Inquilab Logo

خسرہ اور روبیلا کی شکایت ختم کرنے کے لئے مہم کا آغاز

Updated: August 08, 2023, 1:38 AM IST | Iqbal Ansari and saadat khan | Mumbai

پہلے مرحلے میں۲؍ہزار ۶۳۸؍ بچوں او ر۳۰۴؍حاملہ مائوں کو ٹیکہ لگایاجائے گا، تھانےمیں بھی ۷؍ ہزار ۷۳۶؍ بچوں اورایک ہزار ۴۸۱؍ حاملہ کاسروے کیاگیا

A child being vaccinated against measles.
ایک بچے کو خسرہ سے محفوظ رہنے کیلئے ٹیکہ لگایا جا رہا ہے۔(تصویر،انقلاب:اتل کامبلے)

مرکزی حکومت نے دسمبر ۲۰۲۳ءتک خسرہ اور روبیلا کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔  حکومت نے ہندوستان کے تمام اضلاع اور میونسپل کارپوریشنوں میں اگست ۲۰۲۳ءسے ۳؍ مرحلوں میں ’یو-وِن‘ سسٹم کے ذریعے ایک خصوصی’ اندر دھنوش ۵ء۰؍ ‘مہم شروع کی ہے۔اس کے تحت خسرہ اور روبیلا پر قابو پانےکیلئے  برہن ممبئی مہانگر پالیکا نے پیر سے ` ماؤں اور بچوں کوٹیکہ لگانے کا آغاز کیا ہے ۔ 
 اس تعلق سےبرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کے علاقے میں صحت کارکنوں کے ذریعہ گھر گھر سروے کیا گیا۔ سروے کے مطابق صفرسے ۵؍ سال کی عمر کے ۲؍ ہزار ۶۳۸؍ بچوں او ر۳۰۴؍حاملہ خواتین کو ۷؍اگست سے ۱۲؍اگست ۲۰۲۳ء کے درمیان مذکورہ امراض سےمحفوظ رکھنے والاٹیکہ لگایاجائےگا۔مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ شہری انتظامیہ کے صحت عامہ نے ۲۴؍وارڈ کی سطح پر ڈویژن ایکشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کئے ہیں ۔۲۰۲۲ء کے خسرہ کی وباء کے مطابق شہر ومضافات کے ۷؍خطرے والے علاقوں کیلئے مائیکرو ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی کارکنان انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں شامل ہوں گی۔ مہم کی نگرانی عالمی ادارہ ٔ  صحت کرے گا۔
ویکسی نیشن سےمتعلق بیداری مہم  
 بی ایم سی محکمہ صحت عامہ نے والدین میں ویکسی نیشن سےمتعلق بیداری کیلئے ۲۴؍ وارڈ کے صحت مراکز پر وال پوسٹرز لگائے ہیں۔ `خصوصی مشن اندر دھنوش ۵ء۰؍ مہم کے دوران اس سے مستفید ہونے والوں کو کووڈ وویکسی نیشن کی طرح ’یووئن‘(  U-win )سسٹم پر رجسٹر کرنے کے بعد ایک ڈیجیٹل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دیاجائےگا۔
 اس تعلق سے بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر دِکشاشاہ نے کہا ہے کہ ’’ دسمبر ۲۰۲۳ء تک خسرہ اور روبیلا سےمتاثر ہونےوالوں کی جانچ اور انہیں ٹیکہ لگانے کا کام مکمل کرنےکی کوشش جاری ہے ۔ اس کیلئے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تیاری کررہا ہے۔ انہوںنے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خسرہ کی وباء کے پیش نظر اس خصوصی مہم میں اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔
 ۳؍مرحلےمیں ویکسی نیشن کیاجائے گا
  بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں ۷۔۱۲؍اگست ، دوسرے مرحلےمیں ۱۱؍تا ۱۶؍ستمبر اور تیسرےمرحلےمیں ۹؍تا ۱۴؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کےدرمیان مہم چلائی جائے گی اور ٹیکہ کاری کی جائےگی
 ممبئی میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں سے متعلق درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کے ایڈیشنل کمشنر (صحت)  سدھاکر شندے  کی صدارت میں حال ہی میں سٹی ایکشن ٹیم کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی۔ میٹنگ میں نیشنل انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، محکمہ تعلیم، انڈین اسوسی ایشن آف پیڈیاٹرکس، عالمی ادارہ صحت،  یونیسیف اوریو این ڈی پی کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
 تمام ہیلتھ ورکرز کو مذکورہ مہم کے کامیاب نفاذ کیلئے محکمہ صحت عامہ کے مختلف ڈپارٹمنٹ کے اراکین کو ۲۶۵؍ تربیتی سیشنوں میں ٹریننگ دی گئی ہے۔
 ۵؍ سال تک کے بچوں اور حاملہ کی ٹیکہ کاری کا عزم
 تھانے میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے بھی اعلان کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) کی حدود میں بھی صفر تا ۵؍ سال کےبچوں اور حاملہ خواتین کی ٹیکہکاری کی مہم ’ مشن اندر دھنوش ۵ء۰؍ ‘ شروع کی گئی ہے ۔ اس دوران ٹی ایم سی کے سبھی ہیلتھ سینٹروں میں کام کاج کے دنوں میں صبح ۹؍ تا شام ۴؍ بجے ٹیکہ کاری کی جائے گی۔میونسپل کمشنر نے شہریوں  سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی مہم سے استفادہ کریں  اوراپنے بچوں اور خواتین کو بیماریوں سے محفوظ کریں۔
 تھانے میونسپل کارپوریشن کی میٹرنل چائلڈ کیئر آفیسر ڈاکٹر رانی شندے کے مطابق  شہر میں صفر تا ۵؍ سال عمر کے ۷؍ ہزار ۷۳۶؍ بچوں اورایک ہزار ۴۸۱؍ حاملہ خواتین کا سروے کیاگیا ہے اور اس مہم کے دوران انہیں ضروری ٹیکہ لگایا جائے گا۔اس دوران ٹیکہ کاری کیلئے ۷۷۹؍ اضافی کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔

rubella Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK