Inquilab Logo

این سی بی کی خصوصی ٹیم کا آرین خان کو بھی سمن

Updated: November 09, 2021, 10:06 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

منشیات کے اس کیس کو رفع دفع کرنے کی سازش کا حصہ ہونے سے ملزم سنیل پاٹل کا انکار مگرایجنٹ سیم ڈیسوزا سے تعلق کا اعتراف ۔ ایس آئی ٹی کے سربراہ کی پنچ گواہ پربھاکر سیل اور دیگرتمام افراد سے پوچھ تاچھ کی یقین دہانی

Punch witness Prabhakar Cell with his lawyer at CRPF Guest House, Bandra.Picture:Inquilab
باندرہ کے سی آرپی ایف گیسٹ ہاؤس میں پنچ گواہ پربھاکرسیل اپنے وکیل کے ہمراہ ۔ تصویر انقلاب

اپنے محکمے کے افسر سمیر وانکھیڈے پر کروڑوں روپے ہفتہ مانگنے کے الزام کی تفتیش کرنے والی نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی ) کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) نے اب مذکور ہ بالامعاملہ میں آرین خان کو بھی سمن جاری کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے ۔اسی درمیان سمیر وانکھیڈے کو ۸؍ کروڑ روپے دینے کا الزام لگانے والے پنچ گواہ پربھاکر سیل نے بھی پیر کو ایس آئی ٹی کے روبرو حاضر ہوکر اپنا بیان درج کرایا ۔اس کے  علاوہ آرین خان کی گرفتاری کی سازش میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے سنیل پاٹل نامی شخص نےایجنٹ سیم ڈیسوزا سے واقف ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ مذکورہ بالا معاملہ کی جانچ کرنے والی ایس آئی ٹی کے سربراہ نے ہر اس شخص سے پوچھ تاچھ کرنے کا یقین دلایا ہے جو اس معاملہ سے وابستہ ہوگا ۔
 گزشتہ روز این سی بی کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے سمیر وانکھیڈے ہفتہ وصولی معاملہ میں ملزم ارباز مرچنٹ اوراچیت کمار کو ہی نہیں بلکہ آرین خان کو بھی سمن جاری کیا تھا ۔یاد رہے کہ گزشتہ سنیچر کو این سی بی دہلی نے سمیر وانکھیڈے کو آرین خان کیس سمیت کل ۶؍ معاملات کی تفتیش سے ہٹا دیا ہے ۔ اس فیصلہ کے بعد ہی این سی بی کی ایس آئی ٹی نے آرین خان اور اس کے دوست ارباز کو سمن جاری کرکے بیان درج کرنے کے لئے طلب کیا ہے ۔مذکورہ بالا معاملہ میں جاری تفتیش میں خصوصی ٹیم کو اس وقت مزید کامیابی ملی جب سمیر وانکھیڈے کو ۸؍ کروڑ دینے کا الزام لگانے والے پنچ گواہ پربھاکر سیل نے پیر کواین سی بی کے باندرہ میں واقع دفتر میں حاضر ہو کر اپنا بیان درج کرایا ۔یاد رہے کہ پربھاکر سیل نے آرین خان منشیات  معاملہ کو رفع دفع کرنے کے تعلق سے این سی بی پر بھی ۲۵؍ کروڑ ہفتہ مانگنے کا الزا م لگایا تھا ۔
  دوسری طرف سنیل پاٹل نامی شخص پر بی جے پی لیڈر اور رضا کار کے ساتھ مل کر آرین خان کو پھنسانےکا الزام لگایا گیا ہے ۔ اس ضمن میں سنیل پاٹل نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیاہے کہ وہ ایجنٹ سیم ڈیسوزا کو جانتا ہے  مگر آرین کیس کے گواہ کے پی گوساوی کو نہیں جانتا ۔
  اپنے محکمے کے افسر سمیر وانکھیڈے پر ہفتہ وصولی کے الزام کی جانچ کرنے والے این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گیانیشور سنگھ پیر کو دوبارہ ممبئی پہنچ گئے ہیں اور انہوںنے  نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’’ گواہ پربھاکر سیل کے علاوہ مذکورہ بالا کیس سے وابستہ ہر شخص سے پوچھ تاچھ کی جائےگی  ۔‘‘ 

aryan khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK