این جی ٹی کی پونےبینچ نے ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزیوں کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی
Updated: May 08, 2023, 1:29 PM IST | Ali Imran | chandrapur
این جی ٹی کی پونےبینچ نے ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزیوں کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی
نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے گھوگھس میں اڈانی گروپ کے اے سی سی سیمنٹ پلانٹ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ این جی ٹی کی پونے بنچ نے ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات کی جانچ کیلئے ضلع مجسٹریٹ اور مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ سریش پائیک راؤ نے۷؍ جون ۲۰۲۲ء کو نیشنل گرین ٹریبونل کورٹ میں شکایت درج کی تھی۔
اس شکایت کو این جی ٹی ایکٹ۲۰۱۰ء کے سیکشن۱۴؍ ا ور۱۵؍کے تحت قبول کیا گیا تھا۔ شکایت میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مذکورہ سیمنٹ کمپنی ناگپور، ممبئی، پونے، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور بنگلورو سے ناکارہ کپڑے،ایکسپائر شدہ دوائیں وغیرہ ٹرانسپورٹنگ کررہی ہے۔ پلاسٹک کے زرعی فضلے کو جلانے سے مقامی لوگوں کی صحت کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ یہ بھی الزام لگایا گیا تھا کہ کمپنی کی اس کارکردگی سے وردھا ندی میں آبی آلودگی ہورہی ہے۔ رہائشی علاقوں میں ٹرکوں کی پارکنگ کی وجہ سے شور اور فضائی آلودگی کی بھی شکایت کی گئی تھی۔ نیشنل گرین ٹریبونل نے سریش پائیکاراؤ کی اس شکایت پر انکوائری کی ہدایت دی ہے۔ اس کے لیے سب ڈویژنل افسر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی سب ریجنل پولوشن کنٹرول ڈپار ٹمنٹ، مائننگ ڈپارٹمنٹ کے افسران پر مشتمل ہے ۔چندر پور کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ ونے گوڑا نے کہا کہ کمیٹی اے سی سی کمپنی کا دورہ کرے گی اور معاملے کی تفصیلی جانچ کرے گی اورکارروائی کی رپورٹ این جی ٹی کو بھیجے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ این سی پی کے ضلع صدر راجندر ویدیا نے بھی اس معاملے کی شکایت محکمہ آلودگی کنٹرول بورڈ اور وزیر ماحولیات سے کی ہے۔