Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ کی آواز دبائی جارہی ، دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا چاہئے:کھرگے

Updated: June 24, 2026, 11:03 PM IST | New Delhi

اروندکیجریوال نے بھی پردھان کی مذمت کی اور طلبہ کی حمایت کی

Protesters at Jantar Mantar have placed posters and banners like this on the ground
جنترمنتر پرمظاہرین نے زمین پر اس طرح پوسٹر اور بینر بچھارکھے ہیں

مرکزی حکومت پر طلباء کی آواز کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیپر لیک ہونے کے واقعات سے کروڑوں طلباء کا مستقبل متاثر ہوا ہے، لیکن حکومت طلباء کی تشویش کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
  کھرگے نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ملک میں۹۰؍ پیپر لیک ہوئے ہیں اوراس باعث کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دھرمیندر پردھان طلبہ کی آواز کودہشت گردبتا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت سے سوال کرتا ہے، اسے غدار یا ملک مخالف قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ’چھاتروں کی گونج‘ پورے ملک میں بلند ہوگی اور کانگریس طلبہ اور نوجوانوں کے مفادات کی لڑائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ طلبہ میں بڑھتے ہوئے غصے کے پیشِ نظر وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔
 عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے الزام لگایا ہے کہ پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے دہلی آنے والے وہ طلبہ، جنہوں نے جنتَر منتر پر پیپر لیک کے خلاف مظاہرہ کیا، انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ انہیں ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے والا قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تحریک کو کمزور اور بدنام کرنے کے لیے انہیں ملک دشمن قرار دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کی جانب سے ان طلبہ کو ’’ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے والے‘‘کہنے کے بیان پر اروند کیجریوال نے سخت اعتراض کرتے ہوئے جواب دیا ہے۔کیجریوال نے ایکس پوسٹ میں  کہا’’’’اتنا غرور؟ پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے معصوم بچے ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں، اور آپ ان کا مستقبل برباد کرکے ملک کو بچا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت میں کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپر لیک اربوں اور کھربوں روپے کا کاروبار بن چکا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK