ایس ایس سی پاس طلبہ ذہنی دبائوکاشکار۔ سرپرستوں کی جانب سے فیس میں رعایت کی درخواست لیکن اسکول انتظامیہ آمادہ نہیں
EPAPER
Updated: August 13, 2021, 8:58 AM IST | saadat khan | Mumbai
ایس ایس سی پاس طلبہ ذہنی دبائوکاشکار۔ سرپرستوں کی جانب سے فیس میں رعایت کی درخواست لیکن اسکول انتظامیہ آمادہ نہیں
:شہرومضافات کے پرائیویٹ اسکولوں کا انتظامیہ فیس کی عدم ادائیگی سے ایس ایس سی پاس طلبہ کی مارک شیٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ روک رہا ہےجس سے طلبہ اور والدین ذہنی دبائوکا شکارہیں۔ کوروناوائرس اورلاک ڈاؤن کے سبب مالی حالت ٹھیک نہ ہونے سے وہ فیس کی ادائیگی نہیں کر پا رہےہیں ۔والدین فیس میں رعایت دینےکی اپیل کررہے ہیں لیکن اسکول آمادہ نہیں ہے۔
کرافورڈ مارکیٹ علاقے کے ایک انگریزی میڈیم اسکول کے دسویں جماعت کے طالب علم کی والدہ نے انقلاب کو بتایا کہ ’’میرے خاوند کپڑے کی تجارت کرتےہیں۔ کوروناوائرس اور لاک ڈائون سے ان کا کاروبار گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند ہے۔ آمدنی بند ہونے سے بس کسی طرح بنیادی ضرو رتیں پوری ہورہی ہیںلیکن بچوںکو پڑھانا لازمی ہے ۔امسال ایس ایس سی امتحان میں میرا بیٹا بھی پروموٹ ہونے والے طلبہ میں شامل ہے لیکن فیس کی ادائیگی نہ ہونے سے اسکول انتظامیہ نے اس کا رزلٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ روک لیا ہے۔ اسکول کے وہاٹس ایپ گروپ پر میسیج آیا ہےکہ پہلے پورے سال کی فیس ادا کی جائے تب ہی رزلٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ دیاجائے گا۔ ‘‘ مذکورہ خاتون کےمطابق ’’ اسکول کی سالانہ فیس ۳۰؍ہزار روپے ہیں۔میرے خاوند نے کسی طرح ۱۰؍ ہزار روپے کا انتظام کیاتھا جبکہ میں نے کسی کے ذریعے ۱۰؍ ہزارروپے کا مزید انتظام کیا اوررزلٹ آنے سے پہلے اسکول میں ۲۰؍ ہزار روپے جمع کروادیئے تھے۔ اب صرف ۱۰؍ ہزار روپے کیلئے اسکول انتظامیہ میرے بیٹے کارزلٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ نہیں دے رہاہے۔پورے سال اسکول بند رہا، اس کے باوجود کوئی چھوٹ نہیں دی جارہی ہے ۔ ہمارے حالات بھی ایسے نہیں ہیں کہ بقیہ ۱۰؍ہزار روپے اداکئے جاسکیں۔ روزانہ اسکول کے وہاٹس ایپ گروپ پر فیس کی ادائیگی کیلئے میسیج آرہا ہے جس سے میرا بیٹا اور خاوند ذہنی طورپر کافی پریشان ہیں۔ اگر اسکول انتظامیہ یہ رقم معاف کردے تو ہمیں راحت مل سکتی ہے۔‘‘
اسی طرح بائیکلہ میں واقع ایک اُردو میڈیم اسکول کے دسویں جماعت کے ایک طالب علم کے والد نےبتایاکہ ’’ اسکول سے فیس کی ادائیگی کیلئے روزانہ فو ن آرہاہے۔ فیس ادا نہ کرنےکی صو رت میں رزلٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ نہ دینےکی دھمکی دی جارہی ہے۔ باضابطہ طور پر کہاجارہاہےکہ مقررہ وقت تک اگر فیس کی ادائیگی نہ کی گئی تو رزلٹ اور خارجہ سرٹیفکیٹ نہیں دیا جائے گا۔ اسکول کی سالانہ فیس ۵۲۰؍روپے ہیں جبکہ ۵۰؍ روپے دیگر چارج کے نام پر وصول کیا جا رہا ہے ۔ منگل کوبھی اسکول سےفون آیاتھا۔ دوپہر میں ۲؍بجے تک فیس جمع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ۲؍بجے تک فیس ادا نہ کرنے پر دوبارہ فون آیا اور کھری کھوٹی باتیں سنائی گئیں۔حالانکہ ۵۷۰؍روپے کوئی بڑی رقم نہیں ہے لیکن اس معمولی رقم کی ادائیگی بھی کام کاج بندہونے سے میںابھی نہیں کرسکتاہوں۔ ‘‘
اکھل بھارتیہ اُردوشکشک سنگھ کے ساجدنثارنےکہاکہ ’’حکومت کی ہدایت کے باوجود اسکول انتظامیہ فیس کے معاملہ میں کسی طرح کی نرمی نہیں کررہاہے۔ حالانکہ اس تعلق سے حکومت تک شکایت پہنچائی جارہی ہے مگروہ بھی چپی سادھے بیٹھی ہے جس سے سرپرستوںکو بڑی پریشانی ہورہی ہے۔ ‘‘