Inquilab Logo Happiest Places to Work

فن سکھ وانگڑو مرکز کے خلاف احتجاجاً بھو ک ہڑتال پر

Updated: February 03, 2023, 8:46 AM IST | jammu

جن سےمتاثر ہوکرعامر خان کی’تھری ایڈیٹس‘ بنائی گئی ہے، کا مرکز پرماحولیات مخالف اقدام کا الزام

Phunsukh Wangdu
فن سکھ وانگڑو

فُن سکھ ( اصل نام سونم وانگڑو) وانگڑو پیشے سے ایک انجینئر اور ماہر تعلیم ہیں جن کی زندگی سےمتاثر ہو کر عامر خان کی فلم’تھری ایڈیٹس‘ بنائی گئی تھی۔امیتابھ بچن کے شو’کون بنے گا کروڑپتی‘   میں بھی لوگ انہیں دیکھ چکےہیں ۔۲۰۱۸ء میںانہیں میگسیسے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ کسی نہ کسی طرح سرخیوںمیں رہنے والے فن سکھ وانگڑو  نےحال ہی میں ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس کا میڈیا میں کہیں کوئی تذکرہ نہیں ہے۔  ٹویٹرپر ایک ویڈیو جاری کرکے فن سکھ وانگڑو نےانکشاف کیا ہے کہ وہ  لداخ   میں پہاڑ کی اونچائیوں پر  ۲۶؍ جنوری سے بھوک ہڑتال کر رہے ہیں ۔ اس دوران پولیس نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور ایک طرح سے انہیں نظر بند کر دیا ہے۔   ان کا دعویٰ  ہےکہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں  ایک طرح سے نظر بند کر رکھا ہے۔ وجہ صرف یہ ہے کہ جموں کشمیر کو ایک یونین ٹیریٹری قرار دینے کے بعد حکومت نے  وہاں جو اقدامات کئے وانگڑو ان میں سے بعض کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ یہ ماحولیات کے خلاف ہیں۔ انتظامیہ لداخ میں صنعتی کارخانے کھولنےجا رہا ہے جس کی وجہ سے لداخ جو ایک سیاحتی مقام ہے اس کی خوبصورتی اور آب و ہوا پر اثر ہو سکتا ہے۔اسی کے پیش نظر  وانگڑو نے ۲۶؍ جنوری سے بھوک ہڑتا ل شروع کی تھی جس کی کسی بھی ٹی وی چینل پر کوئی خبر نہیں آئی۔ 
  فن سکھ وانگڑو کا دعویٰ ہے کہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے ایک قرار نامہ دیا گیا تھا جس میں لکھا تھا کہ وہ انتظامیہ کے اقدامات سے متفق ہیں۔ جب انہوں نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کیا تو پولیس ان کے تعلیمی ادارے سے ۳؍ ٹیچروں کو اٹھا لے گئی اور  وانگڑو پر دبائو بنایا گیا کہ اگر ان ٹیچروں کو رہا کروانا ہو تو وہ قرار نامے پر دستخط کر دیں۔  عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم نے وزیراعظم نریندر مودی  سے اپیل کی   کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں کیونکہ یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر من مانی کر رہے ہیں۔  انہوںنےاپنے ویڈیو میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ ایل جی  اپنے اقدامات کے ذریعے لداخ میں بھی دہشت گردی کے بیج بورہےہیں۔‘‘حالانکہ اس پر بعض اخبارات نےپولیس سے رابطہ ضرور کیا جس پر جموں کشمیر پولیس نے جواب دیا کہ فن سکھ وانگڑو (عرف سونم وانگڑو)کونظربند نہیں کیا گیا ہے بلکہ ان کی حفاظت کی خاطر وہاں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے کیونکہ وہ منفی ۴۰؍ ڈگری درجہ حرارت میں بھوک ہڑتال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جان کو خطرہ ہو سکتاہے۔کہا جاتا ہے کہ اگست ۲۰۱۹ء میں جب مودی حکومت نے جموں کشمیر سے آرٹیکل ۳۷۰؍ کو  ختم کیاتھا تو اس اقدام کی حمایت کرنے والوں میں فن سکھ وانگڑو بھی شامل تھے۔    اہم بات یہ ہے کہ اس وقت فن سکھ وانگڑو کو ایک بڑی شخصیت کے طور پر پیش کرنے والے ٹی وی چینل ان کی بھوک ہڑتال اور نظر بندی کے دعوے پر خاموش ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK