Inquilab Logo

بارش نہ ہونے پر ممبئی میں پھر پانی کٹوتی کا خطرہ!

Updated: September 03, 2023, 9:06 AM IST | Mumbai

شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ۱۰؍ستمبر تک انتظار کرنے کے بعد کٹوتی سے متعلق فیصلہ کیا جائےگا

Modak Sagar Lake which had spilled over the past few days.
مودک ساگر جھیل جو گزشتہ دنوں چھلک گئی تھی۔

 بارش نے اپنا رخ موڑ لیا ہے جس کی وجہ سے ممبئی والوں کو ایک بار پھر پانی کی قلت کے بحران کا سامنا ہے۔ ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ آئندہ سال تک ممبئی والوں کو پانی فراہم کرنے کیلئے نا کافی ہے۔ حالانکہ آئندہ ہفتے ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ اگر یہ بارش جھیلوں کے علاقوںمیں ہو جائے تو پانی کی پریشانی دور ہو جائے گی۔
  ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اگر جھیلوں کے علاقوں میں بارش ہوتی ہے تو اچھی بات ہے لیکن بارش منہ موڑ لیا تو امکان ہے کہ ۱۰؍ستمبر کے بعد پانی کی کمی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جولائی میں ۴؍ جھیلیں پوری طرح سے بھر گئی تھیں۔ ان میں سے ۳؍ جھیلوں میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ایک بار پھر ۱۰۰؍فیصد سے نیچے آگئی ہے۔
  محکمہ موسمیات نے ستمبر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس میں کونکن، گوا، مراٹھواڑہ کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ممبئی کے علاقے میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ بارش ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں یعنی اپر ویترنا، موڈک ساگر، تانسا، مڈل  ویترنا، بھاتسا، وہار، تلسی میں ہوگی تو پانی کے ذخیرہ میں اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ ساتوں جھیلوں میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ۱۴؍لاکھ ۴۷؍ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر ہے۔ ان جھیلوں سے ممبئی کو روزانہ ۳۸۵۰؍ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس وقت پانی کا ذخیرہ ۱۳؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۲۳۸؍ ملین لیٹر یعنی ۹۰ء۵۹؍فیصد ہے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران پانی کا ذخیرہ ۹۷ء۶۱؍فیصد تھا۔ پورے سال بغیر کٹوتی کے پانی سپلائی کرنے کےلئے تمام تالابوں کا یکم اکتوبر تک مکمل طور پر بھرنا ضروری ہے۔
 تاہم میونسپل کارپوریشن کے محکمہ آب رسانی کے ایک افسر نے بتایا کہ  فی الحال صورتحال اب بھی ایسی نہیں ہے اور بارش کا انتظار ہے گا۔ اگرچہ فوری طور پر پانی کی کٹوتی پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا تاہم ۱۰؍ستمبر تک اس تعلق سے کوئی فیصلہ آبی وسائل کا جائزہ  لینے کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ  پانی کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے ممبئی میں یکم جولائی سے ۱۰؍فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جیسے ہی یہ اسٹاک بڑھ گیا۹؍اگست کو پانی کی کٹوتی واپس لے لی گئی تھی۔

water cut Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK