گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوںمیں مزید ۱۱؍ مریض فوت ، یومیہ اوسطاً ۱۳؍ اموات
EPAPER
Updated: October 12, 2023, 7:40 AM IST | nanded
گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوںمیں مزید ۱۱؍ مریض فوت ، یومیہ اوسطاً ۱۳؍ اموات
حال ہی میں ناندیڑ کے ضلع سرکاری اسپتال میں ۲۴؍ گھنٹو میں ۲۴؍ مریضوں کی اموات کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس پر ریاست بھر میں ہنگامہ ہوا لیکن ناندیڑ کے شنکر رائو چوان اسپتال میں مریضوں کی اموات کا سلسلہ بھی روکا نہیں جا سکا ہے۔ اطلاع کے مطابق گزشتہ ۸؍ دنوں کے اندر مذکورہ اسپتال میں کل ۱۰۸؍ اموات ہو چکی ہیں۔
اسپتال کے ڈین شیام واکوڑے نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے درمیان یہاں ۱۱؍ مریضوں کی اموات ہوئی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ بھی ایک بڑی تعداد ہے۔ ایک روز قبل ہی یہاں ۱۳؍ اموات ہوئی تھیں۔ عام طور پر یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ان دنوں دوائوں کی جو قلت ہے اسی کے سبب یہ اموات ہو رہی ہیں لیکن شیام واکوڑے نے ایک بار پھر اس بات کی تردید کی کہ ان اموات کے پیچھے دوائوں کی کمی کوئی سبب ہے۔
ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شیام واکوڑے نے بتایا کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے درمیان ہم نے ۱۱؍ سو مریضوں کا چیک اپ کیا جن میں سے ۱۹۲؍ کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں اوسطاً یومیہ ۱۳؍ اموات ہو رہی تھیں لیکن گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۱۱؍ اموات ہوئیں یعنی اب یہ تعداد کم ہو رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ ہم نے آئندہ کیلئے دوائیں جمع کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیلتھ آفیسر بھی مریضوں کی مد د کر رہے ہیں۔ دوا کی کمی کے سبب کسی بھی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا ’’مریضوں کی حالت انتہائی نازک ہونے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔‘‘ اس دوران کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے بتایاتھا کہ یہاں گزشتہ دنوں ۶۰؍ نو نہالوں کو داخل کروایا گیا تھا لیکن ان کی دیکھ بھال کیلئے اسپتال میں صرف ۳؍ ڈاکٹر تھے۔ اس سے یہاں وسائل کی تنگی کا اندازہ ہوتا ہے۔