Inquilab Logo

بہار اسمبلی میں تیجسوی یادو کا نتیش کمار پر تیکھا طنز

Updated: November 28, 2020, 3:32 AM IST | Patna

انتخابی ریلیوں کے دوران نتیش کمار کے ذریعے لالو پرساد یادو کی اولادوں پر طنز کا جواب تیجسوی نے ایوان میں دیا، نتیش کمار آپے سے باہر ہو گئے ، بی جے پی لیڈران بھی لعن طعن کرنے لگے لیکن تیجسوی اپنے بیان پر قائم رہے ۔

Tejaswi yadav and Nitish Kumar. Photo: INN
تیجسوی یادور اور نتیش کمار۔ تصویر: آئی این این

بی جے پی اور جے ڈی یو لیڈران عام طور پر دوسروں پر ذاتی حملے کرنے سے نہیں چوکتے لیکن اگر کوئی انہیں انہی کی زبان میں جواب دے دے تو برافروختہ ہو جاتے ہیں ۔ یہی کچھ ہوا بہار اسمبلی میں جہاں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو نے نتیش کمار جوابی حملہ کرتے ہوئے لطیف طنز کیا کیا بی جے پی اور جے ڈی یو لیڈران کے تلوئوں سے لگی اور سر پہ بجھی۔ یہاں تک کہ ہمیشہ شانت رہنے والےنتیش کمار بھی تھوڑی دیر کے لئے آپے سے باہر ہو گئے تھے۔معاملہ کچھ یوں ہے کہ جب تیجسوی یادو بولنے کے لئے کھڑے ہوئے تو انہوں نے یاد دلایا کہ انتخابی ریلیوں کے دوران نتیش کمار ان کے والد لالو پرساد یادو کی ۹؍ اولادوں پر بار بار طنز کررہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ لالو جی کو بیٹی پر بھروسہ نہیں تھا اور اسی لئے بیٹے کے لالچ میں انہوں نے ۹؍ بچے پیدا کرلئے۔ تیجسوی نے مزید کہا کہ لیکن نتیش کمار بھول گئے کہ ہمارے گھر میں آخری بچہ بیٹی ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔ اس کے بعد تیجسوی نے جو کہا اس سے نتیش کمار بھی تلملا گئے اور بی جے پی کے لیڈران بھی چراغ پا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ کیا نتیش کمار نے ایک لڑکے کے بعداس لئے اولاد پیدا نہیں کی کہ انہیں بیٹی پیدا ہونے سے ڈر لگتا تھا ۔ اس بیان کے بعد تو ایوان میں ہنگامہ شروع ہو گیا۔ دونوں طرف سے نعرے بازی ہونے لگی۔ 
  ادھر نتیش کمار بھی ابل پڑے ۔ انہوں نے تیجسوی کے بیان پرایوان میں ہی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ انہیں اپوزیشن لیڈر کس نے بنادیا ؟ یہ اس طرح کی بکواس کیسے کرسکتے ہیں ؟ صرف جھوٹ بولنے اور اسے بڑا کرکے بتانے سے حقیقت نہیں چھپ جاتی ۔ میں اب تک صرف اس لئے انہیں سن رہا تھا اوربرداشت کررہا تھا کیوں کہ یہ میرے بہت قریبی دوست جو میرے بھائی جیسے بھی ہیں ، کے فرزند ہیں ۔‘‘ نتیش کمار نے مزیدکہا کہ کیا تیجسوی جانتے ہیں کہ ان کے والد کو اسمبلی میں لیڈر کس نے بنایا تھا ؟ کیا یہ نہیں جانتے کہ انہیں نائب وزیر اعلیٰ کس نے بنایا تھا ؟ ہم نے صرف ان سے کرپشن کے معاملات پر صفائی مانگی تھی جو انہیں ملی اس لئے ہم نے ۲۰۱۷ء میں ان سے ناطہ توڑ لیا تھا لیکن یہ اب بھی اسی بات کو لے کر بیٹھے ہیں ۔ نتیش کمار کے بیان کے بعد خود اسپیکر نے تیجسوی کو تلقین کرنی شروع کردی کہ وہ ایسے ذاتی حملہ نہیں کرسکتے انہیں معافی مانگنی چاہئے لیکن تیجسوی نے انکار کردیا۔ اس پر جب ہنگامہ بڑھا تو اسپیکر نے تیجسوی کے بیان کے مذکورہ بالا حصہ کو کارروائی سے حذف کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے بعد ہی بی جے پی اور جے ڈی یو لیڈران خاموش بیٹھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK