Inquilab Logo Happiest Places to Work

یونان کا بدترین ٹرین حادثہ:مرنے والوں میں نوجوانوں کی اکثریت

Updated: March 03, 2023, 12:32 PM IST | Athens

وزیر اعظم کے مطابق نوجوانوں کے اہل خانہ وضاحت طلب کررہے ہیں،مہلوکین کی تعداد ۴۳؍ ہوگئی

Debris is being removed after a train accident in Greece . (AP/PTI)
یو نان میں ٹرین حادثے کے بعد ملبہ ہٹایا جارہا ہے۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

 وسطی یونان میں منگل کی رات ۲؍ٹرینوں کی آمنے سامنے کی ٹکر  کے نتیجے میں مرنے والوں کی اکثریت نوجوانوں کی ہے ۔ یاد رہے کہ جمعرات کو اس حادثے میں  مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۴۳؍ہو گئی ہے، جبکہ ۵۷؍ افراداب بھی اسپتال میں زیر علاج  ہیں۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق یونان کے وزیر اعظم  کریاکوسمٹسوٹاکس نے  قوم کے نام اپنے  ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ ملک کے اب تک کے بدترین ٹرین حادثے میں مرنے والوںمیں زیادہ تر نوجوان تھے جن کے اہل خانہ اب وضاحت  طلب کر رہے ہیں۔
 انہوں نے یونان کے قومی ٹی وی چینل’ای آر ٹی‘ پر کہا،’’ہم کام کریں گے تاکہ لاریسا جیساحادثہ  دوبارہ کبھی نہ ہو، یہ کوئی کھوکھلا   وعدہ نہیں رہے گا، بلکہ اسے پورا کیا جائے گا ۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ حادثے کی مکمل تفتیش کرنے اور ریلوے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر کی جانچ کیلئے  ماہرین کی ایک آزادانہ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ مٹسوٹاکس نے کہا کہ اس حادثے کے بعد  ریلوے کے عہدیداروں نے استعفیٰ دے دیا ہے جن میں بنیادی ڈھانچے اور نقل و حمل کے  وزیرکوستم کرمن لیس بھی شامل ہیں ۔
 وزیر اعظم نے مزید بتایا  کہ کوستم کرمن لیس کے استعفیٰ کے بعد ملک کے وزیر مملکت گیو گورس گیراپیٹرائیس موسم بہار میں ہونے والے  عام انتخابات تک بنیا دی ڈھانچے اور نقل و حمل کے وزیر کے طور پر کام کریں گے۔
 ا دھر یونان کے فائر بریگیڈ محکمہ نے بتایا کہ حادثہ میں زخمی ہونے والے۶؍افراد آئی سی یو میں  ہیں۔محکمہ کے ترجمان واسی لیوس نے  میڈیا کو  بتایا کہ لاریسا شہر کے قریب تلاش اور بچاؤ مہم جاری  ہے۔ مرنےو الوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
  یادرہے کہ منگل کی شب  شمالی یونان  میں ایتھنز سے  تھیسالونکی شہر کے  بندرگاہ جانے والی ایک مسافر ٹرین اورایک مال گاڑی ایک ہی ٹریک پر تھیں لیکن ٹکر سے پہلے دونوں ٹرینیں کئی کلومیٹر تک مخالف سمتوں میں دوڑتی  رہیں ا ور دونوں حادثے کا شکار ہوگئیں۔

greece Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK