Inquilab Logo

شہر میں میٹرو کیلئے بند راستے جزوی طور پر کھول دیئے گئے

Updated: April 17, 2023, 10:33 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کف پریڈ پر جی ڈی سومانی روڈ، سات راستہ کے قریب آگری پاڑہ اور دھاراوی میں بیریکیڈ ہٹائے گئے۔ گاڑی والوں کو راحت

It is from Agripara, where the barricades installed for the metro construction work have been removed from the road.
آگری پاڑہ کی ہے جہاں سڑک سےمیٹروکے تعمیراتی کام کیلئے لگائے گئے بیریکیڈ ہٹادیئے گئے ہیں۔

   میٹرو- ۳؍ کی تعمیر کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں جزوی یا مکمل طور پر بند کئے گئے راستے اب آہستہ آہستہ کھولے جارہے  ہیں جس سے شہریوں اور گاڑی والوںکو آمدورفت میں راحت مل رہی ہے۔ 
 کف پریڈ میں میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کیلئے بند کیا گیا جی ڈی سومانی روڈ گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے سنیچر کو کھول دیا گیا  ۔ اس کے علاوہ فورٹ (ڈی این روڈ)، آگری پاڑہ اور دھاراوی میں واقع ’ٹی جنکشن‘   سے بھی میٹرو لائن کی تعمیر کیلئے لگائے گئے بیریکیڈ کو جزوی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔اگرچہ آگری پاڑہ، دھاراوی اور فورٹ پر واقع ڈی این روڈ  سے بیریکیڈ کو کئی روز قبل ہی جزوی طور پر ہٹا دیا گیا تھا لیکن ممبئی میٹرو ریل انتظامیہ نے کف پریڈ کی سڑک کو کھولنے کی اطلاع عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعہ دی   ۔ اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ کف پریڈ میں سڑک بند کرنے کی مقامی افراد سخت مخالفت کررہے تھے حتیٰ کہ ۲۰۱۷ء میں انہوں نے بامبے ہائی کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا تھا۔
 عدالت سے رجوع ہونے والے اس علاقے کے مکین نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ تاج ویوانتا ہوٹل سمیت کُل ۴؍ فلک بوس عمارتوں میں جانے کے لئے جو واحد سڑک ہے،  وہ ۴۰؍ فٹ چوڑی اور تقریباً ۲۵۰؍ میٹر طویل ہے لیکن ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن نے اس سڑک پر بیریکیڈ لگاکر اس کی چوڑائی ۲۰؍ فٹ سے بھی کم کردی ہے اور انہیں یہ بتایا گیا ہے کہ اسے مزید کم کرکے ۱۰؍ فٹ تک کردیا جائے گا۔ عرضی گزار کا کہنا تھا کہ اس طرح اس سڑک پر  فائربریگیڈ اور ایمبولنس جیسی گاڑیوں کا پہنچنا دشوار ہوجائے گا اور ایمرجنسی حالات میں یہاں کے مکینوں کی جان کو  خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ البتہ کئی دنوں کی سماعت اور میٹروریل  انتظامیہ کی ذمہ داری پر بالآخر عدالت نے تعمیراتی کام جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔اگرچہ ابتداء میں یہاں کی سڑکوں کو ۵؍ ماہ کیلئے بند کرنے کا انتباہ دیا گیا تھا لیکن تقریباً ۴؍ برس بعد اس سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھولا گیا ہے۔
 ممبئی سینٹرل سے سات راستہ کی طرف جانے والی سڑک کو زیر زمین میٹرو کے کام کی وجہ سے جزوی طور پر بند کردیا گیا تھا۔ جس حصہ کو بند کیا گیا تھا ، اسے کئی فٹ گہرا کھود دیا گیا تھا لیکن اب یہاں دوبارہ سڑک تعمیر ہوگئی ہے اور اپریل کی ابتداء میں ہی اس حصہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ البتہ سڑک کے درمیانی حصہ پرزمین اب بھی کھدی ہوئی ہے اور اب اس حصہ کو پاٹنے کا کام جاری ہے۔
 دھاراوی کے ٹی جنکشن پر بیریکیڈ اب بھی لگے ہیں لیکن انہیں  کنارے کردیا گیا ہے جس سے سڑک کی چوڑائی میں اضافہ ہوگیا ہے۔  یہی حال فورٹ پر ڈی این روڈ کا ہے جہاں بیریکیڈ ہٹانے سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے چوڑی سڑک دستیاب ہوگئی ہے۔

Agripara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK