آر جے ڈی کے ۲۷؍ ویں یو م تاسیس پر خطاب ، لالو نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد سے بی جے پی بری طرح خوفزدہ ہے ، اس لئے ہمارے خاندان کو پریشان کررہی ہے
EPAPER
Updated: July 06, 2023, 10:36 AM IST | patna
آر جے ڈی کے ۲۷؍ ویں یو م تاسیس پر خطاب ، لالو نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد سے بی جے پی بری طرح خوفزدہ ہے ، اس لئے ہمارے خاندان کو پریشان کررہی ہے
ملک میں فرقہ پرستی کے سب سے بڑے مخالف لالو پرساد یادو اپنی پارٹی آر جے ڈی کے ۲۷؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مودی سرکار پر جم کر برسے۔ انہوں نے اپنے افرادِ خاندان کے خلاف کیس پر کیس درج کروانے پرمودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ لالو نےیوم تاسیس کے موقع پر منعقد کئے گئے اجلاس میں پارٹی کارکنوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے نہ صرف ان کا حوصلہ بڑھایا بلکہ ان پر یہ بات واضح کردی کہ ۲۰۲۴ء جیسے جیسے جیسے قریب آئےگا بی جے پی کی بے چینی بڑھتی جائے گی اور اسے دور کرنے کے لئے وہ اپنی تمام مخالف پارٹیوں کے لیڈروں او ر کارکنان کے خلاف اقدامات کرے گی۔ اس لئے بی جے پی سے گھبرانا نہیں ہے بلکہ اس سے مقابلے کے لئے ڈٹ جانا ہے۔ لالو نے کہا کہ بی جے پی سے مقابلے کا ایک ہی منتر ہے کہ اس سے مقابلے میں ڈٹ جائو ، پیچھے قدم مت ہٹائو۔ انہوں نے مثال دی کہ وہ گزشتہ ۲۷؍ سال سے اپنی پارٹی کے ذریعے اور اس سے قبل جنتادل کے بینر تلے یہی کام کرتے رہے۔ انہوں نے کبھی بھی اور کسی بھی حال میں بی جے پی سے سمجھوتہ نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ بی جے پی ہمارے خاندان کے خلاف مقدمہ پر مقدمہ درج کروارہی ہےتاکہ ہمیں خاموش بٹھایا جاسکےمگر ایسا نہیں ہو گا۔
لالو نے ہندی میں خطاب کرتے کرتے بھوجپوری میں بھی چند جملے کہےجس سے محفل قہقہہ زار بن گئی ۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے پوچھا کہ جب تمہارے پاس اقتدار نہیں ہو گا تو تمہارا کیا ہو گا ، کبھی یہ سوچا ہے ؟ ہم نے تو کم از کم لوگوں کا پیار کمایا ہے جو آج بھی ہمیں عزت دیتے ہیں۔ تمہارا کیا ہو گا ؟ یہ جملے لالو نے جس انداز میں کہے اس سے پوری محفل میںبے ساختہ قہقہے لگے۔انہوں نے کرناٹک میں بی جے پی کے حشر پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ یہ تو صرف شروعات ہے ، ۲۰۲۴ء میں پورے ملک سے بی جے پی کا صفایا طے ہے اور اسی بات سے بھگوا پارٹی بری طرح سے خوفزدہ ہے۔