کو بتایا کہ وہ بالترتیب۵؍ لاکھ اور۲؍ لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔
 کابینہ نے مزید کہا کہ دونوں تاجروں کی طرف سے دی جانے والی امداد غیرمقامی کیرالائٹ افیئرز (نورکا) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ اس سے کل امداد۱۲؍ لاکھ روپے فی خاندان تک پہنچ جائے گی۔کابینہ نے کویت میں آتشزدگی میں ہلاکتوں پر اظہار تعزیت بھی کیا۔کیرالا حکومت  کے ذرائع  نے بتایا کہ نورکا کی قیادت میں اور تارکین وطن کی پہل کے ساتھ آفت سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
 ذرائع نے مزید بتایا کہ ’’ایک ہیلپ ڈیسک اور ایک عالمی رابطہ مرکز ۲۴؍ گھنٹے کام کر رہا ہے اور ریاستی حکومت کویت میںمرکزی حکومت کی طرف سے کی جا رہی مداخلت کی مکمل حمایت کرے گی۔‘‘ریاستی حکومت نے کہا کہ دہلی میں کیرالا کے نمائندے، پروفیسر کے وی تھامس، وزارت خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ 
وزیر اعلیٰ بھگونت مان  کا حادثہ پر اظہار افسوس
  پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے جمعرات کو کویت کے منغاف علاقے میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے ہندوستانیوں کی موت پر  ہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔مان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ کویت  میں ایک بڑے حادثے کی خبر ہے جس میں ہندوستانی مزدوروں کی المناک موت  ہوگئی ہے اور کچھ لوگ زخمی ہیں۔ انہوں نے  خدا  سے جاں بحق ہونے  والوں کی روح کے ابدی سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک نوجوان نے پانی کے ٹینک میںکودکر جان بچائی 
 کویت آتشزدگی میں پھنسا ایک نوجوان  تیسرے  منزلے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔ کویت کے شہر منغاف میںجب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تو کیرالا کا ایک نوجوان اپارٹمنٹ کے تیسرے منزلہ پر پھنس گیا تھا۔ آگ کے شعلوں سے بچنےکیلئے اس نے قریب کی عمارت کے پانی کے ٹینک پر چھلانگ لگا دی۔ یہ قدم  اٹھاکر وہ بچ تو گیا لیکن وہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے ۔۔نالیناکشن کے چھلانگ لگانے کے بعد قریب ہی رہنے والے رشتہ داروں نے اسے ڈھونڈ نکالا اور فوراً اسے اسپتال لے گئے۔ چچا بالا کرشنن نے بتایا کہ ہمیں بدھ کو اس کی خبر ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نالیناکشن نے واٹر ٹینک پر چھلانگ لگا دیا تھا  جس میںوہ شدید زخمی ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے رشتہ داروں نے اسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا۔نوجوان  کے چچا نے بتایا کہ اب اس کی سرجری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شدیدزخمی ہونے کے سبب وہ زیادہ بات نہیںکرپا رہا ہے۔

kerala Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK