Inquilab Logo

سانتاکروز: فلیٹ میں آتشزدگی سے معمر شہری کی موت

Updated: July 09, 2023, 10:13 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب مضافات کے سانتا کروز علاقے میں ایک ٹاور میں واقع ایک فلیٹ میں آگ لگ جانے سے اس میں رہائش پذیر ایک ۸۵؍ سالہ شخص کی جھلسنے سے موت ہوگئی۔

An 85-year-old man died in a late-night fire on Friday.
جمعہ کی دیر رات لگنے والی آگ میں ۸۵؍سالہ شخص کی موت ہوگئی۔

 جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب مضافات کے سانتا کروز علاقے میں ایک ٹاور میں واقع ایک فلیٹ میں آگ لگ جانے سے اس میں رہائش پذیر ایک ۸۵؍ سالہ شخص کی جھلسنے سے موت ہوگئی۔
 فائربریگیڈ سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ شب تقریباً پونے ۲؍ بجے سانتاکروز (مشرق) کے کالینہ میں واقع ’پرائیڈ آف کالینہ‘ عمارت میں پیش آیا۔ یہ ۷؍ منزلہ عمارت ہے جس کے تیسرے منزلے پر واقع ۳۰۳؍ نمبر کے فلیٹ میں اچانک آگ لگ گئی ۔
 آگ سے اٹھنے والے دھوئیں سے پڑوسیوں کو آتشزدگی کی اطلاع ہوئی اور انہوں نے عمارت میں دستیاب آگ بجھانے کے آلے (فائر ایکسٹنگویشر) سے آگ بجھانے اور فلیٹ میں پھنسے ۸۵؍ سالہ نگین لاکھو کو بچانے کی کوشش شروع کردی اور ساتھ ہی فائربریگیڈ کو اس حادثہ کی اطلاع بھی کردی۔
 فائربریگیڈ نے جائے حادثہ پر ۴؍ فائرانجن، ۳؍ پانی کے ٹینکر فائر عملہ سے ساتھ روانہ کردیا تھا۔ آگ فلیٹ کے اندر اور باہر الیکٹرک وائرنگ، لکڑی کے فرنیچر اور دیگر اشیاء میں لگی ہوئی تھی اس لئے فائربریگیڈ عملہ نے پہلے الیکٹرک سپلائی بند کردی۔ اس کے بعد آگ پر تقریباً ایک گھنٹے میں قابو پایا جا سکا۔ لیکن جب فائربریگیڈ کا عملہ فلیٹ میں داخل ہوا تو نگین لاکھو آگ میں بُری طرح جھلس چکے تھے۔انہیں شدید جھلسی ہوئی حالت میں وی این دیسائی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے داخلے سے قبل ہی انہیں مردہ قرار دے  دیا۔
 ابتدائی تفتیش میں پولیس کو پتہ چلا کہ نگین کے اہلِ خانہ اسی عمارت کے دوسرے فلیٹ میں رہائش پذیر تھے اور نگین کی دیکھ بھال کیلئے ایک شخص کی خدمات حاصل کی گئی تھیں لیکن یہ شخص دن کے وقت ان کے پاس رہتا تھا۔ رات کو نگین فلیٹ میں اکیلے ہی رہتے تھے۔واکولہ پولیس کے مطابق انہیں یہ حادثہ ہی معلوم ہورہا ہے اور ایسا نہیں لگتا کہ جان بوجھ کر کسی نے آگ لگائی ہو۔ واکولہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا معلوم ہورہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے اور انہوں نے حادثاتی موت کا کیس درج کرلیا ہے۔

 

Santacruz Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK