Inquilab Logo

راہل گاندھی کا مودی کو اڈانی اور امبانی کے ہاں ای ڈی اور سی بی آئی بھیجنے کا چیلنج

Updated: May 09, 2024, 8:59 AM IST | New Delhi

طنز کیا کہ ’’بی جےپی کے بدعنوانی کے ٹرک‘‘ کا ڈرائیور اور خلاصی کون ہے، یہ سب جانتے ہیں۔ ’’ٹرک بھرکر پیسوں‘‘ کے وزیراعظم کے الزام پر کانگریس لیڈر نے سوال کیا کہ ’’یہ آپ کا ذاتی تجربہ‘‘ ہے کیا؟

Rahul Gandhi addressing an election rally in Jharkhand on Wednesday. Later he responded to Modi by releasing the video
راہل گاندھی بدھ کو جھارکھنڈ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے۔ بعد میں انہوں نے ویڈیو جاری کرکے مودی کو جواب دیا

 اڈانی اور امبانی کے حوالے سے بدھ کو راہل گاندھی کو نشانہ بنانا وزیراعظم نریندر مودی کو مہنگا پڑ گیا۔ راہل گاندھی نے  اس کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے  وزیراعظم کوچیلنج کیا کہ وہ اڈانی اور امبانی کے خلاف جانچ کیوں نہیں کرواتے،ان کے ہاں ای ڈی ،  سی بی آئی  اور انکم ٹیکس محکمہ کے افسران کو کیوں نہیں  بھیج دیتے۔مودی کے اس سوال پر کہ ’’کیا ٹیمپو بھر بھر کر پیسے لے لئے کیا‘‘ ، راہل گاندھی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی آپ ہی جانتے ہیں کہ وہ ٹیمپو بھر کر پیسے دیتے ہیں، یہ آپ کا ذاتی تجربہ ہے۔‘‘
 اس کےساتھ ہی انہوں نے اپنے ویڈیو میں  وزیراعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک کام کیجئےان کے ہاں سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کو بھیج دیجئے، پوری طرح جانچ کروایئے اور ڈریئے مت ۔ ‘‘ انہوں نے وزیراعظم اوران کی پارٹی پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا جانتی ہے کہ بی جےپی کےبدعنوانی کے  ٹرک کا ڈرائیور اور خلاصی کون ہے۔‘‘
 یاد رہے کہ وزیراعظم مودی نے بدھ کو اپنی  ایک انتخابی  ریلی  میں الزام لگایاہے کہ کانگریس  کے لیڈر راہل گاندھی   نے اچانک اڈانی اور امبانی کو نشانہ بنانا بند کردیاہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا راہل گاندھی کی پارٹی کو دونوں صنعتکاروں  نے ٹرک بھر بھر کر کالادھن دے دیا ہے جس نے ان کا منہ بند کردیاہے۔اس پر جہاں کانگریس اوراس کے لیڈر نے ترکی بہ ترکی جواب دیا ہے وہیں  سوشل میڈیا پر بھی وزیراعظم مودی سوالات کی زد پرآگئے ہیں۔ معروف صحافی پرکاش راج نے وزیراعظم مودی کی مذکورہ تقریر کو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ ملک کے مستقبل کا اپوزیشن لیڈر بول رہاہے۔  معروف صحافی ونود کاپڑی  نے نے سوال کیا ہے کہ اگر وزیراعظم یہ جانتے ہیں کہ اڈانی اور امبانی کے پاس کالا دھن ہے جو وہ راہل گاندھی کو دے  رہے ہیں تو پھر دیر کس بات کی جارہی ہے، اس کی جانچ کیوں نہیں کروائی جاتی۔ معروف فلم ساز ہنسل مہتا نے ایک مختصر سا ٹویٹ کیا ہے کہ ’’دوست دوست نہ رہا۔‘‘
  واضح رہے کہ تیسرے مرحلے کی پولنگ میں بھی ووٹروں میں جوش وخروش نظر نہ آنے اور ۲۰۱۹ء  کےمقابلے میں ۲؍ فیصد کم ووٹنگ ہونے کی وجہ سے سیاسی ماہرین  دعویٰ کررہے ہیں کہ اس کی وجہ سے نقصان بی جےپی کو اٹھانا پڑ سکتاہے۔ تین مراحل میں لوک سبھا کی ۲۸۴؍ سیٹوں کیلئے ووٹنگ ہوچکی ہے اور سیاسی مبصرین کا دعویٰ ہے کہ زعفرانی پارٹی کیلئے اب ۲۷۲؍ سیٹوں کا ہندسہ پار کرلینابھی ممکن نہیں رہ گیاہے۔دوسری جانب امیت شاہ اب بھی یہ دعویٰ کرر ہے ہیں کہ بی جے پی ۴۰۰؍ سے زائد سیٹیں جیتے گی اور اس نے پہلے ۳؍ مراحل میں اپوزیشن کا صفایا کردیاہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK