Inquilab Logo

کرلا: کوہِ نور کمپلیکس کی بلڈنگ میں آتشزدگی ، ۴۰؍ افراد کو بحفاظت نکالا گیا

Updated: September 17, 2023, 11:00 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

بلڈنگ نمبر۷؍ میں حادثہ ،آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ، آگ گراؤنڈ فلور پر لگی اور وائرنگ پکڑ کر ۱۲؍ ویں منزل تک پہنچ گئی

Ashraf Azmi while visiting an injured person
اشرف اعظمی ایک زخمی کی عیادت کے دوران

یہاںکوہ نور رہائشی کمپلیکس کی  بلڈنگ نمبر۷؍ میں جمعہ کی رات آگ  لگنے کے سبب کئی افراد اپنے فلیٹوں میں پھنس گئے تھے جنہیں بحفاظت باہر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے جان کی بازی لگاکر تقریباً ۴۰؍مکینوں کو سیڑھیوں  کے ذریعے  بحفا ظت باہر نکالا۔ اسپتال میں زیر علاج کئی افراد کی حالت ٹھیک ہونے پرانھیں گھر بھیج دیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ۔ البتہ فائر بریگیڈ کی جانب سے مزید جانچ شروع کردی گئی ہے ۔ ممبئی فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے مطابق کرلا کے مغربی جانب پریمیر کالونی میں کوہ نور اسپتال کے قریب  بلڈنگ نمبر ۷؍ای ونگ (ایس آراے)  میں آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے  وائرنگ پکڑکرگراؤنڈ فلور سے ۱۲؍ ویں منزلے تک پہنچ گئی ۔فائر بریگیڈ کاکہنا ہے کہ ۲؍ چھوٹی ہوز لائنیں اور۴؍ فائر انجنوں کی ایک ہائی پریشر لائن کے علاوہ بجلی سپلائی منقطع کرنے والے فائر مین کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔آگ لگنے کی وجہ سے پوری بلڈنگ میں شور وغل مچ گیا۔ مکین جان بچانے کیلئے یہاں وہاں بھاگنے لگے ۔فائر مین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے دوران مقامی لوگوں  نے بتایاکہ مختلف منزلوں پر پھنسے ہوئے تقریباً ۴۰؍ مکینوں کو ممبئی فائر بریگیڈ (ایم ایف بی) کے اہلکاروں نے سیڑھیوں کے ذریعہ بلڈنگ سے باہر نکالا۔کرلا میں اسی علاقے کے سابق کارپوریٹر اشرف اعظمی نے کہا کہ رات میں آگ لگنے کے وقت بھی میں جائے وقوع پر پہنچا تھا اور علاقے کے نوجوانوں کوفائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اشرف اعظمی نے مزید کہا کہ دوسرے دن یعنی سنیچر کو ۳؍ بجے گھاٹکوپر راجا واڑی اسپتال پہنچا اور آتشزدگی میں دم گھٹنے کی شکایت کرنے والے مریضوں سے ملاقات کی ۔اسی دوران راجا واڑی اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق گزشتہ رات ۴۰؍ افراد یہاں بھیجے گئے جنہیں دم گھٹنے کی شکایت تھی۔۴؍ افراد کو کوہ نور اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔ راجاواڑی اسپتال  کے کئی وارڈوں میں فی الحال ۲۶؍ افراد داخل ہیں اور ان کے خون کی رپورٹ منگوائی گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں اشرف اعظمی نےکہا کہ ۷؍ افراد  سے دستخط لےکر انھیں ڈسچارج کردیاگیا جبکہ ۳؍ افراد کی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔ کرلا ونوبابھاوے نگر پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی انسپکٹر نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کا معاملہ درج کرلیا ہے۔

kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK