Inquilab Logo

مالونی : طلبہ کی آن لائن تعلیم کیلئے موبائل ایجوکیشن لائبریری سینٹر کا افتتاح

Updated: December 18, 2020, 10:22 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بی ایم سی کےپی نارتھ وارڈ میں انبوزواڑی میں یہ پہلا سینٹر بنایا گیا ہےجہاں طلبہ صبح۸؍ بجے تاشام۴؍ بجے تعلیم حاصل کرسکیں گے

Mobile Library - Pic :  Inquilab
انبوزواڑی میں موبائل ایجوکیشن لائبریری سینٹر کے افتتاح کا منظر۔(تصویر: انقلاب

کووڈ۱۹؍کے سبب پیدا شدہ حالات میں  آن لائن تعلیم کا نظم کیا گیا ہے لیکن غربت اور مالی مسائل کے سبب بہت سے  طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے سے محروم  ہیں ۔ ایسے طلبہ کی سہولت اور انہیں تعلیمی نقصان سے بچانے کی غرض سے ممبئی میونسپل اینڈ پرائیویٹ  اردو ٹیچر یونین کی جانب سے آن لائن ایجوکیشن موبائل لائبریری کا نظم کیا گیا ہےجس کے ذریعے الگ الگ علاقوں میں طلبہ کو موبائل فون اور وائی فائی کی سہولت مہیا کروا کر سینٹر قا ئم کرکے آن لائن تعلیم کا نظم کیا جارہا ہے۔ اسی کے تحت مالونی میں انبوزواڑی کے گروکل اسکول میں پی نارتھ وارڈ کے اردو میڈیم کے طلبہ کیلئے پہلا سینٹر بنایا گیا ہے۔    وندے ماترم فاؤنڈیشن کی جانب سے مذکورہ اسکول میں جگہ کا نظم کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے بدھ کو ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیاتھا جس میں بیٹ آفیسر، اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ،  طلبہ اور والدین نے شرکت کی۔ پی نارتھ وارڈ کے انبوز واڑی علاقے میں قائم کئے گئے اس سینٹر میں صبح ۸؍  بجے سے شام۴؍ بجے تک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا اور جب تک کورونا کے سبب پہلے کی طرح اسکول معمول کے مطابق نہیں کھل جاتے ،  اس وقت تک یہ سینٹر جاری رہے گا۔ یہاں ایک ایک گھنٹے کا سیشن ہوگا اور پہلی سے دسویں جماعت تک کسی بھی اسکول کے طلبہ رجسٹریشن کرواکر آن لائن تعلیم حاصل کر سکیں گے۔‌ طلبہ کی رہنمائی کیلئے ۲؍ اساتذہ اور ایک سکشک سیوک موجود رہے گا۔ فوری طور پر۱۰؍ موبائل فون مہیا کروائے گئے ہیں اور ۲؍ طلبہ ایک موبائل کی مدد سے پڑھیں گے نیز جیسی ضرورت ہوگی اس کے مطابق مزید موبائل مہیا کروائے جائیں گے ۔
 انبوز واڑی میں پیر سےآن لائن ایجوکیشن لائبریری میں تعلیم کا آغاز ہوجائے گا۔ اس کیلئے بیٹ آفیسر کی جانب سےاساتذہ کی ڈیوٹی کے اوقات کا تعین بھی کردیا گیا ہے تاکہ اساتذہ کو بھی معلوم رہے اور ایسا نہ ہو کہ طلبہ تو موجود ہوں ، اساتذہ غیر حاضر ہوجائیں۔اس کے علاوہ جو طلبہ بی ایم سی اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں‌ ان کو بھی بتادیا گیا ہے ،  اردو میڈیم میونسپل اسکولوں کے طلبہ کو رجسٹریشن وغیرہ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
 انبوزواڑی میں سینٹر قائم کرنے کو ترجیح دینے کے تعلق سے بیٹ آفیسر اشفاق احمد رحمٰن شاہ نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ پی نارتھ وارڈ جس میں مالونی بھی شامل ہے، پورے وارڈ میں مجموعی طور پر ۵؍  ہزار ۲۴۹؍ اردو میڈیم  طلبہ ہیں جن میں سے ایک ہزار ۴۲۷؍ طلبہ ایسے ہیں جن کے پاس اینڈرائیڈ فون نہیں ہے اور ان میں سے۷۷۵؍  بچے مالونی کے ہیں اور ان طلبہ میں سے جن کے پاس اینڈرائیڈ موبائل نہیں ہے، ان میں سے ۴۹۸؍ بچے انبوزواڑی میں رہتے ہیں، اسی سبب اس علاقے کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بی ایم سی ای ڈی یو نام سے یوٹیوب چینل پر بھی اس کا نظم کیا گیا ہے، طلبہ اس سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں اور سبق پڑھ سکتے ہیں۔ آن لائن لائبریری یونین کے صدر جاوید انصاری نے کہا کہ اس کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے کہ مالی طور پر کمزور طلبہ کا‌ تعلیمی نقصان نہ ہو اور ان کو اس کے ذریعے تعلیم سے جوڑا جاسکے، اس میں کسی حد تک کامیابی بھی ملی ہے۔ سابق بیٹ آفیسر محمود خان نے کہا کہ اس سہولت  کے ذریعے طلبہ اپنا‌ تعلیمی سلسلہ جاری رکھیں تاکہ ان کا تعلیمی نقصان نہ ہو ۔اس موقع پر طلبہ اور والدین کو زور دے کر یہ یاددہانی کروائی گئی کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے توجہ دیں اور زیادہ سے اس سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اس موبائل لائبریری کا بہتر استعمال ہو اور اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں۔
  اس موقع پراسکولوں کے اساتذہ  فیروز شیخ، مشتاق زبیر، شیخ وسیم ،شیخ جمیل،رضوان انصاری  اور  خان جاوید کے علاوہ والدین اور طلبہ موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK