• Wed, 02 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سادھنا کی زلفوں کا انداز مختلف تھاجو’سادھناکٹ‘کےنام سے پوری دنیا میں مشہور تھا

Updated: September 03, 2020, 2:25 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش ۲؍ستمبر۱۹۴۱ءکومتحدہ ہندوستان کے شہرکراچی(جو اب پاکستان کا حصہ ہے) میں ہوئی تھی۔سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں اور ۸؍سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔سادھانا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شیوداسانی بھائی تھے جو اداکارہ ’ببیتا‘ کے والد تھے۔

Sadhana. Picture:INN
سادھنا۔ تصویر: آئی این این

 بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش ۲؍ستمبر۱۹۴۱ءکومتحدہ ہندوستان کے شہرکراچی(جو اب پاکستان کا حصہ ہے) میں ہوئی تھی۔سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں اور ۸؍سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔سادھانا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شیوداسانی بھائی تھے جو اداکارہ ’ببیتا‘ کے والد تھے۔ اداکارہ نے ماضی میں اپنی لازوال اداکاری سے انڈسٹری میں خوب نام کمایا ۔جہاں انہوں نے متعدد فلموں میں راج کپور، دیوآنند، راجند کمارکے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اورمقبولیت کے جھنڈے گاڑے وہیں وہ بالی ووڈ انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرتی رہیں۔اداکارہ نے ۱۹۵۵ءمیں راج کپورکی فلم ’شری ۴۲۰؍‘کےایک مشہور گانے’’مڑمڑ کہ نہ دیکھ مڑمڑکے‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھاتھا۔ اس وقت ان کی عمر محض ۱۵؍برس تھی۔ بطور اداکارہ ’لو ان شملہ‘ ان کی ایسی پہلی فلم تھی جو ان کی منفرد پہچان کا سبب بنی۔ اسی فلم نے انہیں شہرت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔سادھنا نےاپنے منفرد اوراچھوتے ہیراسٹائل کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی۔سادھنا کی کامیاب فلموں میں ’لو ان شملہ‘ ، ’پرکھ‘،’میرا سایہ‘ ، ’ہم دونوں‘ ، ’ایک پھول دو مالی‘ ، ’من موجی‘، ’دلہا دلہن‘ ،’ آرزو‘،’میرے محبوب‘ ،’وقت‘ ،’وہ کون تھی سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ اداکارہ کو۲۰۰۲ءمیںلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ایک زمانے میں ان کا زلفوں کی سٹائل ’سادھنا کٹ‘ کے نام سے دنیا بھر میںمشہور ہوا جس میں ان کے آگےکے قدرے چھوٹے کٹے ہوئے بال پیشانی پر نظر آتےہیں۔ان کی شادی ان کی پہلی فلم کے ہدایت کار رام کرشن نیّرسےہوئی تھی اور ان کے کوئی اولاد نہیں تھی۔ سادھنا کے کنبہ میں ایک گود لی ہوئی بیٹی ہے۔ سادھنا کے شوہر رام کرشن نیئر کا انتقال ۱۹۹۵ءمیں دمےکی بیماری کے سبب ہو گیاتھا۔سادھنا نے فلم گیتا میرا نام کی ہدایت کاری بھی کی تھی جس میں اُن کے ساتھ اداکار فیروزخان اور سنیل دت تھے۔ دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کی اُن کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔حالانکہ ۷۰ءکی دہائی میں فلم سنگھرش کا جس وقت اعلان ہوا تھا۔اُس وقت دلیپ کمار کے ساتھ ہیروئن کے طور پر سادھنا کے نام کی تشہیر کی گئی تھی لیکن بعد میں اُن کی جگہ وجینتی مالا آگئیں۔سادھناکافلمی کریئربہت طویل نہ تھا اور۱۹۷۴ء میں شمی کپور کے ساتھ انہوں نے آخری فلم چھوٹے سرکار میں کام کیا۔جو شمی کپور کی بھی بطور ہیرو آخری فلم تھی۔تاہم شمی اس کے بعد بھی فلموں میں اداکاری کرتے رہے ، مگر سادھنا نےفلموں سے کنارہ کر لیا۔۱۹۸۹ءمیںان کی پروڈکشن کمپنی نے ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ فلم بنائی اور اس میں سادھنا نے ہدایت کاری کے فرائص بھی سرانجام دئیے۔ عمر کے آخری دنوں میںوہ فلمی محافل میں دکھائی نہیںدیتی تھیں۔وہ گوشہ نشیں ہوگئی تھیں۔ان کی قریبی سہیلیوں میں آشا پاریکھ، وحیدہ رحمان، ہیلن اور نندہ تھیں۔ سادھنانے ۳۴؍فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ان کی آخری فلم ’الفت کی نئی منزلیں‘(۱۹۹۴ء) میں ریلیز ہوئی تھی۔ سادھنا جنھوں نے برسوں قبل کسی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’’وہ اپنے تمام دوستوں کے ساتھ کرسمس کا تہوار بڑے زور و شور سےمناتی ہیں۔‘‘تاہم۲۰۱۵ءء کا کرسمس اُن کی موت کا پیغام لے کر آیا اور وہ اپنے مداحوں کے لئے چھوڑ گئیں بے شمار یادیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK