Inquilab Logo

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف مینارہ مسجد کے باہر زبردست احتجاج

Updated: July 04, 2023, 10:36 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مظاہرین نے ملعون سالوان مومیکا کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ مسلمانوں سے سویڈن کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

A scene of protest against Sweden outside Minara Mosque. (Photo: PTI)
مینارہ مسجد کے باہر سویڈن کے خلاف احتجاج کا منظر۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

عین عید الاضحی کے موقع پر سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ اور ماضی میں اسی ملک میں قرآن حکیم کی بے حرمتی کی مذمت اور مستقبل میں اس طرح کی حرکتوں کی روک تھام کیلئے آواز اٹھاتے ہوئے  محمدعلی روڈ پر واقع مینارہ مسجد کے باہر قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ پیر کی دوپہر رضا اکیڈمی نے زبردست احتجاج کیا اور مسلمانوں کو سویڈن  کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔
 قرآن مقدس کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کا آغاز قاری مفتی محمد نور الحسن علیمی کے ذریعہ تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلےکارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ’سویڈن بھی قرآن پاک (کا نسخہ) نذر آتش کئے جانے کا ذمہ دار ہے‘، ’قرآن شریف کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی‘ اور ’قرآن ہماری عزت ہے‘ جیسے نعرے انگریزی، ہندی اور اردو  میں  تحریر تھے۔ اس دوران مظاہرین نے ’عظمت قرآن زندہ باد‘، ’سویڈش حکومت مردہ باد‘ اور ’سویڈن مصنوعات کا بائیکاٹ کرو‘ جیسے نعرے لگائے۔
 اس موقع پر رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری سعید نوری نےکہا کہ ’’سویڈن اپنی حرکتوں سے باز آجائے کیوں کہ مسلمان اپنی جانوں سے زیادہ قرآن کریم سے محبت کرتے ہیں، اس کی بے حرمتی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘ انہوں نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ سویڈن بار بار ایسی حرکتوں کو دہرا رہا ہے، اس کے باوجودوہ سخت اقدامات نہیں کرتے جس کی وجہ سے اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کو مشتعل کرنے کیلئے کبھی ناموس رسالت پر حملہ آور ہوتی ہیں تو کبھی قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کی دل آزاری کرتی ہیں لہٰذا سربراہان  مملکت اسلامیہ فوری طور پر سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کریں اور گستاخِ قرآن ملعون سالوان مومیکا کو پھانسی دے۔انہوں نے مسلم ممالک کے سربراہان  بالخصوص اوآئی سی سے سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تاکہ اس  اسلام دشمن ملک کو سبق مل سکے۔
 مولانا خلیل الرحمٰن کی دعا پر احتجاج کا اختتام ہوا جس میں مولانا محمد عباس رضوی، مولانا ظفر الدین رضوی، مولانا قاری عبد الرحمان ضیائی، قاری سلیمان خان، محمد نور الحسن علیمی امجدی، مولانا قاری نیاز، الحاج محمد کمال احمد خان قادری اوردیگر  افراد شریک تھے۔

 

Quran sweden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK