Inquilab Logo

جنوبی ممبئی کے کئی علاقوں کے مکین آلودہ پانی سے پریشان

Updated: September 10, 2023, 7:51 AM IST | saadat khan | Mumbai

محمدعلی روڈ اور ڈونگری میںکالا ، میلا ، بدبودار اور کیروسین جیسی بُو والا پانی پینے سے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں ،۲؍ مرتبہ پائپ لائن کی مرمت کے باوجود گندہ پانی آنے کی شکایتیں

The pipeline was recently repaired
پائپ لائن کی حال ہی میں مرمت کی گئی تھی ۔(تصویر،انقلاب )

جنوبی ممبئی کے محمدعلی روڈ اور ڈونگری کے متعدد علاقوں مثلاً زکریا مسجد ، کامبیکر ،سارنگ ، ڈونٹنڈ اسٹریٹ ، میمن واڑہ، نشا ن پاڑہ اوردرگاہ گلی وغیرہ میں گزشتہ ۱۵۔۱۰؍ دنوں سے آلودہ اور بدبودار پانی کی سپلائی سے یہاں کے مکین پریشان ہیں۔متعدد مرتبہ شکایت کرنے اور بی ایم سی کے ذریعے ۲؍ مرتبہ پائپ لائن کی مرمت کئے جانے کے باوجود ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے ۔ جس سے یہاں کے لوگ باہر سے پانی خرید کر ضرورت پوری کرنے پرمجبورہیں۔
 مکینوںکی آلودہ پانی سے بیمار ہونےکی شکایتیں
 ۵۴؍ میمن واڑہ کے صمد شیخ کے مطابق ’’گزشتہ ۱۵؍ دنوں سے ہمارے علاقہ میں آلودہ اور بدبودار پانی آرہا ہے ۔ ناقص کوالیٹی کا پانی استعمال کرنے سے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔ ہمارے گھر کے سبھی افراد اس دوران بیمار پڑچکے ہیں ۔ قے اور دست کی عام شکایت ہو رہی ہے۔آلودہ پانی پینے سےمجھے بھی دست کی شکایت ہوگئی تھی ۔ جس کی وجہ سے ہم لوگ ٹینکر کا پانی استعمال کرنے پرمجبور ہیں جو ۱۵۰۰؍تا ۱۸۰۰؍ روپےکے حساب سےآرہاہے۔ گھر یلوکام کاج کے علاوہ پینے کا پانی بھی باہر سے خریدنا پڑ رہا ہے۔ وارڈ میں کئی بار شکایت کی جاچکی ہے لیکن ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ ‘‘سارنگ اسٹریٹ ، برکتی ہائوس کی پروین سومار نے بتایاکہ’’ ہمارے علاقے کی متعدد عمارتوں میں گندہ اور بدبو دار پانی آرہاہے ۔پانی سے اُٹھنے والی بدبو سے محسوس ہوتا ہے کہ جیسے گٹر کا پانی آرہا ہو۔ ایک آدھ گھنٹہ پانی ضائع کرنے کے باوجود پانی صاف نہیں آتاجس کی وجہ سے گھروں کی موٹریں جل جا رہی ہیں ۔گندہ پانی استعمال کرنے سے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں ۔مجھے کئی دنوں سے قے ہورہی ہے ۔ اب ہم پانی گرم کر کے پی رہے ہیں ۔ کئی بار بی وارڈ میں شکایت کی جاچکی ہے لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا ہے ۔‘‘
 ۱۳۲؍ کامبیکر اسٹریٹ کی رخسانہ امین نے بتایا کہ’’ ہماری بلڈنگ میں گندہ اور میلا پانی آرہا ہے۔پانی سے گھاسلیٹ کی بُو آرہی ہےجس کی وجہ سے ہم باہر سے بسلیری کی بڑی بوتل منگوا رہے ہیں ۔ شکایت پر بی ایم سی عملہ ۲؍مرتبہ علی الصباح پانی کی جانچ کیلئے بھی آیا اور آلودہ پانی آنے کی شکایت قبول کی لیکن  ابھی تک  ہوا کچھ نہیں ۔ ‘‘        
پائپ لائن کی مرمت کےباوجود آلودہ پانی آنےکی شکایت 
 مقامی سماجی کارکن امین پاریکھ کے مطابق ’’ مذکورہ سبھی علاقوں میں گزشتہ ۱۵؍ تا ۲۰؍ دنوں سے گندہ پانی آرہا ہے  جس کی بی وارڈ میں شکایت کرنے پر ان علاقوں کے مکینوں اور ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے افسران کی مشترکہ میٹنگ بھی ہوچکی ہے جس میں مکینوں نے آلودہ پانی کی سپلائی سے ہونے والی دقتوں کی شکایت کی اور مسئلہ کو جلدازجلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔   ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئر اور دیگر افسران نے مکینوں کو یقین دلایا تھا کہ وہ مسئلہ کو فوری طور پر حل کریں گے۔بعدازیں ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ نے عبدالرحمٰن اسٹریٹ ، ایل ٹی مارگ کے علاوہ دیگر مقامات  پر پائپ لائن کی جانچ کرکے مرمت کا کام بھی کیا لیکن اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا ہے ۔ اب بھی ان علاقوں میں آلو دہ پانی ہی سپلائی ہورہا ہے ۔ ‘‘
 ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کا مکینوں پر ہی الزام 
  ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کےاسسٹنٹ انجینئر بی پٹیل سے اس بارے میں استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’ آلودہ پانی کی شکایت ملنےپر پائپ لائن کی مرمت کا کام کر دیا گیا ہے۔اس کے باوجود کسی علاقے کے کچھ گھروں میں آلودہ پانی آرہا ہے تو مجھے ان کے نام ،پتےاور موبائل نمبر وہاٹس ایپ کردیں ۔ میں ان کی شکایتوں کا جائزہ لےکر  مسئلہ حل کرنےکی کوشش کروں گا ۔ دراصل ان علاقوں کے لوگ بے وقت پانی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے اس طرح کی شکایتیں آرہی ہیں۔پانی کاجو وقت مقررہے ، مثلاً صبح ۵؍ اور ۶؍ بجےکےدرمیان پانی بھرا جائے تومسئلہ نہیں ہوگا  ۔ ‘‘  

water Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK