Inquilab Logo

نائر ڈینٹل اسپتال کی توسیع شدہ عمارت میں جلد ہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی

Updated: August 18, 2023, 10:14 AM IST | saadat khan | Mumbai

جدید ٹیکنالوجی سےآراستہ نئے اسپتال میں کم فیس اور کم وقت میں دانت کاعلاج کروانا ممکن ہوگا ۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنرنے اسپتال میں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔آئندہ ۲؍ماہ میںباقی کاموںکو مکمل کرنے کی ہدایت دی

Nair Hospital, whose dental college extension building is in progress.
نائراسپتال جس کے ڈینٹل کالج کی توسیع شدہ عمارت کا کام جاری ہے۔

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)کے نائر ڈینٹل اسپتال اینڈ کالج کی نئی توسیع شدہ عمارت سے جلد ہی مریضوں کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کی جائیںگی جن سےیہاں علاج کیلئے آنےوالے مریض سستے  اور کم وقت میں علاج کر واسکیں گے۔ توسیع شدہ عمارت کا کام آخری مرحلے میں ہے ۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر (مغربی مضافات) ڈاکٹر سدھاکر شندے نےگزشتہ دنوں  اسپتال کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عمارت کے باقی  تمام کاموں کو آئندہ ۲؍ مہینے  میں مکمل کرنے کی ہدایات بھی دی۔ 
 ممبئی سینٹرل پر نائر ڈینٹل اسپتال اینڈ کالج میںبڑی تعداد میں مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔ یہاںروزانہ  اوسطاً ساڑھے ۳؍تا ۴۰۰؍ مریض علاج کرواتے ہیں۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید سہولیات کیلئے ۲۰۱۸ء میں ۱۱؍منزلہ توسیعی عمارت کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا تھا۔ عبوری طور پرکورونابحران کے دوران لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے کام میں خلل پڑنے سے تعمیراتی کام وقت پر پورا نہیں ہوسکالیکن  دوبارہ شروع ہونےوالا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جواب آخری مرحلے میں ہے۔ 
 ۱۱؍منزلہ عمارت کی پہلی ۶؍ منزلوں پر مریضوں  کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بقیہ اُوپری ۵؍ منزلیں طلبہ کے ہاسٹل کیلئے دی جائیں گی۔ مریضوں اور طلبہ کی سہولت کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ کشادہ کینٹین کھولی جائے گی۔ طلبہ کی سہولت کیلئے ہاسٹل کی سہولت فروری  سے ہی  مہیا کر دی گئی ہے۔ عمارت میں جاری کاموں میں کلینکل ڈپارٹمنٹ، ریڈیالوجی اور طلبہ کیلئے کلاس روم وغیرہ شامل ہیں ۔
  دانتوں کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولت کیلئے جاپان سے جدید ترین پلانٹ نائر اسپتال  پہنچ گیا ہے۔ سی بی سی ٹی پلانٹ کو منہ کے علاج میں جبڑے اور دانتوں کے علاج کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس سے بیماری کی بروقت اور درست تشخیص میں مدد ملے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے انتہائی معمولی قیمت پر علاج ممکن ہوسکےگا۔ نئی خصوصیات جیسے منہ کے کینسر کے علاج کا مرکز، تمباکو کے عادی مریضوں کی اسکریننگ کی سہولیات توسیع شدہ عمارت کے حصے میں شامل کی جائیں گی۔
 امپلانٹولوجی سینٹر مریضوں کے دانتوں کو تبدیل کرنے کیلئے درکار وقت کو کم کر دے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس علاج کی فیس بھی کم ہو جائے گی۔ جن دانت کےمریضوںکو علاج کیلئے پہلے ۷، ۸؍ مرتبہ اسپتال کا چکر لگانا پڑتاتھا،اب ان کا علاج ۲؍رائونڈ میں ہوجائے گا۔ چونکہ امپلانٹولوجی سینٹر کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ اس لئے یہ تمام طریقہ کار کم وقت میں کرنا ممکن ہوگا۔نائر ڈینٹل اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نیلم اندراڈے نے بتایاکہ ’’دانت کے جس علاج پر پہلے ایک لاکھ روپے خرچ ہوتاتھا، اب وہ علاج ۲۵؍ ہزارروپےمیں ہوسکےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK