Inquilab Logo

سعودی عرب: موسلادھار بارش،اسکول بند

Updated: November 25, 2022, 10:56 AM IST | Agency | Riyadh

بارش اور آندھی کے سبب جدہ کےتمام تعلیمی ادارے بند۔ نجران، جازان، عرعر، عسیر ، الباحہ ، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ، جدہ، اللیث اور قنفدہ میں بارش، یہ سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیش گوئی۔ سعودی شہریوں اور تارکین وطن سے احتیاطی تدابیر کی اپیل

A man tries to avoid the rain in Madina.Picture:SPA
مدینہ منورہ میں ایک شخص بارش سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔ تصویر : ایس پی اے

 بدھ   اور جمعرات کو سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ  موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا۔ موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے  سبب جدہ میں تعلیمی ادارے بند کر دیئےگئے ہیں۔  آج ( جمعہ کو ) بھی  سعودی عرب کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔   میڈیارپورٹس کے مطابق  بدھ اور جمعرات کو  جدہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش  کے بعد  شہر میں ہنگامی  حالات سے نمٹنے کیلئے الرٹ   جاری کر دیا گیا۔حکام نے اعلان کیا کہ خراب موسم کی   وجہ سے  جمعرات کو جدہ میں اسکول اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔ جدہ محکمۂ تعلیم  نے جمعرات کو جدہ، ربیع اور خلیص کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا حکم دیا اور اس پر عمل کرتےہوئے  جمعرات کو تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔ اسی دوران نجران، جازان، عرعر، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش  ہوئی۔ اسی طرح مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے کچھ حصوں  کے سا تھ ساتھ جدہ، اللیث اور قنفدہ  میں  باران رحمت کانزول ہوا ۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق  سب سے زیادہ ساحلی علاقوں میں  بارش ہوئی ہے۔  اسی دوران سعودی محکمہ شہری دفاع نے بتایا   کہ مکہ اور جدہ سمیت۶؍ کمشنریوں میں بدھ کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا۔ محکمہ شہری دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ  موسمیات کے قومی مرکز نے اپنی تازہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ مکہ مکرمہ  منطقہ میں  جمعہ تک بارش جاری  رہنے کا قوی امکان ہے۔ شہری دفاع نے  شہریوں اور  تارکین وطن   سے اپیل کی کہ وہ بارش سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اپنائیں۔  آج ( جمعہ کو) مکہ مکرمہ کے علاوہ جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، خلیص اور اللیث میں بارش کا امکان ہے۔ 
 موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر پہلے گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اس کا سلسلہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ان کے ساحلی مقامات تک پھیل جائے گا جبکہ تبوک، الجوف، حائل اور حدود شمالیہ بھی بارش  کی زد میں ہوں گے۔بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کی صبح حدود شمالیہ، القریات، طریف اور الشرقیہ کے ساحلی مقامات پر دھند چھائی رہے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK