Inquilab Logo

تھانے : ’نوکیش کاؤنٹر‘ والاماتوشری گنگوبائی سمبھاجی شندے میونسپل اسپتال شروع

Updated: May 07, 2022, 2:02 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اس اسپتال میںشہریوں کو علاج کی جدید سہولتیں مہیا کی گئی ہیں ۔افتتاح کے موقع پر تھانے کے نگراں وزیر نے کہا کہ غریبوں کا میڈیکل ٹیسٹ اور علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔۲؍ ایمبولنس، ٹی بی سے متعلق ایپ اور ہائی رائز فائر فائٹنگ وہیکل کا بھی افتتاح کیا

Eknath Shinde and other dignitaries at the inauguration of the hospital.
اسپتال کے افتتاح کے موقع پرایکناتھ شندے اور دیگرمعزز افراد۔

یہاںکے واگلے اسٹیٹ کے سری نگر علاقے میں  جدید ترین  علاج اور سرجری کی سہولیات کے ساتھ ’ماتوشری گنگوبائی سمبھاجی شندے اسپتال‘ کا افتتاح گزشتہ دنوں شہری ترقیات  کے ریاستی وزیر  وزیر ایکناتھ شندےجو تھانے کے نگراں وزیر بھی ہیں، کے ہاتھوں ہوا۔ اس اسپتال کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کوئی کیش کاؤنٹر نہیں ہے اور شہری ترقیات اور تھانے کے نگراں وزیر کا دعویٰ ہے کہ اس اسپتال میں سرکاری اسکیم کے تحت مرض کی تشخیص اور علاج  بالکل مفت کیا جائے گا۔ اس اسپتال کو اپنی نوعیت کا ریاست کا پہلا میونسپل اسپتال قرار دیا گیا ہے۔ اس اسپتال کے شروع ہونے سے  امید ہے کہ غریب  اور عام شہریوں کو مشہور نجی اسپتالوں کی طرح یہاں بھی جدید طریقۂ  علاج  میسر آ سکے گا۔یہ اسپتال تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی ) کے چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال اور پلاٹینم اسپتال پرائیویٹ لمیٹڈ  کے تعاون سے قائم کیا گیاہے۔ اسی کے ساتھ ریاستی وزیر نے ٹی بی سے پاک تھانے کیلئے ایک ایپلی کیشن اور کثیر منزلہ عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری راحتی کام کیلئے  ہائی رائز فائر فائٹنگ وہیکل کا بھی افتتاح کیا ۔
ٹیسٹ اور علاج مفت کرنے کا دعویٰ 
 تھانے کے نگراںوزیر ایکناتھ شندے نے کہا کہ اس اسپتال کے ذریعے سری نگر اور واگلے  اسٹیٹ علاقے کے شہریوں کو علاج کی جدید ترین سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پلاٹینم اسپتال کے تعاون سے اس جگہ پر۱۰۰؍بیڈ فراہم کئے گئے ہیں۔اسپتال  میں جدیدطریقہ علاج اور سرجری کی سہولت ہو گی اور عارضہ قلب کاٹیسٹ اور علاج : کارڈیو ویسکولر اسکریننگ اور علاج، یورولوجی اور دیگر طبی خدمات بھی مہیا کرائی جائیں گی۔  اس اسپتال میں مہاتما جیوتی با پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت مریضوں کا ’نو کیش کاؤنٹر‘ سسٹم کے تحت مفت علاج کیا جائے گا۔ پری سرجری او پی ڈی خدمات اور میڈیکل ٹیسٹ بھی مفت فراہم کئےجائیں گے جس سے مقامیافراد کو کافی فائدہ ہوگا۔
 میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما نے کہا کہ واگلے اسٹیٹ اور آس پاس کے علاقوں کے شہریوں کو سپر اسپیشلٹی طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اسپتال میں جدید ترین طبی آلات اور آپریٹنگ تھیٹر قائم کئے گئے ہیں۔  انہوںنے کہا کہ’’نگراں وزیرایکناتھ شندے کی رہنمائی میں ہم تمام تھانے کے شہریوں کو جدید طریقے سے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ پرعزم رہیں گے۔‘‘
 اس ضمن میں تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )کے ڈپٹی میونسپل کمشنر ( ہیلتھ) منیش جوشی سے   مفت علاج سے متعلق مزیداستفسار کرنے پرانہوںنے بتایا کہ اس اسپتال  میں ’مہاتما  جیوتی با پھلے جن آروگیہ یوجنا‘ کے تحت علاج ہو گا اور اس  اسکیم کے تحت غریب اور متوسط طبقے کے لو گ بھی علاج کروا سکیں گے کیونکہ اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے آمدنی کی قید نہیں رکھی گئی ہے۔‘‘
  ممبرا کے اسپتال کے تعلق سے استفسار کرنے پر مذکورہ افسر نے محض اتنا کہا کہ وہا ں بھی یہ اسکیم نافذ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ یہ کہہ کر انہوں نے فون منقطع کر دیا۔
  ماتوشری گنگوبائی سمبھاجی اسپتال کی افتتاحی  تقریب میں ایکناتھ شندے  کے ساتھ لتا ایکناتھ شندے اور سمبھاجی شندے  موجود تھے۔ ان کے علاوہ ایم پی راجن وچارے، ڈاکٹر شری کانت شندے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما، سابق میئر نریش گنپت مہسکے، سابق میئرمیناکشی شندے، سابق کارپوریٹر سندھیا مورے، سابق کارپوریٹر رام ریپالے، دلیپ برٹکے، گرومکھ سنگھ سان، کارپوریٹر پرکاش شندے، یوگیش جانکر، ایڈیشنل کمشنر (۱) سندیپ مالوی، ڈپٹی کمشنر منیش جوشی، ڈپٹی کمشنر شنکر پاٹولے، میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بھیم راؤ جادھو، پلاٹینم اسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر بھیم راؤ جادھو، اسپتال کے ڈاکٹر سنجیت پال، سو،  ڈاکٹر پرینکا پال، چھترپتی شیواجی مہاراج ۱سپتال کی ڈین بھور، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رانی شندے اور ڈاکٹر پرساد پاٹل بھی موجود تھے۔
کارڈیئک ایمبولنس  کا افتتاح
 دریں اثناء آئی سی آئی سی آئی بینک نے تھانے میونسپل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو سی ایس آر فنڈ سے بچوں کیلئے ایک پیڈیاٹرک اور بالغوں کیلئے کارڈئیک ایمبولنس فراہم کی ہےجن کا افتتاح بھی نگراں وزیر ایکناتھ شندے کی سرپرستی میں اور معززافراد کی موجودگی میں کیا گیا۔  ان ایمبولنس  سے شدید بیمار مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں اسپتال پہنچانے میں مدد مل سکے گی۔
ٹی بی کی معلومات سے متعلق  ایپ
 تھانے میونسپل کارپوریشن  میں ٹی بی(تپ دق) کے مریضوں کی 

 

جلد صحت یابی  اور شہر کو ٹی بی سے پاک کرنے کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن کے ذریعے تپ دق کے مریضوں کے لیے’ ٹی بی فری ایپ ‘  تیار کیا گیا ہے۔  شہری انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ایپ کو بنانے والی تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )ریاست کا پہلا شہری انتظامیہ ہے۔ ٹی ایم سی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ شہری انتظامیہ کے ذریعےان مریضوں کی تشخیص اور علاج مفت کیا جا رہا ہے۔
قریبی ڈاٹ سینٹر کی معلوم بھی دستیاب ہوگی  
 اس ایپ کا افتتاح بھی ایکناتھ شندے نے کیا۔ اس ایپ کے ذریعے تھانے میونسپل لیبارٹری سے ٹی بی ٹیسٹ کی رپورٹ تیار ہوتے ہی رپورٹ  متعلقہ مریض کے موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے فوراً دستیاب ہوگی ۔ اس کے علاوہ مریض کی ٹیسٹ رپورٹ، تھانے میونسپل کارپوریشن سے مریض کی طرف سے لی جا رہی دوائیوں کے بارے میں معلومات، قریب ترین  تھانے میونسپل کارپوریشن کے  ٹی بی کے مفت علاج کے مرکز(ڈاٹ سینٹر) کے بارے میں معلومات  بھی دستیاب ہو گی۔
  تھانے میونسپل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ پرائیویٹ میڈیکل پریکٹیشنرس بھی تھانے میونسپل کارپوریشن میں زیر علاج ٹی بی کے مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹس دیکھ سکیں گے۔
 مریض مذکورہ ایپ پر تپ دق کی جانچ اور علاج کے فالو اپ نوٹیفکیشن الرٹس کے ساتھ ساتھ اس مرض سے متعلق آگاہی  اور ویڈیوز بھی دیکھ سکیں گے۔
تھانے فائر بریگیڈ میں ہائی رائز فائر فائٹنگ گاڑی
 تھانے شہر میں کثیر منزلہ عمارتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تھانے فائر بریگیڈ کے گاڑیوں کے بیڑے میں ایک نئی جدید ترین `’ہائی رائز فائر فائٹنگ وہیکل‘ شامل کی گئی ہے۔ ایکناتھ شندے نے امید ظاہر کی ہے کہ  بالکم فائر اسٹیشن پران فائر گاڑیوں کی شمولیت سے فائر ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK