Inquilab Logo

مہاراشٹر میں وزراء کے اختیارات نوکر شاہوں کے حوالے

Updated: August 07, 2022, 11:09 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ شندے کے فیصلے پر شدید تنقیدیں ،اجیت پوار نے کہا کہ ’’ اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ،اگر سیکریٹری وزراء کا متبادل ہو سکتا ہے تو وزیر اعلیٰ بھی اپنے اختیارات چیف سیکریٹری کو سونپ دیں‘‘

Chief Minister Eknath Shinde is accused of acting on BJP`s cues
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے کا الزام لگ رہا ہے

شیو سینا سے بغاوت کرکے بنائی گئی ایکناتھ شندے کی حکومت میں کابینہ کی توسیع  اب تک نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے بی جے پی اور شندے گروپ پر شدید تنقیدیں ہو رہی ہیں۔ حکومتی کام کاج بھی رُکا ہوا ہے اور امکان ہے کہ کابینہ کی توسیع میں مزید وقت لگ سکتا ہے اسی لئے  وزیر اعلیٰ   نے تمام وزراء کے محکموں کے اختیارات ان محکموں کے سیکریٹروں کو دے دئیے ہیں۔ یعنی مہاراشٹر میں اس وقت  تمام حکومتی امور نوکر شاہوں کے بھروسے چل رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ شندے کے اس فیصلے پر شدید تنقیدیں بھی ہو رہی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ مہاراشٹر میں شاذ و نادر ہی ایسا ہوا ہوگا کہ وزراء کےبجائے ریاست کا انتظام ان کے سیکریٹری سنبھال رہے ہیں حالانکہ وزیر اعلیٰ شندے نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
   واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ شندے نے حکم نامہ جاری کرکے یہ  ریاست کا انتظامیہ متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹریز کو سونپا ہے۔ چونکہ ریاست کے مختلف محکموں میں کام کاج ٹھپ ہے، اپیلوں اور درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے ، مختلف سرکاری فیصلے سے متعلق عدالتی جائزہ کا عمل بھی رُکا ہوا ہے   اس لئے کہا جارہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شندے کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔  واضح رہے کہ اس وقت ریاست کےداخلہ ، محصولات ، شہری ترقیات ، رسد و خوراک ، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ، دیہی ترقیات، محکمہ تعلیم اور دیگر میں کام کاج کسی وزیر کے نہ ہونے کی وجہ سے تقریباً ٹھپ ہے ۔
  اس بارے میںاپوزیشن لیڈروں کا کہنا ہے کہ  وزیر اعلیٰ دہلی کے آگے مجبور نظر آرہے ہیں ،اسی لئے حکومت سازی کے ۳۶؍ دن گزر جانے کے باوجود اب تک کابینہ  میں توسیع نہیں ہو سکی ہے۔اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے تو  یہاں تک کہہ دیاکہ اگر سیکریٹری  وزیر کا متبادل ہو سکتا ہے تو وزیر اعلیٰ بھی اپنے اختیارات چیف سیکریٹری کو سونپ  دیں۔
 اجیت پوار نے پونے میںمنعقدہ جلسہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینہ ہو گیا ہے اور ضلعوں کا سرپرست وزیر  تک مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ کابینہ میں توسیع بھی نہیں ہو ئی ہے۔ میڈیا کے ذریعہ جب بھی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ فرنویس سے اس بارے میں پوچھا جاتا ہے تو ان کے منہ سے صرف یہی الفاظ نکلتے ہیں کہ’’ جلد ہی... ہو گا، کریں گے...‘‘لیکن  ہمارا سوال ہے کہ یہ کب ہوگا؟
 اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے  مزید کہا کہ کابینہ کی توسیع نہ ہونے اور محکموں کی تقسیم نہ ہونے سے عوام پریشان ہیں۔  ریاست میں کئی مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے، طرح طرح کے بحران پیدا ہوئے ہیں، مختلف واقعات رونما ہوئے ہیں، نئے تعلیمی سال کیلئے داخلے بھی شروع ہو چکے ہیں، اس سلسلے میں والدین اور طلبہ کو  متعدد دشواریوں کا سامنا ہے، سب وزراء کے محکموں میں آنے کا انتظار کررہے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ ہم دونوں ہیں.... ہم دونوں ہیں نا .... کیا یہ دونوں مل کر اتنی بڑی ریاست کا انتظام سنبھال سکتے ہیں؟ انہیں خود سوچنا چاہئے اور عوام کو بے وقوف بنانا بند کردینا چاہئے

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK