• Fri, 01 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملیالم فلموں کےسپر اسٹار مموٹی کیخلاف سنگھ پریوار کی محاذ آرائی کی شدید مذمت

Updated: May 16, 2024, 8:48 AM IST | Tarunantpuram

سی پی ایم ،سی پی آئی اور کانگریس نے بیک زبان مذمت کی ، کے سی وینو گوپال نے کہا کہ کیرالا کا سیکولر معاشرہ ایسی مذموم مہم کو کبھی قبول نہیںکرے گا

Malayalam film superstar Mammootty aka Muhammad Katti
ملیالم فلموںکے سپر اسٹار مموٹی عرف محمد کٹّی

ملیالم فلموں کے سپر اسٹار مموٹی(محمد کٹّی)کے خلاف سنگھ پریوار نے آن لائن مہم چلارکھی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پزو ‘  برہمنوں کے خلاف تھی اور مموٹی نے مسلمان ہونے کی وجہ سے اس میں کام کیا تھا اور برہمنوں کی توہین کی تھی ۔ اس آن لائن مہم کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کیرالا کی سیاسی جماعتیں اور سماجی تنظیمیں مموٹی کی حمایت میں آگئی ہیں۔ کیرالا حکومت کی جانب سے متعدد وزراءنے سنگھ پریوار کی اس مہم کی شدید مذمت کی ہے جبکہ کیرالا کانگریس کے سینئر لیڈران نے بھی بی جے پی اور سنگھ پریوار کو ایسی حرکتوں سے باز آجانے کو کہا ہے۔
  یہ مہم سنگھ پریوار کو چلانے کا موقع یوں ملا کہ فلم کی نوجوان ڈائریکٹر رتھینا پی ٹی کے شوہر نے ایک آن لائن ملیالم میگزین کو انٹر ویو دیتے ہوئے یہ بچکانہ دعویٰ کردیا کہ فلم ’پزو‘ برہمنوں کے خلاف تھی اور مموٹی نے اس میں کام کرکے برہمنوں کی توہین کی ہے۔ انہیں اس پر معافی مانگنی چاہئے۔ اس کے جواب میں سی پی ایم کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر تعلیم وی سیوان کٹّی نے فیس بک پوسٹ میں مموٹی کی کھل کر حمایت کی اور کہا کہ ’’مموٹی ملیالم فلموں کے سپر اسٹار ہی نہیں بلکہ کیرالا کا فخر ہیں۔ انہوں نے ۳؍ مرتبہ نیشنل ایوارڈ جیت کا کیرالا کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وہ پوری دنیا میں ہماری ریاست کی اہم شناخت ہیں۔ نہایت نیک دل انسان ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی قابل احترام اداکار ہیں۔ ان کی اہمیت صرف ملیالم فلموں میں ہی نہیں بلکہ دیگر فلم انڈسٹریز میں بھی ہے لیکن سنگھ پریوار کے لوگ  اپنی اوچھی اور گری ہوئی سیاست سے باز نہیں آئیں گے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ معمولی سیاسی فائدے کیلئے اس طرح کی حرکتیں بند کردیں ورنہ انہیں عوام سبق سکھادیں گے۔‘‘
 سی پی آئی لیڈر اور وزیر محصولات کے راجن نے بھی مموٹی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر پورے کیرالا کو فخر ہے۔سنگھ پریوار والے یا بی جے پی والوں کو کیرالا کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے۔ اس لئے وہ خاموش ہی رہیںتو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کو ہر اس نام سے نفرت ہے جو مسلمان ہے۔ اسی لئے وہ ماضی میں بھی ایسی مہم چلاچکے ہیں اور اب بھی وہی کوشش کررہے ہیں۔
  کانگریس کے جنرل سیکریٹر ی کے سی وینو گوپال نے بھی کہا کہ کیرالا کا سیکولر اور تعلیم یافتہ سماج کیرالا کا فخر کہلانے والے قابل احترام اداکار مموٹی کے خلاف سنگھ پریوار کے کسی بھی پروپیگنڈ ے کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کی ایسی ہر مہم کے لئے سخت  اور متحدہ طریقے سےجواب دیا جانا ضروری ہےورنہ وہ ہرقابل احترام شخصیت کیخلاف ایسی ہی مہم چلانے لگیں گے۔

mammootty Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK