Inquilab Logo

مدھیہ پردیش بی جے پی میں ہلچل، الیکشن سے قبل تبدیلیوں کے آثار

Updated: May 30, 2023, 10:39 AM IST | Bhopal

ریاست میں کئی سطحوں کی میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان دہلی پہنچے، اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا امکان

Shivraj Singh Chauhan
شیوراج سنگھ چوہان

 مدھیہ پردیش جہاں اسی سال کے اواخر میں اسمبلی الیکشن ہونے ہیں، بی جےپی کی مقامی اکائی میں قیادت میں تبدیلی  اور کابینہ میں   ردوبدل کے حوالے سے ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ اس ہلچل میں  نئی اور پرانی بی جے پی  کے درمیان رسہ کشی بھی صاف نظر آنے لگی ہے۔ اس دوران ناراض اور غیر مطمئن لیڈروں کو نظر انداز کئے جانے کے الزامات کی وجہ سے پارٹی کی پریشانی بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔  اس بیچ یہ اشارہ ملنے کے بعد کہ بی جے پی ہائی کمانڈ جلد ہی پارٹی کی ریاستی اکائی میں تبدیلیوں کے تعلق سے کوئی فیصلہ کرسکتی ہے، ریاست میں زبردست سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے اور میٹنگوں کا دور شروع ہوگیا ہے۔ 
 تین دن قبل اچانک وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان  پارٹی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے تھے جہاں دن بھر بند دروازوں  کے پیچھے میٹنگوں کا سلسلہ دراز رہا۔ اس میں  وزیراعلیٰ کے ساتھ بی جےپی کے ریاستی صدر وی ڈی شرما، وزیر داخلہ نروتم مشرا، پارٹی میں  ریاستی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ، بی  جےپی تنظیمی  ڈھانچے کے قومی سیکریٹری  شیو پرکاش  اور ریاستی تنظیمی ڈھانچے کے سیکریٹری ہتانند شرما شریک  تھے۔ 
  مدھیہ پردیش بی جے پی میں  جاری یہ بحران پارٹی میں تنظیمی اور حکومتی سطح پر کچھ تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ بی جےپی کی ریاستی اکائی نے اس کی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ میٹنگ او بی سی کے معاملے پر تھی۔اس کے باوجود جو اُس وقت کی صورتحال تھی، وہ کچھ اور ہی منظر بیان کر رہی ہے۔میٹنگ کے آغاز سے قبل نروتم مشرا نے وی ڈی شرما سے ملاقات کی اور اس کے بعدوزیراعلیٰ سے ملنے پہنچے۔ اس سے قبل جمعرات کو مرکزی وزیرپرہلاد پٹیل اور نریندر سنگھ تومر  نے  بی جےپی کے قومی جنرل سیکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے ساتھ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے بندکمرے میں میٹنگ کی تھی۔ میٹنگوں کے اس سلسلے کے ختم ہونے  کے بعد وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان  پارٹی کی ریاستی اکائی  کے صدر وی ڈی شرما کے ساتھ دہلی روانہ ہوگئے جہاں ۲۸؍ مئی کو انہوں نے نئی پارلیمنٹ کے افتتاح میں شرکت کی۔ کہا جاتا ہے کہ اس کے بعد وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرنے اور ریاست کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کریںگے۔ اس درمیان انہوں نے وزیراعظم مودی کے ساتھ  بی جے پی کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK