Inquilab Logo

ممبئی میں کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں : وزیر صحت

Updated: April 21, 2022, 10:26 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

راجیش ٹوپے نے شہریوںکو اطمینان دلایاکہ ملک کی تجارتی راجدھانی سمیت پوری ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہے اور قابو میں ہے

Health Minister Rajesh Tope talking to media persons
وزیر صحت راجیش ٹوپے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے

  مرکز کی جانب سے متعدد ریاستوں کو کورونا کو قابو میں رکھنے کے اقدام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اسی حوالے سے ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے شہریوںکو اطمینان دلایا ہےکہ ملک کی تجارتی  راجدھانی ممبئی سمیت پوری ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم اور قابو میں  ہے اس لئے گھبرانے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی فی الحال پابندیاں بڑھانے کی ضرورت ہے۔  ریاست فی الحال  ان لاک ہی رہے گی۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو بھی اختیاری ہی رکھا گیا ہے ،البتہ بیمار اور معمر افراد سے احتیاط بترنے کی درخواست کی ہے ۔
 اس سلسلے میں وزیر صحت نے کہاکہ ’’ مرکزی حکومت کی جانب سے  جو خط موصول ہوا ہے  اس میں ۵؍ تا ۸؍ ریاستوں کو ضروری اقدام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی سلسلےمیں  ہم نے گزشتہ روز ہی ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیاہے اور ڈائریکٹر ،نوڈل آفیسر اور کورونا پر قابو پانے کیلئے کام کرنے والے دیگر افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہے ۔گزشتہ روز کورونا کے ۱۳۵؍ نئے معاملات سامنے آئے جن  میں ممبئی کے ۸۵؍ اور دیگر اضلاع سے معمولی تعداد میں مریض پائے گئے ہیں۔ مہاراشٹر نے یومیہ ۴۷؍ ہزار تا ۶۰؍ ہزار تک معاملات دیکھے ہیں،  اس اعتبار سے یہ معاملات بہت کم  ہیں  اس لئے فی الحال ریاست میں کورونا کے مریض انتہائی کم اور قابومیں ہیں اور گھبرانے والی کوئی بات نہیںہے۔ ہم کورونا کے معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘
 انہوںنے مزید کہا کہ’’ ۱۲؍ تا  ۱۵؍ اور ۱۵؍ تا ۱۸؍ سال کےبچوں کو کورونا سے بچاؤ کی  ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور  اسکول انتظامیہ  اور سرپرستوں سے درخواست کی جارہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جلد از جلد ویکسین لگوا لیں تاکہ وہ کورنا سے محفوظ ہو جائیں۔ ‘‘ انہوںنے یقین دلایا کہ بچوں کوویکسین لگانے کیلئے وافر مقدار میں ویکسین دستیاب ہے۔‘‘
بوسٹر ڈوز لازمی نہیں
  راجیش ٹوپے نے کہا کہ’’ مرکزی حکومت نے کہیں بھی یہ نہیں کہا ہے کہ جن افراد نے کورونا سے بچاؤ کے ۲؍ویکسین لگالئے  ہیں انہیں بوسٹر ( احتیاطی ) ڈوز لگوانا لازمی ہے۔لیکن اگر کسی کو محسوس ہوتا ہے تو وہ اینٹی باڈی ٹیسٹ کر وائے اور اینٹی باڈی کی شرح کم ہونے پر وہ پرائیویٹ اسپتال میں بوسٹر ڈوز لگوا سکتا ہے۔  اس لئے یہ اختیاری ہے البتہ یہ پرائیویٹ اسپتال اور ویکسین سینٹروں پر بھی حکومت کی جانب  سے طے شدہ فیس (تقریباً  ۲۵۰؍  روپے ) پر دستیاب ہیں۔وہاں اہل شہری بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ دونوں ہی ویکسین کووی شیلڈ اور کو ویکسین  دونوں کے ڈوز وافر مقدار میں دستیاب  ہیں۔  پرائیویٹ اسپتال یہ ویکسین خرید کر ان کے یہاں ویکسین کیلئے آنے والے مریضو ں کو اسے لگوا سکتا ہے۔‘‘
اسکول بند کرنے کی ضرورت نہیں
 اسکولوں کے بند کرنے کے تعلق سے کئے گئے  ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے کہا کہ’’فی الحال اسکول بند کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی ہے البتہ اگر کوئی مریض کورونا سے متاثر پایا جاتا ہے تو اس کے رشتہ دار اور رابطے میں آنے والے شہریوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس حصوں میں زیادہ مریض مل رہے ہیں وہاں بھی جانچ اور علاج کا سلسلہ سنجیدگی سے کیاجارہا ہے تاکہ یہ مرض زیاد ہ نہ پھیلے اورمریض نہ بڑھیں۔‘‘
ماسک لگانا لازمی نہیں، عوامی مقامات پر ماسک پہننا بہتر
 وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہاکہ ’’پہلے ماسک پہننا لازمی قرار دیاگیاتھااور نہ پہننے والے شہریوں سے جرمانہ وصول کیا جاتا تھا لیکن اسے ابھی اختیاری قرار دیاگیا ہے۔اسی کے ساتھ میری درخواست ہے کہ دیگر بیماریوں میں ملوث افراد اور معمر افراد عوامی مقامات پر ماسک پہن کر ہی جائیں۔ البتہ جیسے حالات ہوں ویسے اس بارے میں جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیاجائے گا۔‘‘
 واضح رہے کہ دہلی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد ایک بار پھر وہاں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیاگیا ہے۔واضح  رہےکہ گزشتہ دو تین دن سے کورونا کے معاملات میںشرح میں اضافے سے شہریوںمیںیہ تشویش پائی جارہی تھی کہ کہیںدوبارہ  پابندیاں نافذنہ کی جانے لگیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK