Inquilab Logo

شراب پالیسی معاملہ: منیش سیسودیا کی عدالتی حراست میں ۳؍ اپریل تک توسیع

Updated: March 20, 2023, 11:56 PM IST | new Delhi

دہلی کی راؤز ایونیوکورٹ نے دہلی نئی ایکسائز پالیسی سےمتعلق بدعنوانی معاملے کی سی بی آئی کیس میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیاکی عدالتی تحویل میں۳؍اپریل تک کی توسیع کر دی ہے۔

Former Delhi Deputy Chief Minister Manish Sisodia
دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیا

 دہلی کی راؤز ایونیوکورٹ نے دہلی نئی ایکسائز پالیسی سےمتعلق بدعنوانی معاملے کی سی بی آئی کیس میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیاکی عدالتی تحویل میں۳؍اپریل تک کی توسیع کر دی ہے۔منیش سیسودیا کو ای ڈی کی حراست کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کیا گیا۔ سی بی آئی کیس میں عدالتی حراست ختم ہونے کے بعد سیسودیا کو وی سی کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے اور نازک موڑ پر ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے واضح کیا کہ سیسودیا فی الحال ای ڈی کی حراست میں ہیں۔
 خیال رہے کہ منیش سیسودیا۲۲؍ مارچ تک ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ سیسودیا کے وکیل نے ان کے ریمانڈ میں توسیع کی ای ڈی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی مبینہ جرم کی آمدنی پر خاموش ہے، جو کیس کی بنیاد تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حراست میں توسیع کا مطالبہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہےکیونکہ سیسودیا کو ان کی ابتدائی ۷؍ دنوں کی حراست کے دوران صرف ۴؍ ہی افراد سے سامنا کرا یا گیا۔ ای ڈی نے۹؍ مارچ کو سیسودیا کو تہاڑ جیل میں گرفتار کیا تھا۔۲۲۔۲۰۲۱ءکیلئے دہلی حکومت کی ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور اس کے نفاذ میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار ہونے کے بعد انہیں یہیں پر قید میں رکھا گیا ہے۔اس معاملے کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کر رہی ہے، جس نے۲۶؍ فروری کو سیسودیا کو گرفتار کیا تھا۔ خیال رہے کہ دہلی حکومت کی مذکورہ ایکسائز پالیسی کو اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔
 دوسری طرف اسی معاملے میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ’کے چندر شیکھر راؤ‘ کی بیٹی اور بی آر ایس کی جانب سے قانون ساز کونسل کی رکن ’کے کویتا‘ سے بھی پوچھ تاچھ ہورہی ہے۔ ایک دور کی پوچھ تاچھ کے بعد  پیر کو  دوسرے دور کی تفتیش کے سلسلے میں دہلی میں ای ڈی کے دفتر پر حاضر ہوئیں۔ کویتا اپنے شوہر انیل اور سینئر ایڈوکیٹ سوما بھرت کمار کے ساتھ دہلی میںواقع تلنگانہ  کے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ سے ای ڈی کے دفتر کیلئے روانہ ہوئیں۔روانگی سے پہلے انہوں نے کئی لیڈروں سے ملاقات بھی کی۔
  خیال رہے کہ ای ڈی کی تفتیش کے پیش نظرکویتا، اتوار ہی کی شام کو حیدرآباد سے دہلی کیلئے روانہ ہوگئی تھیں۔ ا س سے قبل گزشتہ جمعرات کو انہوں نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں ای ڈی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے دلیل پیش کی تھی کہ ایک خاتون ہونے کی وجہ سے انہیں جانچ ایجنسی کے دفتر میں حاضر ہونے کی چھوٹ ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر تفتیشی ایجنسی کو ان سے پوچھ تاچھ کرنی ہی ہے تو جانچ افسران خود ان کے گھر آئیں۔ اس سے قبل ۱۱؍مارچ کو ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر ان کو۱۶؍مارچ کو حاضر ہونے کا سمن جاری کیاگیا تھا تاہم وہ مرکزی ایجنسی کے روبروحاضر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس معاملے میں راحت دینے کی ان کی اپیل سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے۔ بعد ازاں وفاقی ایجنسی نے ان کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ان سے کہاتھا کہ وہ۲۰؍مارچ کو اس کے سامنے حاضر ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK