Inquilab Logo

’موجودہ وقت میںمسلمانوں کو حکمت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چاہئے‘

Updated: April 19, 2022, 7:18 AM IST | Deoband

ملک کے موجود ہ انتہائی تشویشناک حالات پر عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہاکہ مسلمانوں کو بزدلی کا راستہ چھوڑکر حکمت و دانائی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چاہئے،

Maulana Nomani Banarasi
مولانا نعمانی بنارسی

ملک کے موجود ہ انتہائی تشویشناک حالات پر عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہاکہ مسلمانوں کو بزدلی کا راستہ چھوڑکر حکمت و دانائی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چاہئے، اپنے اخلاق و معاملات کو درست کریں اور مذہب اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کا عملی نمونہ بن کر دکھائیں۔
  واضح رہے کہ اس وقت دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی اپنے وطن بنارس میں ہیں، جہاں اعتکاف وغیرہ کے ساتھ وہ رمضان کی عبادتوں میں مشغول ہیں اور مسلسل اپنی خانقاہ میں اصلاحی بیانات اور حالات حاضرہ سے مجلس کو آگاہ کررہے ہیں۔اسی سلسلے کے تحت گزشتہ روز  انہوں نےموجودہ حالات بالخصوص ملک میں جگہ جگہ رونما ہورہے فسادات کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسلمان اپنے اخلاق و معاملات کو درست کریں، گناہوں سے توبہ کریں، نئے سرے زندگی کا آغاز کریں، برادران وطن اور پڑوسیوں کے ساتھ اپنی اسلامی اخلاق و کردار کی وہ تصویر پیش کریں جو مسلمانوں کی حقیقی تصویر اور اسلامی کی حقیقی تعلیمات ہیں تاکہ ان کے ذہنو ں میں جو گندگی بھری جارہی ہے اس کا عملی توڑ پیدا ہوسکے۔
   انہوں نے کہاکہ دل کو مضبوط رکھیں، خوف ودہشت کو دل سے نکال دیں، موت کے خوف کو بھی دل سے نکال دیںکیونکہ موت ایک مرتبہ ضرور آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ مرنا برحق ہے اسلئے موت کے ڈر سے ہم گھر کے اندر بیٹھ کر دیکھتے رہیں تو یہ بھی طریقہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدانخواستہ حالات ایسے آ جائیں کہ ہمار ی جان و مال پر حملہ ہوجائے، تو ہم بزدل بن کر گھر میں نہ بیٹھے ر ہیں،ہم امن وامان کے محافظ ہیں،اپنی طرف سے  امن کے خلاف اقدامات نہیں کریں گے، لیکن اگر ہماری جان و مال عزت و آبرو کے اوپر کوئی حملہ آور ہوتاہے تو چھت پر چڑھ کر نعرہ تکبیر نہ لگائیں بلکہ اللہ نے جتنی طاقت و ہمت اور استطاعت اور جو اسباب فراہم ہوں، ان کے ذریعہ اپنادفاع کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ موت آئے تو عزت کے ساتھ آئے اور موت ضرور آئے گی لیکن دلوں میں بزدلی اور کمزوری بٹھاکر اپنے کو دوسروں کے سپرد کردینا یہ ایمان والوں کی شان نہیں ہے۔
 ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اہل سیاست کی خاموشی کا بطور خاص تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پورے ملک میں نفرت کا ایجنڈہ پھیلایا جارہاہےلیکن ہمارا کام محبت کے پیغام کو عام کرناہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK