Inquilab Logo

نئی پارلیمنٹ کے باہر مہاپنچایت کی اجازت نہیں مگر پہلوان پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں

Updated: May 28, 2023, 9:29 AM IST | New Delhi

پارلیمنٹ کے اطراف سیکوریٹی سخت، سرحدیں سیل مگر ہریانہ اور پنجاب سے خواتین کے گروہ دہلی کیلئے نکل پڑے، آج دہلی کی سرحدوں پر جگہ جگہ خواتین کی چھوٹی چھوٹی احتجاجی پنچایتوں کا امکان، پولیس کی ممکنہ سختی کے باوجود تشدد سے گریز کا عزم

Security has been increased at Jantarmantar after the announcement of wrestlers` Maha Panchayat. (PTI)
پہلوانوں کی مہا پنچایت کے اعلان کے بعد جنترمنتر پرسیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے ۔(پی ٹی آئی)

 آج پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح  کے موقع پر دہلی میں سخت سیکوریٹی انتظامات کے بیچ پولیس نے پہلوانوں کو نئی عمارت کے باہر خواتین مہا پنچایت  کی اجازت نہیں دی ہے تاہم پہلوان پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں  ہیں۔  ہریانہ اور پنجاب سے پہلوانوں کی حمایت میں  خواتین  کے گروہ  دہلی کیلئے نکل چکے ہیں۔ اجازت نہ ملنے کے امکانات   کے بیچ بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے اعلان کیا ہے کہ برج بھوشن کی گرفتاری  اور انصاف کے حصول کیلئے ۲۳؍ اپریل سے جنتر منتر پر مسلسل دھرنےپر مجبور   پہلوانوں کے حامی خواتین کی مہا پنچایت کے انعقاد کی پوری کوشش کریں گے۔ 
  میڈیا کے اس سوال پر کہ اگر مظاہرین کو راستے میں ہی روکا گیاتو کیا حکمت عملی  ہوگی، ساکشی ملک نے کہا کہ ’’جہاں  روکا جائیگا وہیں بیٹھ جائیں گے۔‘‘ بجرنگ پونیا نے بھی اس کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مہا پنچایت کیلئے دہلی کیلئے گامزن افراد کو جہاں روکا جائےگا  وہ وہیں بیٹھ جائیں گے اور اپنی پنچایت وہیں منعقد کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ مختلف پنچایتوں میں جو فیصلے ہوں گے انہیں ریکارڈ کرکے ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا اور پھر آگے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ 
 سنیچر کو اس خبر کے لکھے جانے تک پولیس نے پہلوانوں  کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے باہر  خواتین کی مہا پنچایت کی اجازت  نہیں دی ہے جہاں  افتتاحی تقریب کی وجہ سے سیکوریٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 
راکیش ٹکیت کا غازی پوربارڈر پر پنچایت منعقد کرنے کا  اعلان 
  بھارتیہ کسان یونین نے اتوار کو غازی پور بارڈر پر پنچایت منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتیہ کسان یونین نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ۲۸؍ مئی کو جنتر منتر پر ملک کے تمغہ جیتنے والے پہلوانوں کی حمایت میں ایک بہت بڑی مہیلا کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اسی لیے میرٹھ منڈل اور سہارنپور منڈل کی ماہانہ پنچایت بھی اسی دن  د ہلی- غازی پور بارڈر پر منعقد ہوگی جس میںخاتون پہلوانوں کی حمایت کی جائیگی ۔اس مظاہرے میں بی کے یو نے تنظیم کے تمام عہدیداروں کو مدعو کیا ہے اور کہا ہے کہ غازی پور بارڈر پر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں جس میں ملک اور بیرون ملک کے کسانوں کی آواز چودھری راکیش ٹکیت پنچایت میں موجود ہوں گے ۔

pehlwan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK