Inquilab Logo

سویڈن میں اشتعال انگیزی پرمسلم تنظیموں کا غم وغصہ کا اظہار

Updated: January 24, 2023, 11:01 AM IST | Mumbai

رضااکیڈمی کے دفتر میںمنعقدہ میٹنگ میں علماء نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ سویڈن سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کردیں۔ دیگر تنظیموں نے سویڈن حکومت کو ای میل کے ذریعہ میمورنڈم روانہ کیا

The participants of the meeting held at the Raza Academy office have demanded an apology from the Swedish government.
رضااکیڈمی کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کے شرکاء نے سویڈن حکومت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

   اسٹاک ہوم میں  قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شہر کی مسلم تنظیموں  میں سخت ناراضگی اور غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ اس تعلق سے ممبئی کی نمائندہ مسلم تنظیموں نے ایک میمورنڈم سویڈن حکومت کو ای میل کے  ذریعے روانہ کیا گیا جس میں کہا گیاہے کہ   دنیا بھر کو مذہبی رواداری کی نصیحت کرنے والے یورپ کے ایک  ملک سویڈن میں بعض  انتہائی دائیں بازو کی جماعت نے قرآن پاک کی بے حرمتی کر کے بدترین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ ممبئی کے مسلمان اور ان کی نمائندہ جماعتیں  اس  گھناؤنی حرکت کی شدید مذمت کرتی ہیں  اور ملزم کی گرفتاری نیز قرار واقعی سزا کا مطالبہ کرتی ہیں ۔ 
 مسلم تنظیموں نے کہا ہے کہ اس جرم کا ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ اس کا ارتکاب پولیس کے تحفظ میں علی الاعلان کیا گیا  اس لئے  سویڈن کے وزیر اعظم   کی زبانی  مذمت کافی نہیں ہے۔  ہمارا مطالبہ ہے کہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو ایسی  سزا دی جائے کہ مستقبل میں  کوئی  شر پسند اس کا اعادہ کرنے کی جرأت نہ کرسکے۔ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے مذہبی جذبات  کو  اس  اشتعال انگیزی سے ٹھیس پہنچی  ہے۔ ایسی بدبختانہ  کارروائی  کو اظہار  رائے کی آزادی کا جواز فراہم نہیں کیا جاسکتا   ۔ تنظیموں کی جانب سے مزید کہا گیاہے کہ  قرآن کی اس بے حرمتی  نے مغرب کا دوغلا چہر ا بے نقاب ہوگیا ہے۔ اسلام امن کا مذہب ہے اور مسلمان تمام مذاہب کے احترام میں  یقین رکھتے ہوئے نیز اسی کی دوسروں سے توقع کرتے ہیں ۔ مسلمانانِ ممبئی یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مقدس قرآن کی بے حرمتی  کسی صورت  برداشت نہیں کی جائے گی۔  ہم عالمی برادری  پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس طرح کے  اسلاموفوبیااور  تشدد پر اکسانے والی طاقتوں کی پرزور مذمت کرے تاکہ اقوام عالم  کے درمیان  بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کی فضا  قائم رہے ۔
    اسی مفہوم کا ایک خط صدر جمہوریہ ہند، وزیر اعظم ہند اور وزیر خارجہ کو بھی بھیجا گیا جس میں حکومت ہند سے درخواست  کی گئی کہ وہ  اپنے سفارتی ذرائع سے سویڈن کی سرکار پر دباو ڈال کر اس کو اپنی غلطی کا احساس کرائے تاکہ اس طرح کی اشتعال انگیزی کا اعادہ پھر کبھی نہ ہو اور سویڈن حکومت مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے پر مجبور ہوجائے۔ 
   یہ مطالبہ  مولانا محمود دریابادی( جنرل سیکریٹری آل انڈیا علماء کونسل)،مولانا سید اطہر علی( صدر آل انڈیا علماء اسوسی ایشن)،  مولانا ظہیر عباس رضوی( شیعہ کونسل )، مولانا انیس اشرفی(صدر رضا فاؤنڈیشن)، مولانا عبدالجلیل سلفی( جمعیۃ اہل حدیث)،عبدالحسیب بھاٹکر (صدر جماعت اسلامی ممبئی)، فرید شیخ( صدر ممبئی امن کمیٹی) ،  ڈاکٹر عظیم الدین( صدر مومنٹ فور ہیومن ویلفیئر)، سلیم موٹر والا(منیجنگ ٹرسٹی بسٹ ٹرسٹ )، شاکر شیخ ،سرفراز آرزو اور شادان صدیقی نے کیا ہے۔
 دریں اثناء  پیر کو رضا اکیڈمی کے دفتر میں  تنظیم کے سربراہ  محمد سعید نوری ( نائب صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء) کی صدارت میں علمائے اہلسنت کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ۔ اس موقع پر محمد سعید نوری نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم قرآن پاک کی توہین ہرگز برداشت نہیں کر سکتے اس کیلئے چاہے ہمیں اپنی جانیں قربان کرنی پڑے۔‘‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’’سویڈن کی یہ کوئی پہلی حرکت نہیں اس نے اس سے پہلے بھی اس طرح کی مذموم حرکت کی ہے ۔ہم حکومت ہند کے ذریعہ سویڈن حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنی گھٹیا حرکت پر مسلمانوں سے معافی مانگے ۔ اگر اس نے ہماری باتوں پر غور نہیں کیا تو ہم اقوام متحدہ میں اس کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔ ‘‘ 
  محمدسعیدنوری کے بقول ’’ ہم مسلم ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سویڈن سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں تاکہ سویڈن حکومت کو دوبارہ ایسی حرکت کرنے کی ہمت نہ ہوسکے۔ 
  واضح رہے کہ اس میٹنگ میں الثقافۃ السنیہ کیرالا سے آئے وفد نے بھی اپنی شرکت کی۔  وفد کے اہم رکن ڈاکٹر فاروق نعیمی نے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن حکومت کے خلاف پوری دنیا کا مسلمان اس وقت سراپا احتجاج ہے ۔ ہم سعید نوری سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ سویڈن حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے اقوام متحدہ سے رجوع ہوں۔مولانا امان اللہ رضا نے کہا کہ ہم سویڈن حکومت کی اس گھناؤنی حرکت سے سخت نالاں ہیں اسے فوراًمعافی مانگنی چاہئے۔

swedan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK