Inquilab Logo

مولانا رابع حسنی ندوی :خاندانِ حسنی کی مجاہدانہ وراثت کا امین اُٹھ گیا

Updated: April 14, 2023, 4:38 PM IST | Bhiwandi

مولانا کا حادثہ ٔجانکاہ مسلم پرسنل لا بورڈ، ندوۃ العلما اور ہندوستان کے اہل علم ودانشوران کیلئے بڑا سخت مرحلہ ہے

Rabey Hasani Nadwi in a Majlis, with Rajnath Singh
رابع حسنی ندوی ایک مجلس میں،راجناتھ سنگھ کیساتھ

حضرت مولانا رابع حسنی ندوی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر اور ندوۃ العلما  (لکھنؤ) کے ناظم کی حیثیت سے تو متعارف تھے ہی مگر اُن کی شناخت اِن دونوں مناصب سے ہٹ کر ہے اور وہ ہے خاندانِ حسنی کی مجاہدانہ وراثت کے امین کی، وہ روایت جو شاہ علم اللہ صاحبؒ سے چلی آرہی تھی، سید احمد شہید سے ہوتی ہوئی، علی میاںؒ سے گزرتی ہوئی اِن تک پہنچی تھی۔اہلِ نظر جانتے ہیں کہ یہ سرمایہ کتنا قیمتی ہے، یوں تو ان کے سیکڑوں تلامذہ ہیں جو اپنی اپنی فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اُن کی شہرت ہندستان، بیرونِ ہندستان عرب و عجم تک پھیل چکی تھی۔ 
  یہ باتیں  مشہور عالمِ دین مولانا ابو ظفر حسان ندوی ازہری نے بیان کی ہیں ۔ مولانا نے کہا ’’مولانا رابع ندوی کی تصنیفی خدمات بھی بیش بہا اور ان گنت ہیں۔ عربیت ان کی ایک امتیازی خصوصیت رہی ہے،ان کی کتابیں عربی میں اہل علم سے خراجِ تحسین قبول کر چکی ہیں۔ ایسی شخصیت کا ہمارے بیچ سے ناگفتہ حالات میں اُٹھ جانا سانحے کو مزید کربناک اور غم آگیں بنا دیتا ہے  ۔حضرت مولانا علی میاںؒ کے بعد انھوں نے جس طرح ندوۃ العلما (لکھنؤ) کی باگ ڈور سنبھالی ، درونِ خانہ رہنے والوں کے ساتھ، باہری دُنیا کے لوگ بھی اس کے معترف ہیں۔ انھوں نے اپنی عمر کی   لگ بھگ  ۷؍ دہائیاں  ندوے کو دِی ہیں۔  مولانا کا حادثۂ جانکاہ مسلم پرسنل لا بورڈ کیلئے، ندوۃ العلما کیلئے، ہندستان کے اہل علم نیز دُنیا کے مسلم دانشوروں کیلئے بڑا سخت مرحلہ ہے۔ اللہ ان کو ، ان کے اہل ِ خانہ کو اور ندوی برادری کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین )خاص طور پر مولانا سید بلال حسنی کو جن کے اوپر بڑا بوجھ آن پڑا ہے اور ان کی ذمے داریوں میں اضافہ ہوا ہے، اللہ ان کے ذریعے ملت کے مسائل کے حل کی کوئی  بہتر شکل پیدا کردے۔(آمین) بالخصوص مسلم پرسنل لا بورڈ اور ندوۃ العلما کیلئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK