Inquilab Logo

ممبرا :سرکاری اسکیموں کے تعلق سے شہریوں میں بیداری کیلئے کیمپ

Updated: May 27, 2023, 10:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

’حکومت آپ کے دروازے پر‘ مہم کے تحت میونسپل اسکول میں یہ کیمپ ۲۸؍ مئی تک جاری رہے گا۔متعدد افراد نے مختلف اسکیموں کے بارے میںمعلومات حاصل کی

A few people in the camp getting information about government schemes.
کیمپ میں چند افراد سرکاری اسکیموں کی معلومات حاصل کرتے ہوئے۔ (تصویر: انقلاب)

  ’حکومت آپ کے دروازےپر ‘ مہم کے تحت  سرکاری اسکیموں کے تعلق سے شہریوں  میں  بیداری لانے کیلئے  مختلف علاقوں  میں کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ ممبرا بازار  کے مراٹھی میونسپل اسکول  میں بھی ۲۴؍ مئی سے کیمپ لگایا گیاہے جو   ۲۸؍ مئی  تک صبح ۱۰؍ تا دوپہر ۴؍ بجےجاری رہے گا۔  نمائندۂ انقلاب نے  جمعہ کو مذکورہ کیمپ کا دورہ کیا  تو وہاں متعدد افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں ، ا سکیموں کے تعلق سے ضروری معلومات حاصل کرتے اوراپنا  اندراج کراتے نظر آئے۔
 اس سینٹر میں متعدد ٹیبل لگائے گئے ہیں جن  پر عوام کو مرکزی حکومت کی اسکیموں کے تعلق سے معلومات دی جارہی ہے۔ایک افسر سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے بتایاکہ  اس کیمپ میں مرکزی حکومت کی ۱۰؍ اسکیموں کے تعلق سے شہریوں کو معلومات دی جارہی ہے اور ان سے استفادہ کیلئے ضروری کھاتہ بھی کھولا جارہا ہے۔یہ کیمپ مودی کے ۹؍سال مکمل ہونے پر  بی جے پی کی جانب سےمنعقد کیاگیاہے۔ جن اسکیموں کے تعلق سے معلومات دی جارہی وہ درج ذیل ہیں:
(۱)    ’پرائم منسٹر روڈ وینڈرز آتم نر بھر ندھی (پی ایم سواندھی) اسکیم‘:  یہ اسکیم ہاکرس کیلئے ہے۔انہیں اپنا کاروبار  شروع کرنے کیلئے ۱۰؍ ہزار روپے قرض کیا جاتا ہے   اور یہ رقم ایک سال میں   ادا کرنی ہوتی ہے۔ ایک سال میں   قرض ادا کرنے کے بعد ہاکرس ۲۰؍ ہزار روپے کا قرض لے سکتے ہیں جسے ڈیڑھ سال میں ادا کرنا ہوتا ہے۔ اسے بھی بروقت ادا کرنے پر انہیں ۵۰؍ ہزار روپے تک قرض مل سکتا ہے۔اگر ہاکرس بروقت قرض ادا کرتے ہیں تو انہیں ۳؍ فیصد سود ادا کرنا ہوگا جبکہ ۷؍ فیصد سود حکومت ادا کرے گی۔
(۲)پردھان منتری شرم یوگی ماندھن یوجنا (پنشن اسکیم) : وہ شہری جو انفرادی طور پر ملازمت کرتے ہیں مثلاً موچی،   رکشا ڈرائیونگ، پلمبراور الیکٹریشین وغیرہ ،اگر ان کی سالانہ آمدنی ۱۵؍  ہزار روپے سے کم ہے تو  وہ   اس  اسکیم سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہیں ۶۰؍ سال   ہونے کے بعد ۳؍ ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی۔ اس کیلئے  ماہانہ ۵۵؍ تا ۲۰۰؍ روپےجمع کرانے ہوں گے۔
 (۳) دین دیال انتودیا یوجنا(خودروزگار پروگرام): اس اسکیم سے صرف بی پی ایل شہری ہی استفادہ کر سکتے ہیں اور چھوٹا کاروبار شروع کرنے کیلئے ۲؍لاکھ روپے تک قرض لے سکتےہیں۔ 
(۴)پردھان منتری مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری اسکیم: یہ اسکیم خواتین کے بچت گٹ کیلئے ہے۔ اس کیلئے خواتین کو مل کر ایک تنظیم ( بچت گٹ ) قائم کرنی ہوتی ہےجس میں صدر، سیکریٹری اور خزانچی   مقرر کئے جانے چاہئے۔ تنظیموں کی اراکین آپس میں کچھ رقم جمع کرتی ہیں اور جمع شدہ رقم سے ضرورت کے مطابق کسی رکن کی مالی مدد کی جاتی ہے۔ اگر ۶؍ ماہ تک بچت گٹ ایسا کام کرتا ہے تو اس بچت گٹ کو مذکورہ اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے ۱۰؍ لاکھ روپے تک مالی مدد دی جاتی ہے۔
(۵)مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا(۱۹۹؍ سنگین بیماریوں کا مفت علاج):  ریاستی حکومت کی اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپے سے کم آمدنی والے شہریوں کا سرکاری اور چنندہ پرائیویٹ اسپتالوں میں ۱۹۹؍ سنگین بیماریوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔
(۶)پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا:  اس اسکیم کےتحت کسی شخص کا ۲؍ لاکھ روپے کا انشورنس ہوتا ہے اور اس کیلئے زیرو بیلنس والا جن دھن کھاتہ ہونا لازمی ہے۔ اس انشورنس اسکیم  سے ۱۸؍ تا ۵۰؍ سال کے افراد استفادہ کر سکتے ہیں اوراس کی میعاد  یکم جون سے ۳۱؍ مئی  تک  ہوتی ہے اور اس کیلئے امیدوار کو ۴۳۶؍ روپے جمع کرنے ہوں گے ۔  انشورنس کی میعاد کے دوران انتقال ہونے پر ورثاء کو ۲؍ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
(۷)پردھان منتری سُرکھشا بیمہ یوجنا: اس انشورنس اسکیم کے تحت شہری کی حادثاتی موت ہونے پر ۲؍ لاکھ روپے اور حادثہ میں دونوں پیر، دو نوںہاتھ، دونوں آنکھیں زخمی ہونے پر ایک لاکھ روپے دیاجاتا ہے۔
(۸) پردھان منتری جن دھن یوجنا ( پی ایم جے ڈی وائی):یہ اسکیم مالی شمولیت سے متعلق ایک قومی مشن ہے جس کا مقصد سبھی خاندان کو بینکنگ خدمات مہیا کرانا ہے۔ یہ اسکیم مختلف مالی خدمات جیسے بینک میں بنیادی بچت کھاتہ کی دستیابی، ضرورت پر مبنی قرض تک رسائی ، رقم کی ادائیگی کی سہولت، بیمہ اور پنشن جیسی خدمات تک رسائی کو یقینی بناتی ہے۔ 
(۹) پردھان منتری ای شرم یوجنا: انفرادی طو رپر کام کرنے والے افرادکو ۲؍ لاکھ روپے کا انشورنس ملتا ہے ۔جن کی عمر ۱۸؍ تا ۵۹؍ سال ہے، وہ اس   سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔کسی دکان کا ملازم، سیلس مین،   رکشا ڈرائیور،ہیلپراورپنچر بنانے والا وغیرہ ۔ 
(۱۰) سیلف ہیلپ گروپ کی رجسٹریشن اور رعایتی قرض کی فراہمی : اس کیمپ میں بچت گٹ بنانے اور مختلف اسکیموں سے کیسے استفادہ کیاجاسکتا ہے،اس کی رہنمائی بھی کی گئی ہے۔ کئی شہریوں قرض لینے کیلئے آن لائن رجسٹریشن بھی کر رہے تھے۔
   انکوائری کیلئے  ہیلپ لائن نمبر ۱۸۰۰۳۰۰۲۸۵۲؍ پر رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔ 

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK