Inquilab Logo

ممبئی اور جدہ کے مابین راست پروازوں کا آغاز

Updated: January 13, 2022, 8:54 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

معتمرین میں خوشی کی لہر، ٹور آپریٹرز نے بھی راحت کی سانس لی اور کہا کہ۲۲؍ ماہ بعد پروازیں شروع ہونے سے عمرہ کیلئے ایک بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ،سعودی عرب اور حکومت ہند کے مابین معاہدے کے بعد۹؍ جنوری کو ممبئی اور جدہ کے درمیان سعودی ائیر لائنز کا پہلا جہاز روانہ ہوا

More or less 22 months after the start of the flight, a wave of happiness has run among the Umrah pilgrims. (File photo)
کم وبیش ۲۲؍ماہ بعدپروازوں کی شروعات سے عمرہ کےعازمین میںخوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔(فائل فوٹو)

: کورونا سے پیدا شدہ حالات کے سبب حج اور عمرہ بھی محدود کر دیا گیا تھا۔ بالخصوص ہندوستانی عازمین اور معتمرین آنکھوں میں خواب سجائے اس بات کے منتظر تھے کہ بند کیا گیا یہ سلسلہ دوبارہ جلد شروع ہو تاکہ وہ کعبۃ اللہ اور دیار حبیبؐکی زیارت سے اپنی نگاہوں اور قلب کو منور کر سکیں، چنانچہ۲۲؍ ماہ کے بعد ممبئی اور جدہ کے مابین راست پروازیں شروع ہونے سے جہاں معتمرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں ٹور آپریٹرز بھی اطمینان محسوس کر رہے ہیں۔ اب ہندوستان سے معتمرین کے قافلے محدود تعداد میں روانہ ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب اور حکومت ہند کی مابین معاہدے کے بعد۹؍ جنوری کو ممبئی اور جدہ کے درمیان سعودی ائیر لائنز کا پہلا جہاز روانہ ہوا۔
 یاد رہے کہ معتمرین کو کووڈ سے متعلق تمام ہدایات، ٹیکے کی دو خوراک، آ رٹی پی سی آر ٹیسٹ اور دیگر ہدایات پر عمل ضروری ہے۔اس تعلق سےآل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران علوی نے نمائندہ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ۹؍جنوری کو ممبئی سے جدہ کے لئے پہلا جہاز روانہ ہوا اس سے باضابطہ طور پر ہندوستانی معتمرین کو عمرے کی اجازت بھی مل گئی ہے اور فیملی گروپ کی شکل میں کچھ لوگ عمرہ کے لئے روانہ بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل بھی کچھ لوگوں نے قرنطینہ ہوکر ، کچھ لوگوں نے ٹورسٹ ویزا پر جاکر بھی عمرہ کیا ہے۔  خدا کا شکر ہے کہ اب عمرہ کے لئے ویزا لگ رہا ہے اور سعودی ائیر لائنز نے اپنی پروازیں بھی شروع کردی ہیں۔ آل انڈیا  حج اینڈ عمرہ ٹور آرگنائزرز اسوسی ایشن کے سابق صدر بابا بھائی نے بتایا کہ ابھی فیملی گروپ میں لوگ جارہے ہیں،۱۵؍  جنوری کے بعد سے ٹور آپریٹرز پہلے کی طرح عمرہ کے لئے گروپ لے جانے کی تیاری کررہے ہیں ۔ اس وقت۱۰؍  اور۱۴؍ دن کے قیام کے لئے فیملی گروپ میں لوگ روانہ ہورہے ہیں اور اس کا‌ خرچ ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ خرچ کا یہ فرق دو ، تین اور پانچ ستارہ ہوٹلوں کے لحاظ سے ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً۲۲؍ ماہ کے بعد ممبئی اور جدہ کے لئے راست پرواز شروع ہوئی ہے جو معتمرین کے ساتھ ٹور آپریٹرز کے لئے بھی بڑی راحت کی بات ہے ۔ امید ہے کہ جلد ہی مزید سہولتیں بھی ملنا شروع ہوجائیں گی۔ 
 الخالد ٹور اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار ڈاکٹر یوسف کھیراڈا نے  انقلاب کو بتایا کہ پہلی راست فلائٹ شروع ہونے کے بعد الخالد ٹور کے ذریعے پہلا فیملی گروپ روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عمرہ کے تعلق سے یہ بھی بتایا کہ اس سلسلے میں کووی شیلڈ کے دو ڈوز لینا ، آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانا اور اس کا سرٹیفکیٹ رکھنا لازمی قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ موبائل ایپ پر سعودی حکومت کی جانب سے مہیا کروائے گئے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے اور بیلٹ مل جانے کے بعد عمرہ اور مسجد حرام اور مسجد نبویؐ میں نمازوں کی ادائیگی بغیر کسی رکاوٹ کے آسان ہوجاتی ہے۔ ۱۸؍ سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے ابھی عمرہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ ڈاکٹر یوسف کھیراڈا نے یہ بھی بتایا کہ عمرہ ویزا لینے والوں کو سعودی ائیر لائنز کے ذریعے۹؍جنوری سے شروع ہونے والی پروازوں میں سفر کی اجازت ہے۔ اس سے عمرہ کے لئے جو سب سے بڑی رکاوٹ تھی وہ دور ہوگئی اور جو زیادہ خرچ آرہا تھا وہ بوجھ بھی کم ہوجائے گا۔ امید ہے کہ کچھ دن بعد انشا اللہ حالات پوری طرح معمول پر آجائیں گے۔ سینٹرل حج کمیٹی کے ممبر محمد صدیق نے بتایا کہ عمرہ کے آغاز کے ساتھ عراق کے لئے زیارت کا اہتمام بھی شروع ہوگیا ہے اور لوگ روانہ ہورہے ہیں۔ تقریباً۲۲؍ ماہ کے بعد ہندوستان سے راست ہوائی خدمات کا آغاز ہوا‌ ہے، ہم سب کے لئے یہ باعث اطمینان ہے۔

jaddah Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK