Inquilab Logo

پائیدھونی :عبدالقادر حافظکامیونسپل اسکول میں کوڑاکرکٹ کا انبار

Updated: September 03, 2021, 8:53 AM IST | Sadaat Khan | Mumbai

مقامی افراد میں ناراضگی ۔ ۵،۶؍سال سے کوڑاکرکٹ نہ اٹھانے کی شکایت۔ اسکول سے متصل بلڈنگ کے مکینوںکو شدید پریشانی کا سامنا۔ تعفن اور آلودگی سے لوگ بیمار پڑرہےہیں

A pile of garbage can be seen in the premises of Abdul Qadir Hafizka Marg Primary Municipal Urdu School.Picture:Inquilab
عبدالقادر حافظکا مارگ پرائمری میونسپل اردو اسکول کے احاطے میں کوڑاکرکٹ کا ڈھیر نظر آرہا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 یہاں گھوگھاری محلہ میں واقع عبدالقادر حافظکا مارگ پرائمری میونسپل اُردو اسکول کے احاطے اور اس سے متصل ۴؍منزلہ نیاز والا بلڈنگ اور محمد ی منزل کی ہائوس گلی کا کوڑاکرکٹ گزشتہ کئی سال سے صاف نہیں کیا گیاہے جس سے ان دونوں مقامات پر کوڑاکرکٹ کا انبار لگ گیاہے۔ مقامی افراد کےمطابق متعدد مرتبہ شکایتو ںکے باوجود گزشتہ۵، ۶؍سال سے کوڑاکرکٹ نہیں اُٹھایا گیا ہے جس سے اسکول سےمتصل بلڈنگ کے مکینوںکو شدید  پریشانی ہورہی ہے۔ تعفن اور آلودگی سے بیشتر لوگ متواتر بیمار پڑرہےہیں۔ کوڑاکرکٹ پہلی منزل کے گھروںکی کھڑکی تک پہنچ گیا ہے۔ بدھ کو عام پارٹی کے رضاکاروں نے اس تعلق سے جائے وقوع پراحتجاج بھی کیاتھا۔ 
  نیاز بلڈنگ محمد ی منزل کے پہلے منزلے پر رہائش پزیر منصور عبدالمجید بٹاٹا والا نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ہماری بلڈنگ  سے متصل ہی  اسکول کی عمارت   ہے۔ ہماری بلڈنگ کی ہائوس گلی کئی سال سے صاف نہیں کی گئی  ہے جس سے ہائوس گلی میں کوڑے کرکٹ کا انبار لگ گیاہے ۔ بی ایم سی میں شکایت  کےباوجود ہائوس گلی کی صفائی نہیں کی جارہی ہے۔ کچھ تکنیکی دشواریاں بھی ہیں جس کی وجہ سے بی ایم سی  اہلکار آتے ضرور ہیں مگر اُوپر سے صفائی کرکے سارا کوڑاکرکٹ جو ں کاتوں چھوڑ جاتے ہیں۔کئی برسوں کا کوڑاکرکٹ جمع ہونے سے گرائونڈ فلو ر کے گھروں میں گٹر کا پانی داخل ہورہاہے۔ غلاظت اور گندگی سےبلڈنگ اور اطراف کے لوگ بیماریوں میں مبتلاہورہےہیں۔ حالانکہ یہ کچرا کہیں اور کانہیں بلڈنگ کا ہی ہے مگر بلڈنگ کے کچرے کو ڈمپ کرنےکاانتظام نہ ہونے سے لوگ ہائوس گلی میں کوڑاکرکٹ پھینکتے ہیں اور بی ایم سی  اسےصاف نہیں کرتی ہے جس سے یہ پریشانی ہورہی ہے۔ ہم چاہتے ہیںکہ اس کوڑاکرکٹ کو پہلے صاف کیاجائے، بعدازیں ہمیں بھی کوڑاکرکٹ جمع کرنے کیلئے ڈبہ وغیرہ کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ روزانہ نکلنے والے کوڑے کرکٹ کو ڈبہ میں ڈال کر پھینکا جاسکے۔ ‘‘
 اسی عمارت کی پہلی منزل پر رہائش پزیر منیر خان نےکہاکہ ’’کوڑاکرکٹ کا انبار میرے گھرکی کھڑکی تک پہنچ گیاہے جس کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سےمیں نے کھڑکی نہیں کھولی ہے ۔کچراکی وجہ سے کھڑکی کھولنا بھی چاہوں تو نہیں کھلتی ہے ۔ کوڑاکرکٹ سے گھر میں کیڑےمکوڑے آرہے ہیں۔ آلودگی سے گھر کے تمام لوگ  بخار، سردی ، زکام اور ملیریا وغیرہ میں مبتلارہتےہیں۔ مجھے نہیں یاد آرہاہےکہ کب یہاں کی ہائوس گلی صاف کی گئی تھی۔ میرے خیال سے ۵، ۶؍سال ہوگئے ہوںگے ہائوس گلی کی صفائی کو، گزشتہ دنو ں سو شل میڈیا کے ذریعے پتہ چلاکہ عام آدمی پارٹی (آپ)ممبادیوی حلقہ میں صاف صفائی سے متعلق مہم چلارہی ہے۔ ہماری بلڈنگ کے لوگوںنے اس پارٹی کے مقامی ذمہ داران کو اس بارےمیں شکایت کی تو ان لوگو ںنے بدھ کو یہاں احتجاج کیاتھا۔‘‘
 عام آدمی پارٹی ممبادیوی حلقہ کے وارڈ نمبر ۱۸۶؍ کے کارگزار صدر جنید خان نے بتایاکہ ’’ ہماری پارٹی اس حلقہ میں کچرا مکت مہم چلارہی ہے ۔ مذکورہ معاملہ میں مقامی افراد نے ہم سے شکایت کی تھی اس لئے بدھ کو مذکورہ اسکول کے احاطے کے قریب آندولن کیاگیاتھا تاکہ جلد از جلد یہاں  کا کوڑاکرکٹ صاف کیاجائے ۔ اس تعلق سے سی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سے تحریری شکایت بھی کی گئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK