کنٹینر نے جیپ کو ٹکر ماری اور گھسیٹتے ہوئے ۱۵۰؍ میٹر دور تک لے گیا، مہلوکین اور زخمیوں میں اسکولی طلبہ بھی شامل ، حادثے کی گونج اسمبلی میں
EPAPER
Updated: July 19, 2023, 10:12 AM IST | Mumbai
کنٹینر نے جیپ کو ٹکر ماری اور گھسیٹتے ہوئے ۱۵۰؍ میٹر دور تک لے گیا، مہلوکین اور زخمیوں میں اسکولی طلبہ بھی شامل ، حادثے کی گونج اسمبلی میں
یہاں منگل کی صبح تقریبا ساڑھے ۶؍بجے ممبئی ناسک ہائی وے پر پڑگھا کے قریب کھڈولی پھاٹاپرہوئے ہولناک حادثے میں۶؍ افراد ہلاک اور ۵؍ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو علاج کیلئے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جبکہ جیپ کے ڈرائیور کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے کلوا کے سرکاری اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ مہلوکین اور زخمیوں میں اسکولی طلبہ بھی ہیں۔ اس دردناک حادثہ کی گونج اسمبلی میں بھی سنائی دی۔
معلوم ہوکہ پڑگھا سمیت آس پاس کے علاقوں سے نوکری کے متلاشی اور طلبہ بڑی تعداد میں کلیان، تھانے اور ممبئی جانے والی ٹرینیں پکڑنے کیلئے کھڈولی ریلوے اسٹیشن جاتے ہیں۔ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے۶؍ بجے ایک کالی پیلی جیپ مسافروں کو لے کر کھڈولی اسٹیشن جا رہی تھی۔ کھڈولی پھاٹا کے قریب شدید بارش کے دوران وہ ہائی وے سے گھوم کر کھڈولی کی جانب مڑ رہی تھی کہ اسی وقت ناسک کی طرف سے آنے والے کنٹینر نے جیپ کوزبردست ٹکر ماردی اور اسے گھسیٹتے ہوئے تقریباً۱۵۰؍ میٹر دور کھیت میں پھینک دیا۔ حادثہ اتناہولناک تھا کہ جیپ کے پرخچے اڑ گئے۔
جیپ میں سوارطالب علم چنمئے وکاس شندے (۱۵)، ریا کشور پردیشی، چیتالی سوشانت پمپلے (۲۷)، سنتوش اننت جادھو (۵۰)، وسنت دھرما جادھو (۵۰)اور پرجول شنکر فرکے (۱۸)سمیت ۶؍مسافرہلاک ہوگئے۔اس حادثے میں دلیپ کمار وشواکرما (۲۹) چیتنا گنیش جسے (۱۹)، کنال گیانیشور بھامرے (۲۲)جانوی سنجے والنج اور جیپ کے ڈرائیورجاوید عبدالشیخ سمیت۵؍افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تحصیلدار ادھیک پاٹل نے بتایا کہ ان میں سے ۴؍ زخمیوں کو بھیونڈی کے ایک نجی اسپتال اور شدید زخمی ڈرائیور جاوید عبدالشیخ کو کلوا کے سرکاری اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ مقامی شہری بھگوان سمبرے نے اس حادثے کیلئے کنٹینر ڈرائیور کے ساتھ ہائی وے ٹول کنٹریکٹر اور ہائی وے کنسٹرکشن کمپنی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پولیس نے اس طرح کی شکایت موصول ہونے کے بعد غیر ارادتاًقتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
اسمبلی میں سڑک حادثے کی گونج
اس حادثہ کے تعلق سے بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ایوان میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھیونڈی کے واحد سرکاری اسپتال آئی جی ایم میں ٹراما سینٹر کی سہولت شروع کی جائے۔ رکن اسمبلی نے قومی شاہراہ پر کھڈولی کے قریب پیش آنے والے حادثات کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پڑگھا کے علاقے میں اسکولی بچوں کیلئے ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولت نہیں ہے۔ وہاں ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب کروائی جائے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی ایم میں جلد از جلد ٹراما سینٹر کھولا جائے۔