Inquilab Logo

کراچی میں طیارہ بستی میں گر پڑا،کم از کم ۳۰؍ افراد ہلاک

Updated: May 23, 2020, 4:34 AM IST | Karachi

لاہور سے کراچی آنے والا مسافر بردار طیارہ ایئر پورٹ لینڈنگ سے کچھ لمحے پہلے حادثے کا شکار ، کئی مکانات تباہ، بستی میں بھگدڑ۔

Plane crash Photo: PTI
طیارہ حادثہ۔ تصویر: پی ٹی آئی

 لاہور سے آنے والا پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا۔ پی آئی اے کا یہ مسافر بردار طیارہ لاہور سے کراچی آرہا تھا کہ لینڈنگ سے کچھ ہی دیر پہلے ہوائی اڈے سے متصل علاقے ماڈل ٹاؤن کی رہائشی کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے سے کئی مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی ہے۔حادثے کا شکار پرواز عید کی مناسبت سے خصوصی طور پر چلائی گئی تھی۔سوال ایویشن کے ذرائع کے مطابق طیارے نے دوپہر ایک بج کر ۱۰؍ منٹ پر اڑان بھری تھی اور اپنے مقررہ وقت پر کراچی پہنچ گئی تھی تاہم لینڈنگ سے چند ہی لمحوں پہلے ۲؍ بج کر ۳۷؍ منٹ پر ایئر کنٹرول کے رڈار سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا اور بعد ازاں کپتان سجاد گل نے ایئر کنٹرول ٹاور کو طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے بارے آگاہ کیا۔
 اطلاع کے مطابق طیارے میں ۹۱؍ مسافر اور عملے کے ۸؍ اہلکار سوار تھے۔ صوبہ سند کے محکمہ صحت کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی کے جناح اسپتال میں ۱۷؍ اور سول اسپتال میں ۱۳؍ لاشیں لائی گئی ہیں ۔ یعنی ۳۰؍ افراد کے ہلاک ہوچکے ہیں ۔ حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے جو کورونا کے سبب پہلے الرٹ پر ہیں ۔ 
  ادھر سندھ کے گورنر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اطلاع دی ہے کہ حادثے میں جن لوگوں کے مکان تباہ ہوئے ہیں انہیں ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ فی الحال اس بات کی اطلاع نہیں ملی ہے کہ کل کتنے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو فوری طور پر مہلوکین کے گھروالوں اور زخمیوں کو مدد پہنچانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
 اس موقع پر پاکستان کے صدر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور فوجی سربراہ جنرل قمر باجوہ نے ٹویٹ کرکے مہلوکین کے گھر والوں سے اظہار تعزیت کیا۔ عمران خان نے لکھا ہے کہ مہلوکین ک گھروالوں کی اور زخمی مسافروں کی فوری امداد کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے حادثے کی تحقیقات کا بھی حکم جاری کی ہے۔ انہوں نے اطلاع دی کہ وہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ارشد ملک کے رابطے میں ہیں جو کراچی کیلئے روانہ ہو چکے ہیں۔ 
 اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ٹویٹ کرکے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے لکھا ہے کہ میں طیارہ حادثے میں ہوئے جانی نقصان کے سبب افسردہ ہوں ۔ ساتھ ہی مہلوکین کے گھروالوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔  

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK