Inquilab Logo

یوپی پنچایت الیکشن کے نتائج کےبعد حالات کشیدہ

Updated: May 07, 2021, 12:32 PM IST | Agency/Maqsood Ahmed Azami | Azamgarh/Bareilly

نتائج کے اعلان کے بعد کئی مقامات پر قتل تک کی نوبت آگئی ، کچھ مقامات پر خونیں تصادم بھی ہوا۔ کہیں کہیں حالات کو قابو میں کرنے کیلئے پورا گاؤں پولیس چھاؤنی میں تبدیل۔بریلی میںنومنتخب بی ڈی سی کی بھابھی کاپیٹ پیٹ کر قتل۔ اعظم گڑھ میں ۲؍ افراد کا قتل ہوا جبکہ مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

ترپر دیش کے اعظم گڑ ھ ،بریلی اور دیگر اضلاع میں پنچایت انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد  سےحالات انتہائی کشیدہ ہیں ۔  بریلی ضلع میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انتخابی رنجش کے سبب نو منتخب بی ڈی سی ممبر کی بھابھی کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔قبل ازیں اعظم گڑھ میں ۲؍افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔ 
 بریلی ضلع کی واردات میں فریقین میں لاٹھی، ڈنڈےاور دھار دار ہتھیار سے چلے۔ خونیں تصادم ہوا اور دونوں طرف سے تقریباً ۱۰؍ افراد زخمی ہو گئے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے فریقین سے ۶؍ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ گاؤں میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کو مامور کیا گیا ہے۔
 پولیس افسر دیہات راج کمار اگروال نے جمعرات کو بتایا کہ پنچایت الیکشن کی رنجش کے سبب فریقین میں لڑائی ہوئی ہے جس میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے۔  تھانہ بھوتا میں ملزمین کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے۔
 اطلاعات کے مطابق بریلی کے تھانہ بھوتا کے گاؤں بھنڈاریا میں انتخابی رنجش میںنومنتخب بی ڈی سی مینا دیوی کی بھابھی گیتا (۴۰) کو گاؤں ہی کے پردھان منیش گنگوار اور بی ڈی سی امیدوار یوگیندر اور دیگر افراد نے گھر میں گھس کر لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مینا کے شوہر چھترلال نے بتایا کہ پنچایتی الیکشن میں بھنڈاریا بھگناپور سے ان کی بیوی مینا دیوی بی ڈی سی کے عہدے کے لئے گاؤں ہی کے مُنیش کے خلاف کھڑی ہوئی تھی۔ مینا دیوی بی ڈی سی کا الیکشن جیت گئی۔ اسی بات سے ناراض منیش اور دیگر افراد ان کے گھر میں گھس گئے اور لاٹھی ڈنڈوں سے ان کے اہل خانہ کو مارنے لگے۔ اس حملے میں ان کی بھابھی گیتا کو ملزموں نے اتنی بے رحمی سے زد و کوب کیا کہ اسپتال لے جاتے وقت ان کی موت ہو گئی۔ چھترپال نے بتایا کہ اس جھگڑے میں اس کی بیوی بی ڈی سی ممبر مینا کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔ چھترپال نے یہ بھی بتایا کہ اس کی بھابھی نے مینا کے بی ڈی سی منتخب کروانے میں بہت دلچسپی لی تھی۔ اس کی کامیابی میں  بھابھی گیتا کا خصوصی کردار تھا۔
