Inquilab Logo

ٹماٹر ہی نہیں دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان پر، جلد راحت ممکن نہیں

Updated: July 12, 2023, 12:07 PM IST | New Delhi

 شدید بارش کی وجہ سے جہاں فصلوں کو نقصان پہنچا وہیں سپلائی بھی متاثر ہوئی، ٹماٹر نے ۲۰۰؍ کا ہندسہ پار کیاتو ادرک بھی ۳۰۰؍ روپے کلو تک پہنچی، کریلا اور لَوکی بھی ۶۰؍ کے پار

Congress workers in Assam during a protest against rising prices of vegetables. (PTI)
آسام میں کانگریس کارکن سبزیوں کی مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران ۔ ( پی ٹی آئی)

 ملک کے  کئی  حصوں  میں   ٹماٹر کی قیمت جہاں  ۲۰۰؍  روپے فی کلو سے   تجاوز کرچکی ہے وہیں ادرک نے بھی گزشتہ  ۱۵؍ دنوں میں  ۶۰؍ روپے کی چھلانگ لگائی ہے۔ ادرک  متعدد علاقوں میں  ابھی ۱۵؍ دن پہلے  ۲۴۰؍ روپے کلو تھی مگر اب  ۳۰۰؍ روپے فی کلو سے تجاوزکرگئی ہے۔ یہی حال دیگر سبزیوں کا ہے۔ عام صارفین کو  کم از کم مہینے بھر ان بڑھتی ہوئی قیمتوں سے  راحت ملنے کی امید بھی نہیں ہے ۔مختلف ریاستوں  میں  ہونے والی بارش نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ 
 سپلائی ٹھپ، فصلوں کو نقصان
 ملک کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث سبزیوں کی سپلائی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔  سپلائی میں  خلل کی وجہ سے  ٹماٹر  کے علاوہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں  بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔ دہلی سمیت ملک کے کچھ حصوں میں ٹماٹر کی خردہ قیمت۲۰۰؍ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ تاجروں کا کہنا  ہے کہ کازرعی علاقوں میں شدید بارش سے پانی جمع ہونے سے ٹماٹر کی فصل کو کافی نقصان بھی  پہنچا ہے۔ حال ہی میں حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ ۲؍ ہفتوں میں قیمتیں   قابو میں آجائیں گی   لیکن  اب  اس کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔
پھول گوبھی ۱۸۰؍ روپے تک پہنچ گئی
 زیرزمین کاشت کی جانے والی  پیاز اور ادرک بھی خراب موسم کی  زد میں  آ گئی ہیں۔ ہماچل  پردیش، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان سمیت کئی  ریاستوں میں گزشتہ چند دنوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ جس سے کئی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ فرنچ بین، پھول گوبھی، پتہ گوبھی اور ادرک جیسی دیگر سبزیوں کے علاوہ پیاز اور آلو کی خردہ قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر سبزیاں رٹیل میں ۶۰؍ روپے فی کلو   سے اوپر  فروخت ہورہی ہیں۔ مثال کے طور پر بھنڈی کی  ۸۰؍ روپے فی کلو ہے، کریلا، لوکی اور ککڑی کی   ۶۰؍ روپے فی کلو کے آس پاس فروخت ہورہی ہے۔  پھول گوبھی ٹماٹر کا مقابلہ کرتی نظر آرہی ہے۔ کئی علاقوں میں یہ ۱۸۰؍ روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ 
ٹماٹر کی قیمت کہاں کیا ہے؟
  وزارت برائے امور صارفین  کے اعداد و شمار کے مطابق  پیر کو ٹماٹر کی کل ہند اوسط خردہ قیمت۱۰۴ء۳۸؍ روپے فی کلوگرام رہی۔  راجستھان  کے سوائی مادھوپور میں ٹماٹر سب سے مہنگا یعنی ۲۰۰؍ روپے فی کلو فروخت ہوا جبکہ سب سے سستا ۳۱؍ روپے فی کلوچورو میں  بکا۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ میٹروپولیٹن شہروں میں کولکاتا میں ٹماٹر سب سے مہنگا یعنی ۱۴۹؍ روپے فی کلو فروخت ہوا جبکہ  ممبئی میں  ۱۳۵؍ روپے  فی کلو، چنئی میں۱۲۳؍ روپے  اور دہلی میں۱۰۰؍ روپے فی کلو فروخت ہوا۔ 
جلد  راحت کی امید کم
 دہلی کی آزاد پور سبزی منڈی کے رکن اور آزاد پور ٹماٹر اسوسی ایشن کے صدر اشوک کوشک نے بتایا کہ گزشتہ ۲؍دنوں سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے دہلی میں ٹماٹروں کی سپلائی مزید متاثر ہوئی ہے۔ اگر موسلادھار بارش جاری رہی تو قیمتوں میں جلد کمی ممکن نہیں ہے۔ پیر کو آزاد پور منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت۱۰۰؍ سے ۱۶۰؍  روپے فی کلورہی۔ کوشک نے بتایا کہ فی الحال  ہماچل پردیش اور کرناٹک سے دہلی میں ٹماٹر کی ضرورت پوری ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  ہرسال بارش میںسبزیاں مہنگی ہوجاتی ہیں کیونکہ کچھ فصلیں پانی بھر جانے کی وجہ سے تباہ ہو جاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK