بالی ووڈ میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے مرکزی کردار ادا کئے بغیر بھی ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑی۔
EPAPER
Updated: March 13, 2023, 2:10 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے مرکزی کردار ادا کئے بغیر بھی ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑی۔
بالی ووڈ میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے مرکزی کردار ادا کئے بغیر بھی ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑی۔ وہ جس کردار میں سامعین کے سامنے آئے بس وہی کردار رہ گیا۔ شفیع انعامدار ایسے ہی ایک فنکار تھے۔ انہوں نے سیریل سے لے کر فلموں تک یادگار کردار ادا کئے۔ وہ ۲۳؍اکتوبر ۱۹۴۵ءکو مہاراشٹر میں پیدا ہوئے تھے۔ شفیع انعامدار نے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز سال ۱۹۸۲ء میں فلم’` وجیتا‘ سے کیا۔ انہوں نے ۱۹۸۳ءکی بلاک بسٹر فلم’ اردھ ستیہ‘ میں انسپکٹر حیدر علی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کی خوب تعریف ہوئی اور اس کے بعد وہ کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے رہے۔
شفیع انعامدار فلم `’آج کی آواز‘ میں پولیس والے بنے، پھر عوام میں ولین تو `انوکھا رشتہ اور `امرت میں ہیرو کے دوست کے طور پر نظر آئے۔ شفیع کی یہی خاص بات تھی کہ وہ ہر کردار میں اس طرح فٹ ہو جاتےتھے کہ لگتا تھا کہ یہ کردار ان سے بہتر کوئی اور ادا نہیں کر سکتا۔ فلموں میں ٹیلنٹ دکھانے کے ساتھ ساتھ شفیع انعامدار ٹیلی ویژن پر بھی چھائے رہے۔ انہوں نے مقبول سیریل ’یہ جو ہے زندگی‘ میں ایک مضبوط کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ گلزار کے سیریل غالب میں بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔ اداکاری کے علاوہ شفیع نے ایک فلم کی ہدایت کاری بھی کی۔ اس کا نام’ ہم دونوں‘ تھا۔ اس فلم میں رشی کپور، نانا پاٹیکر اور پوجا بھٹ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ یہ فلم ہٹ رہی اور شفیع انعامدار کو ایک اچھے ہدایت کار کے طور پر بھی پہچان ملی۔۱۳؍مارچ ۱۹۹۶ءکو شفیع انعامدار کو ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل میچ دیکھتے ہوئے دل کا دورہ پڑا اور ۵۰؍سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔
شفیع نے زیادہ تر فلموں میں ایک عام آدمی کا کردار ادا کیا۔ ٹی وی سیریل ’یہ جو ہے زندگی‘کی بات کریں تو یہ ۸۰ءکی دہائی میں دور درشن پر ٹیلی کاسٹ ہوا کرتا تھا اور ہر گھر میں مقبول تھا۔ یہ شو اتنا مشہور ہوا کہ اس نے فلموں کے کاروبار کو متاثر کرنا شروع کر دیا کیونکہ یہ جمعہ کی رات کو نشر ہوتا تھا۔ یہ ٹی وی سیریل اتنا ہٹ ہوا کہ ۶۱؍ ایپیسوڈ تک چلا، جبکہ عام طور پر ایک سیریل زیادہ تر ۲۵؍ہفتوں تک چلتے تھے۔ ٹی وی پر ان کی آخری پرفارمنس سیریل’ تیری بھی چپ میری بھی چپ‘ میں تھی ۔ شفیع انعامدار نے بھکتی بروے سے شادی کی تھی۔ شفیع ایسے اداکار تھے جنہوںنے مختصر عرصے تک کام کیا لیکن لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے اپنی جگہ بنا لی ۔