 اسی دوران سہ رخی انتخابات کےبعد اعظم گڑھ ضلع کے حالات اچھے نہیں ہیںجہاں فاتح امیدوار اور شکست خوردہ امیدواروں کے مابین کئی مقامات پر خونیں جھڑپ ہوئیں ۔بردہ تھانہ علاقہ کے اسحاق پور گاؤں میں گھر میں گھس کر  خاتون کا  قتل کردیا گیا جبکہ ایک اورخاتون کوبھی گولی لگنے سے زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایاگیا۔  بردہ تھانہ علاقہ کی اسحاق پور میں منگل کو انتخابی رنجش میںگولی مار کر خاتون کا قتل کردیا گیاجبکہ ایک خاتون گولی لگنے سے شدید طورسے زخمی ہوگئی، وہ علاج کیلئے  اسپتال میں داخل کرائی گئی ہے۔ ضلع کے اعلیٰ افسران نے خبر ملتے ہی موقع پر پہنچ کر حالات کو کسی طرح قابو میں کیا۔ واضح رہےکہ اسحاق پورمیں  راج بھر بستی کے اشوک اور پرمود دونوں نے پردھان عہدے کے امیدوار کے طور پر قسمت آزمائی تھی۔ اشوک کو پردھانی میں فتح حاصل ہوئی تھی۔ اس کے بعد بستی میں کشیدگی کا ماحول  تھا کہ منگل کی دیر شام اشوک راج بھر کے حامیوں نے پرمود کے گھر میں داخل ہو کر گولی چلادی جس میںپرمود کی اہلیہ پونم راج بھر کی موقع ہی پر موت ہوگئی اور بجھارت کی بیٹی پریتی راج بھر شدید طور پر زخمی ہوگئی ہے۔ گولی پریتی کے گلے میں لگی ہوئی تھی۔
  دوسری جانب بدھ کو مینہہ نگر کے سیررا گاؤں میں تقریباً ساڑھے ۷؍بجے بنشراج وشوکرما اپنے گھر سے کلکتہ جانے کیلئے سامان لے کر اپنے پڑوسی رام سموجھ کے ساتھ کھریہانی جارہے تھے کہ گاؤں کے راستے ہی پر الیکشن ہار نے والے سبھاش چوہان اور ان کے ۱۵؍سے زائد حامیوں نے رام سموجھ پر حملہ کر دیا۔ شور سن کر رام سموجھ کے لڑکے اشونی، ہری اوم اور لڑکی اندر کلا بچانے گئے تو انہیں بھی مارپیٹ کر زخمی کردیا گیا۔ اس درمیان لاٹھی ڈنڈے اور پتھر سے حملہ میں مٹھائی ، راج کنور، دیواکر، شبھم چوہان، سروجیت اور نہوری چوہان کو بھی چوٹیں آئیں جبکہ دوسرے فریق کے سریندر، ببلو، ونودھی، گڈو، وجئی چوہان سمیت دونوں جانب کے۲۰؍ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر انچارج مینہہ نگر سنیل چند تیواری نے بتایا کہ حالات پوری طرح قابو میں ہیں اور سبھی زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اطلاع موصول ہونے پر سی او لال گنج منوج کمار رگھونشی بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔  واضح رہے کہ مذکورہ گاؤں میں الیکشن میں شیلا چوہان کے شوہر راجیش چوہان نے اپنے قریبی حریف سبھاش کو ۶۱ ؍ ووٹوں سے شکست دے دی تھی۔ ووٹ شماری کے بعد ہی تنازع ہوا تھا اور  اس کے بعد ہی فریقین نے ایک دوسرے کو دیکھ لینے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس کئی لوگوں کو حراست میں لے کر تفتیش کر رہی ہے۔ 
  اس سے قبل بسہی اقبالپور میں بھی پردھانی الیکشن کےنتائج کے بعد مارپیٹ میں کئی افراد زخمی ہوگئےجس میں پردھان محمد صالح سمیت ۶؍ افرادزخمی ہوئے تھے۔ اس گاؤں میں حالات آج بھی کافی کشیدہ ہیں۔ 
 اسی طرح جین پور کے انجان شہید میں پردھانی الیکشن  کے سبب مارپیٹ ہوچکی ہے جس میں ایک کی موت اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔ پنچایتی انتخابات کے بعد  مارپیٹ میں اضافہ کے سبب پولیس سرگرم تو ہے لیکن مارپیٹ کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور  بدھ کو مینہہ نگر میں بھی مار پیٹ میں۲۰؍ افراد شدید طور پر زخمی ہوچکے ہیں۔ ایسے میں عوام کے اندر خوف ہے کہ پھر کوئی واردات نہ ہو جائے ۔ عوام کاکہنا ہے کہ  اگر وقت رہتے پولیس سخت نہیں ہوئی تو گاؤں کے گاؤں انتخابی رنجش کا اکھاڑا بن سکتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK