Inquilab Logo

شیئربازار ۵؍ماہ کی نچلی سطح پرپہنچا،اڈانی گروپ کو مزید نقصان

Updated: March 15, 2023, 12:25 PM IST | Mumbai

اڈانی انٹرپرائزیس کے حصص کی قیمت ۷ء۷؍ فیصد گھٹ گئی، بقیہ ۹؍ کمپنیاں بھی گراوٹ کا شکار ہوئیں، امریکی بینکوں کے دیوالیہ ہونے سے بازار بری طرح متاثر

The fall in the stock market is the result of the bankruptcy of the American bank.
شیئر مارکیٹ میں گراوٹ امریکی بینک کے دیوالیہ ہونے کا نتیجہ ہے۔

 امریکہ کے سلی کون ویلی بینک (ایس وی بی) بحران سے عالمی بازار میں گراوٹ کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ منگل کو لگاتار چوتھے کاروباری دن جاری رہا۔ شیئر بازار منگل کو ۳۳۷؍ کی گراوٹ کے  ساتھ ۵۷؍ ہزار ۹۰۰؍ پر پہنچ گیا۔ نفٹی بھی ۱۱۱؍ پوائنٹ نیچے گر کر۱۷؍ ہزار ۴۳؍ پر بند ہوا ہے۔سینسیکس میں  ۳۰؍ شیئروں میں سے ۲۷؍ شیئر گراوٹ کا شکارہوئے صرف ۷؍ شیئر وں میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔ گراوٹ   کی اس لہر نے پہلے ہی سے بے حال اڈانی گروپ کے شیئرس کو مزید نیچے پہنچا دیا ہے۔ اڈانی گروپ کی سرپرست  (فلیگ شپ) کمپنی  اڈانی انٹر پرائزیز  کے شیئر کی قیمتوں میں  ۷ء۷۰؍فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔  گروپ کی بقیہ ۹؍ کمپنیوں کے شیئر بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اوران کی قیمتوں میں بھی کمی درج کی گئی ہے۔ 
شیئر بازار ۵؍ ماہ کی نچلی سطح پر 
     اسٹاک مارکیٹ منگل کو  ۵؍ماہ کی  نچلی سطح پر پہنچ گیا۔  بی ایس ای کا۳۰؍ شیئرز پر مشتمل حساس انڈیکس ’سینسیکس‘۳۳۷ء۶۶؍پوائنٹس یا۰ء۵۸؍فیصد گر کر پانچ ماہ کی نچلی  سطح پر اور۵۸؍ ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح سے نیچے ۵۷؍ ہزار ۹۰۰ء۱۹؍  پوائنٹس پر بند ہوا۔   پچھلے سال۱۳؍ اکتوبر کو یہ ۵۷؍ہزار  ۲۳۵ء۳۳؍ پوائنٹس پر تھا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۱۱۱؍ پوائنٹس یعنی ۰ء۶۵؍ فیصد گر کر  ۱۷؍ ہزار  ۴۳ء۳۰؍ پوائنٹس پر آگیا۔
 اوسط اور چھوٹے  اسٹاک میں بھی فروخت کا رجحان
 منگل کوبی ایس ای کے درمیانی اور چھوٹے کیپ اسٹاک میں بھی زبردست فروخت ہوئی، مڈ کیپ۰ء۴۶  فیصد گر کر۲۴؍ہزار ۵۸ء۵۵؍ پر اور اسمال کیپ۰ء۸۴؍ فیصد گر کر۲۷؍ہزار  ۱۴۲ء۶۳؍  پر آگیا۔ اس عرصے کے دوران بی ایس ای پر کل۳؍ ہزار  ۶۳۰؍ کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے۲؍ ہزار ۳۴۹؍ میں کمی او ایک ہزار ۱۷۹؍ میں اضافہ  ہوا  جبکہ۱۰۲؍میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح این ایس ای میں۳۸؍ کمپنیاں  سرخ  نشان پر جبکہ باقی۱۲؍سبز نشان پر رہیں۔
اڈانی گروپ کو نقصان
 اڈانی گروپ جو ہنڈن برگ رپورٹ  کے آنے کے بعد  سے مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور خود کو سنبھالنے کی  ناکام کوششیں کررہاہے، کو بازار میں فروختگی کے رجحان کی وجہ سے مزید نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کی ۱۰؍ کمپنیوں میں سے کسی بھی کمپنی کے شیئر کی قیمتوں  میں   اضافہ ہوا، نہ وہ مستحکم رہ سکیں۔ فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹر پرائزیز کے حصص جہاں ۷ء۷۰؍فیصد گرے وہیں  اڈانی پورٹس کے شیئرز کی قیمت ۴ء۰۷؍ فیصد گھٹ گئی۔   اڈانی  وِلمر، پاور، ٹوٹل گیس اور این ڈی ٹی وی  کے شیئرز کی قیمتوں میں بھی کم وبیش ۵-۵؍ فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ گروپ کے کم متاثر ہونے والی کمپنیوں اڈانی گرین اینرجی کی قیمت ۰ء۶۷؍فیصد،  اے سی سی کی قیمت ۱ء۵۸؍ فیصد  اور امبوجا سیمنٹ  کے شیئرز کی قیمت۳ء۹۱؍ فیصد کم ہوئی۔

sharebazar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK