سدا رمیا کے بعد شیوکمار بھی دہلی پہنچ گئے، کھرگے نے دونوں سےفرداً فرداً ملاقات کی، آج بنگلور میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ، وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان متوقع
EPAPER
Updated: May 17, 2023, 10:27 AM IST | new Delhi
سدا رمیا کے بعد شیوکمار بھی دہلی پہنچ گئے، کھرگے نے دونوں سےفرداً فرداً ملاقات کی، آج بنگلور میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ، وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان متوقع
کرناٹک میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے منگل کو دہلی میں سرگرمیاں تیز ہوگئیں تاہم نام کا اعلان پھر ٹل گیا۔ امید کی جارہی ہے کہ بدھ کو ملکارجن کھرگے کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کریں گے۔اس بیچ راہل گاندھی بھی منگل کو اس سلسلے میں سرگرم نظر آئے۔ انہوں نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ان سے ۹۰؍ منٹ طویل ملاقات کی۔ سمجھا جاتاہے کہ اس میں کرناٹک میں نئے وزیراعلیٰ کے طورپر سدا رمیا اور ڈی کے شیو کمار کے ناموں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
آج قانون ساز پارٹی کی میٹنگ
ایسا معلوم ہورہا ہے کہ کانگریس وزیراعلیٰ کے نام کے تعلق سے کسی نتیجے پر پہنچنے میں مشکل محسوس کررہی ہے۔ بدھ کو بنگلور میں نومنتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ا مید ظاہر کی جارہی ہے کہ ملکارجن کھرگے وہیں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ شیوکمار اور سدارمیا اپنے اپنے دعوؤں پر اٹل ہیں۔ ملکارجن کھرگے کو پیر کو ہی مرکزی مشاہدین نے بنگلور میں اتوار کو ہونے والی نومنتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ کی رپورٹ پیش کردی تھی۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا اختیار پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے کو سونپ دیا ہے۔
آج نام کا اعلان متوقع
امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان بدھ کو کیا جائےگا۔دونوں ہی لیڈروں نے پارٹی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈی کے شیو کمار جو پیر کودہلی نہیں گئے تھے، منگل کوقومی دارالحکومت پہنچ گئے۔ یہاں انہوں نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ دونوں لیڈروں کے درمیان تقریباً آدھا گھنٹہ بات چیت ہوئی۔ ڈی کے شیوکمار نے کھرگے کی رہائش گاہ سے نکلنے کے بعد میڈیا کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔دوسری طرف کانگریس صدرملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ایک اور اہم میٹنگ ہوئی،جس میں راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال نے حصہ لیا۔ اس میٹنگ میں دیگر کئی فارمولے بھی زیر غور آئے،تاکہ وزیر اعلیٰ کے نام پر حتمی مہر ثبت کی جاسکے۔
اگلا ہدفت پارلیمانی الیکشن: شیوکمار
ڈی کے شیوکمار نے منگل کو بنگلور سےدہلی کیلئے روانہ ہونے سے قبل ان قیاس آرائیوں پر روک لگانے کی کوشش کی کہ وہ کسی عہدہ حاصل کرنےکی کوشش میں ہیں۔ا نہوں نے واضح کیا کہ وہ نہ تو پارٹی کو دھوکہ دیں گے اور نہ ہی بلیک میل کریں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ’’اب ہمارا اگلا ہدف لوک سبھا انتخابات میں۲۰؍سیٹیں جیتنا ہے۔ ہماری پارٹی متحدہے اور میں کسی کو تقسیم نہیں کرنا چاہتا۔میں ایک ذمہ دار شخص ہوں۔ میںنہ توپارٹی سے غداری کروں گا اور نہ ہی پارٹی کو بلیک میل کروں گا۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج وہ جہاں بھی ہیں، کانگریس کی وجہ سے ہیں۔شیو کما رنے کہا کہ ’’پارٹی ماں کی طرح ہوتی ہے، ماں سب کچھ دیتی ہے۔ ہم نے یہ پارٹی بنائی ، ہم نے یہ گھر بنایا ۔ میں اس کا حصہ ہوں۔ ایک ماں اپنے بچے کو سب کچھ دے گی۔‘‘
سونیا گاندھی سے بھی صلاح و مشورہ
ملکارجن کھرگے نے منگل کو راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ کھرگے اور سدارمیا سے بھی فرداً فرداً ملاقاتیں کیں۔ سمجھا جارہاہے کہ وہ اس سلسلے میں سونیا گاندھی سے بھی صلاح و مشورہ کریں گے۔ سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد وہ بدھ کو بنگلور کیلئے روانہ ہوجائیں گے جہاں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔
سدا رمیا کا نام تقریباً طے
اس بیچ ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کانگریس نے وزیراعلیٰ کے طور پر سدارمیا کا نام تقریباً طے کرلیا ہے اور ڈی کے شیوکمار کو ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی انتخابات تک انتظار کرنے کیلئے کہاگیا ہے تاکہ وہ پارلیمانی الیکشن میں پارٹی کو فتح سے ہمکنار کرواسکیں۔