Inquilab Logo

پائیدھونی میں آلودہ پانی سے مکین پریشان

Updated: June 08, 2023, 10:30 AM IST | saadat khan | Mumbai

بنیان اسٹریٹ، اسماعیل کرتے روڈ اور گھوگھاری محلہ میں گزشتہ ۱۰۔۱۲؍ دنوں سے آلودہ پانی آنے سے مکین واٹر ٹینکر منگوانے پر مجبور

The residents are showing the dirty water in the bottle.
مکین بوتل میں میلا پانی دکھارہے ہیں ۔(تصویر:انقلاب )

 یہاں کی بنیان اسٹریٹ، اسماعیل کرتے روڈ اور گھوگھاری محلہ کے علاوہ دیگر متصل محلوں  میں گزشتہ ۱۰۔۱۲؍ دنوں سے آلودہ پانی آنے سے مکین  پریشان ہیں۔ روزانہ پانی سپلائی کے وقت آدھاپونا گھنٹہ گندہ اور بدبودار پانی ضائع کرنےکےباوجود صاف پانی نہ آنے سے عوام پانی کا ٹینکر منگوانے پر مجبورہیں۔آلودہ پانی استعمال کرنےسےعلاقے کے بچے ، نوجوان اور خواتین بیمار ہو رہے ہیں۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) میں متعدد شکایت کے باوجود ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوسکاہے۔ بالآخر مقامی مکینوں نے گزشتہ سنیچر کو آلودہ پانی کی بوتل کا تحفہ سی وارڈکے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو دیاجس کے بعد بی ایم سی عملہ حرکت میں آیا ہےلیکن بدھ تک یہ مسئلہ پوری طرح حل نہیں ہوسکا تھا ۔
  بنیان اسٹریٹ کے مکین محمد عمر خان نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ہمارے محلے کے علاوہ اطراف کے دیگر محلوںمیں گزشتہ ۱۰۔۱۲؍دنوں سے گندہ اور بدبو دار پانی آرہاہے۔علی الصباح پانی کیلئے نل کھولتےہی گندہ پانی آتاہے۔ تقریباً آدھا پونا گھنٹہ پانی ضائع کرنے کےباوجود صاف پانی نہیں آتا جس سے ایک طرف  پانی کی قلت ہورہی ہے دوسری طرف ضروریات پوری کرنےکیلئے واٹر ٹینکر منگوانا پڑرہاہے۔ متعدد مرتبہ بی ایم سی محکمہ میں شکایت کی جاچکی ہے، ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوسکاہے۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہورہاہے۔ چند ہفتوں قبل بھی ہمارے علاقےمیں آلودہ پانی آنے کی شکایت تھی۔ متعدد شکایت کےباوجودبی ایم سی عملے کے حرکت میں نہ آنے سے گزشتہ سنیچر کو ہم سبھی نے آلودہ اورگندے پانی کو بوتل میں لے کر سی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے پاس گئے تھے۔ انہیں آلودہ پانی کا تحفہ دینےکےساتھ عوام کےمسائل سے آگاہ کیا۔ اس پر معاون میونسپل کمشنر نے ضروری اقدامات  کایقین دلایاہے۔ پیر اورمنگل کو بی ایم سی عملے نے علاقےکی پائپ لائن کی کیمرے سے جانچ کی ہے۔ کئی جگہوں پر پائپ  لائن کی مرمت کا کام بھی کیا جس  سے بدھ کو پانی کچھ بہتر آیا، لیکن ابھی بھی پوری طرح پانی صاف نہیں آرہاہے۔ ‘‘
  عمرخان کےمطابق ’’ آلودہ پانی سے مقامی افرادمیں سیاسی لیڈران کے خلاف بڑی ناراضگی پائی جارہی ہے۔ جب سے گندہ پانی آرہاہے،کسی بھی سیاسی پارٹی کےلیڈر نے  عوام کی خبر نہیں لی ہے۔ کچھ ہی ماہ میں بی ایم سی الیکشن ہونےوالا، الیکشن کا بگل بجتے ہی لیڈران گھروںکا چکر لگانے لگیں گے۔‘‘  
  اسی علاقےکے سماجی کارکن عرفات صدیقی نےبتایاکہ ’’آلودہ پانی کی وجہ سے یہاں کےلوگ واٹر ٹینکر منگوانے پر مجبور ہیں۔ علاقے کی ہر بلڈنگ کے نیچے ٹینکر کھڑے نظرآ رہے ہیں۔ٹینکر والوںنے پانی کی قیمت اس قدر بڑھا دی ہے کہ عوام  کیلئے ٹینکر کا پانی خریدنا مشکل ہوگیاہے۔ ‘‘ندیم شیخ کے مطابق ’’ہمارے علاقےمیں آلودہ پانی کا مسئلہ اکثر ہوتاہے۔اس کی اہم وجہ خستہ اور پرانی  پائپ لائن ہے لیکن بی ایم سی والے ان لائنوں کو بدلنےکےبجائے ان کی مرمت کرکے کام چلانےکی کوشش کرتے ہیں جس  سے افراد کوپریشانی ہورہی ہے۔ آلودہ پانی استعمال کرنے سے میرے ۲؍بچے بیمار پڑچکےہیں۔‘‘
 سی وارڈ کےہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے ایک آفیسر نے بتایاکہ ’’ ہمیں ۲۔۳؍دن پہلے شکایت ملی ہے۔ ہم نے کیمرے کی مدد سے جانچ کی ہے ۔ کچھ جگہوں پر پانی کے رسائو سے پانی گندہ آرہا ہے ۔ ان جگہوں کے پائپ لائن کو درست کردیاگیاہے۔ معاملہ کو جلد ازجلد حل کیاجائے گا۔ ‘‘

pydhonie Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK