Inquilab Logo

آج سے اسکول کا آغاز، طلبہ کیلئے ’پرویش اُتسو‘ منانے کی تیاریاں مکمل

Updated: June 15, 2023, 11:39 AM IST | Mumbai

پہلی بار اسکول آنے والے طلبہ کا خصوصی استقبال کیا جائےگا،بیشتر اسکولوں میں ۵۰؍فیصد تعلیمی اشیاء پہنچ گئیں، آج کتاب اور کاپیاں وغیرہ بھی تقسیم کی جائیں گی

photo;INN
تصویر :آئی این این

نئے تعلیمی سال ۲۴۔۲۰۲۳ء کا آج (جمعرات) سے آغاز ہورہا ہے۔ محکمہ تعلیم نے پہلے دن اسکول آنےوالے طلبہ کا خیرمقدم کرنےکیلئے اسکول میں ’’پرویش اُتسو‘‘ منانے کی ہدایت دی ہے۔جس کےمطابق اسکولوںمیں تیاریاں جاری  ہیں۔ اسکول شروع ہونے سے متعلق طلبہ اور سرپرستوںمیں بھی گرمجوشی دکھائی دے رہی ہے۔طلبہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ ساتھ ہی پہلے روز طلبہ کو اسکولی اشیاء مثلاً کتابیں اور بیاضیں تقسیم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ محکمہ تعلیم کی طرف سے طلبہ کو دی جانے والی ۵۰؍فیصد اسکولی اشیاءبیشتر اسکولوںمیں پہنچ گئی ہیں۔ ان میں کتاب، بیاض ، پانی کی بوتل اور جوتے وغیرہ شامل ہیں۔ 
   بدھ کو مہانگر پالیکاشکشک سبھا کے جوائنٹ  سیکریٹری اور سنجے نگر میونسپل اُردو اسکول گوونڈی کے معلم عابد شیخ نے بتایاکہ ’’ محکمہ تعلیم کی ہدایت پر  پہلے دن اسکول میں ’پرویش اُتسو‘ منانےکی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ بالخصوص اوّل جماعت کے طلبہ جو پہلی مرتبہ اسکول آئیں گے ،ان کا خیرمقدم کرنےکیلئے ان کےکلاس روم کو سجایا جائے گا۔ ساتھ ہی  طلبہ کا اسکول آنے پر گلاب سے استقبال کیاجائے گا۔ انہیں اسکول اور تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرایاجائے گا۔ تعلیم حاصل کرنے سے متعلق ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ ان میں اسکول کے تئیں خوشگوار احساس پید ا ہوسکے  ۔‘‘
  ایک سوال کے  جواب میں اسکول کی پہلے دن کی سرگرمی سے متعلق اُن کا کہنا تھا،’’ اسکول کے  پہلے دن سبھی بچوںکا ایک دوسرے  کےعلاوہ  کلاس ٹیچر اور ہیڈماسٹر سے تعارف کرایاجائے گا۔ بعدازیں حکومت کی جانب سے کتابیں،کاپیاں اور دیگر سامان انہیں دیئے جائیں گے۔ تاکہ وہ خوشی خوشی گھر جائیں اور اگلے دن نئے جوش وخروش سے اسکول آئیں۔ ‘‘
  جنوبی ممبئی کے ایک اسکول کے سینئر معلم نے بتایاکہ ’’ ہمارے اسکول میں بھی نئےتعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کا خیرمقدم کرنےکی تیاریاں کی گئی ہیں۔  خاص طورپر ابتدائی جماعت کے کچھ طلبہ جو پہلے دن اسکول آنے پر ڈر اورخوف میں مبتلا ہونے سے مایوس دکھائی دیتےہیں ،ان کا گرمجوشی سے استقبال کیاجائے گا۔ انہیں اسکول کے خوشگوار ماحول سے مانوس کرنےکیلئے متعدد پروگرام  کئے جائیں گے۔ پھول اور چاکلیٹ پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی جائے گی۔ تاکہ اسکول کے بارےمیں ان کے دل ودماغ میں جو ڈروخوف ہے ۔ اسے دور کیاجاسکے۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ہمارے اسکول میں بھی۵۰؍فیصد  اسکولی اشیاء آگئی ہیں جن میں نصابی کتابیں،بیاض اورپانی کی بوتل وغیرہ شامل ہیں۔ اسکو ل کےپہلے دن بچوںکے درمیان یہ اشیاء تقسیم کی جائیں گی۔‘‘
  ملاڈ کی ایک اسکول کے معلمہ نے نئے تعلیمی سال کے پہلے دن اپنی جماعت کے بچوںکا روایتی استقبال کرنےکے علاوہ انہیں اپنی جانب سے تحفہ دینےکا منصوبہ بنایاہے ۔ 
 بی ایم سی ایجوکیشن سپرنٹنڈ نٹ نثارخان نے طلبہ کی استقبال کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ’’ جمعرات سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہورہاہے۔ اس موقع پر اسکولوںمیں ’پرویش اُتسو‘ منانے کی ہدایت دی گئی ہے جس کی تیاری کیلئے اساتذہ کو ۱۲؍جون سے اسکول میں بلایاگیاہے تاکہ اسکول کی صاف صفائی کرکے ۱۵؍جون کو اسکول شروع ہونے  پر طلبہ کا گرمجوشی سے استقبال کیاجاسکے۔ اس ضمن میں ۱۳؍جون کو ایجوکیشن آفیسر راجیش کنکال نے ایک ہزار اساتذہ سے آن لائن خطاب بھی کیاتھا جس میں نئے عزم  کے ساتھ نئے تعلیمی  سال کے آغاز کا پیغام دیا گیا ہے۔  نئے تعلیمی سال کے موقع  پر دہیسر میں ایک نئے بی ایم سی اسکول کاافتتاح بھی کیاجائے گا۔ ‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا ہےکہ طلبہ کو تقسیم کی جانے والی ۲۷؍ اشیاء بھی اسکولوں کو بھیج دی گئی ہیں۔

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK