Inquilab Logo

مسلم فریق کو کامیابی، گیان واپی مسجد کے سروے کی میڈیا رپورٹنگ پر روک

Updated: August 11, 2023, 10:02 AM IST | varanasi

وارانسی ضلع عدالت نے میڈیا کو پابند کیا کہ وہ سروے کی رپورٹنگ سے باز رہےورنہ سخت کارروائی کی جائے گی ،اے ایس آئی کے افسران کو بھی وارننگ

Officials of the Department of Archeology are standing in a queue to enter the Gyan Vapi Masjid. (PTI)
محکمہ آثار قدیمہ کے اہلکار گیان واپی مسجد میں داخل ہونے کیلئے قطار لگاکر کھڑے ہیں۔(پی ٹی آئی )

یہاں واقع گیان واپی مسجد احاطے کے اے ایس آئی سروے کے دوران وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ نے میڈیا کو پابند کیا ہے کہ وہ سروے کی ’اسپاٹ رپوٹنگ‘ سے باز رہے۔ ساتھ ہی اے ایس آئی کے افسران کو بھی  ہدایت دی ہے کہ وہ سروے کے کسی بھی نکتے کو کسی سے شیئر نہ کریں ۔یہ حکم ڈسٹرکٹ جج اجئے کرشنا وشویش نے انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کی جانب سے داخل کی گئی عرضی پر دیا۔
  اس بارے میںانجمن کے وکیل محمد توحید خان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جج اجئے کرشن وشویش نے مساجد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے گیان واپی مسجد احاطے کی ایس آئی سروے کی میڈیا رپورٹنگ پر پابندی لگانے سے متعلق عرضی کو سنا۔عرضی میں اس حوالے سے میڈیا کے ذریعہ افواہ پر مبنی رپورٹنگ کرنے کا بھی حوالہ دیا گیا تھا۔توحید خان نے بتایا کہ عرضی میں کہا گیا تھا کہ اے ایس آئی سروے عدالت کے فیصلہ پر کیا جارہا ہے۔اے ایس آئی ٹیم اور نہ ہی کسی افسر نے اس حوالے سے کوئی بیان دیا ہے باجود اس کے جھوٹی اور گمراہ کن خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں اور اخباروں میں شائع  ہو رہی ہیں نیز  ٹی وی چینل پر ٹیلی کاسٹ کی جارہی ہیں۔
 ہندو فریق کے وکیل سبھا نندن چترویدی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جج نے ہدایت دی ہے کہ اے ایس آئی سروے کی کوئی بھی بات میڈیا میں شیئر نہ کی جائے۔ ساتھ ہی اے ایس آئی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گیان واپی مسجد سے متعلق کوئی بھی اطلاع میڈیا کو نہ دیں۔ہندو فریق کے ایک دیگر وکیل مدن موہن یادو نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ میڈیا گیان واپی احاطے کی اسپاٹ رپورٹنگ نہ کرے اور اے ایس آئی ٹیم کے اراکین میڈیا سے کوئی انفارمیشن شیئر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جج نے مزید ہدایت دی ہے کہ اے ایس آئی سروے کی کوئی بھی فائنڈنگ سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائے کیونکہ اس سے نقض امن کا خطرہ ہوسکتا ہے۔انجمن نے اپنی عرضی میں عدالت سےمیڈیا رپوٹنگ روکنے کی اپیل کی تھی ۔  

 

gyanvapi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK